13
آخری تنبیہ اور سلام
1 اب مَیں تیسری دفعہ آپ کے پاس آ رہا ہوں۔ کلامِ مُقدّس کے مطابق لازم ہے کہ ہر الزام کی تصدیق دو یا تین گواہوں سے کی جائے۔
2 جب مَیں دوسری دفعہ آپ کے پاس آیا تھا تو مَیں نے پہلے سے آپ کو آگاہ کیا تھا۔ اب مَیں آپ سے دُور یہ بات دوبارہ کہتا ہوں کہ جب مَیں واپس آؤں گا تو نہ وہ بچیں گے جنہوں نے پہلے گناہ کیا تھا نہ دیگر لوگ۔
3 جو بھی ثبوت آپ مانگ رہے ہیں کہ مسیح میرے ذریعے بولتا ہے وہ مَیں آپ کو دوں گا۔ آپ کے ساتھ سلوک میں مسیح کمزور نہیں ہے۔ نہیں، وہ آپ کے درمیان ہی اپنی قوت کا اظہار کرتا ہے۔
4 کیونکہ اگرچہ اُسے کمزور حالت میں مصلوب کیا گیا، لیکن اب وہ اللہ کی قدرت سے زندہ ہے۔ اِسی طرح ہم بھی اُس میں کمزور ہیں، لیکن اللہ کی قدرت سے ہم آپ کی خدمت کرتے وقت اُس کے ساتھ زندہ ہیں۔
5 اپنے آپ کو جانچ کر معلوم کریں کہ کیا آپ کا ایمان قائم ہے؟ خود اپنے آپ کو پرکھیں۔ کیا آپ نہیں جانتے کہ عیسیٰ مسیح آپ میں ہے؟ اگر نہیں تو اِس کا مطلب ہوتا کہ آپ کا ایمان نامقبول ثابت ہوتا۔
6 لیکن مجھے اُمید ہے کہ آپ اِتنا پہچان لیں گے کہ جہاں تک ہمارا تعلق ہے ہم نامقبول ثابت نہیں ہوئے ہیں۔
7 ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ آپ سے کوئی غلطی نہ ہو جائے۔ بات یہ نہیں کہ لوگوں کے سامنے ہم صحیح نکلیں بلکہ یہ کہ آپ صحیح کام کریں، چاہے لوگ ہمیں خود ناکام کیوں نہ قرار دیں۔
8 کیونکہ ہم حقیقت کے خلاف کھڑے نہیں ہو سکتے بلکہ صرف اُس کے حق میں۔
9 ہم خوش ہیں جب آپ طاقت ور ہیں گو ہم خود کمزور ہیں۔ اور ہماری دعا یہ ہے کہ آپ کامل ہو جائیں۔
10 یہی وجہ ہے کہ مَیں آپ سے دُور رہ کر لکھتا ہوں۔ پھر جب مَیں آؤں گا تو مجھے اپنا اختیار استعمال کر کے آپ پر سختی نہیں کرنی پڑے گی۔ کیونکہ خداوند نے مجھے یہ اختیار آپ کو ڈھا دینے کے لئے نہیں بلکہ آپ کو تعمیر کرنے کے لئے دیا ہے۔
11 بھائیو، آخر میں مَیں آپ کو سلام کہتا ہوں۔ سدھر جائیں، ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں، ایک ہی سوچ رکھیں اور صلح سلامتی کے ساتھ زندگی گزاریں۔ پھر محبت اور سلامتی کا خدا آپ کے ساتھ ہو گا۔
12 ایک دوسرے کو مُقدّس بوسہ دینا۔ تمام مُقدّسین آپ کو سلام کہتے ہیں۔
13 خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل، اللہ کی محبت اور روح القدس کی رفاقت آپ سب کے ساتھ ہوتی رہے۔