3
ہمارے لئے دعا کرنا
1 بھائیو، ایک آخری بات، ہمارے لئے دعا کریں کہ خداوند کا پیغام جلدی سے پھیل جائے اور عزت پائے، بالکل اُسی طرح جس طرح آپ کے درمیان ہوا۔
2 اِس کے لئے بھی دعا کریں کہ اللہ ہمیں غلط اور شریر لوگوں سے بچائے رکھے، کیونکہ سب تو ایمان نہیں رکھتے۔
3 لیکن خداوند وفادار ہے، اور وہی آپ کو مضبوط کر کے ابلیس سے محفوظ رکھے گا۔
4 ہم خداوند میں آپ پر اعتماد رکھتے ہیں کہ آپ وہ کچھ کر رہے ہیں بلکہ کرتے رہیں گے جو ہم نے آپ کو کرنے کو کہا تھا۔
5 خداوند آپ کے دلوں کو اللہ کی محبت اور مسیح کی ثابت قدمی کی طرف مائل کرتا رہے۔
کام کرنے کا فرض
6 بھائیو، اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے نام میں ہم آپ کو حکم دیتے ہیں کہ ہر اُس بھائی سے کنارہ کریں جو بےقاعدہ چلتا اور جو ہم سے پائی ہوئی روایت کے مطابق زندگی نہیں گزارتا۔
7 آپ خود جانتے ہیں کہ آپ کو کس طرح ہمارے نمونے پر چلنا چاہئے۔ جب ہم آپ کے پاس تھے تو ہماری زندگی میں بےترتیبی نہیں پائی جاتی تھی۔
8 ہم نے کسی کا کھانا بھی پیسے دیئے بغیر نہ کھایا، بلکہ دن رات سخت محنت مشقت کرتے رہے تاکہ آپ میں سے کسی کے لئے بوجھ نہ بنیں۔
9 بات یہ نہیں کہ ہمیں آپ سے معاوضہ ملنے کا حق نہیں تھا۔ نہیں، ہم نے ایسا کیا تاکہ ہم آپ کے لئے اچھا نمونہ بنیں اور آپ اِس نمونے پر چلیں۔
10 جب ہم ابھی آپ کے پاس تھے تو ہم نے آپ کو حکم دیا، ”جو کام نہیں کرنا چاہتا وہ کھانا بھی نہ کھائے۔“
11 اب ہمیں یہ خبر ملی ہے کہ آپ میں سے بعض بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں۔ وہ کام نہیں کرتے بلکہ دوسروں کے کاموں میں خواہ مخواہ دخل دیتے ہیں۔
12 خداوند عیسیٰ مسیح کے نام میں ہم ایسے لوگوں کو حکم دیتے اور سمجھاتے ہیں کہ آرام سے کام کر کے اپنی روزی کمائیں۔
13 بھائیو، آپ بھلائی کرنے سے کبھی ہمت نہ ہاریں۔
14 اگر کوئی اِس خط میں درج ہماری ہدایت پر عمل نہ کرے تو اُس سے تعلق نہ رکھنا تاکہ اُسے شرم آئے۔
15 لیکن اُسے دشمن مت سمجھنا بلکہ اُسے بھائی جان کر سمجھانا۔
آخری الفاظ
16 خداوند خود جو سلامتی کا سرچشمہ ہے آپ کو ہر وقت اور ہر طرح سے سلامتی بخشے۔ خداوند آپ سب کے ساتھ ہو۔
17 مَیں، پولس اپنے ہاتھ سے یہ لکھ رہا ہوں۔ میری طرف سے سلام۔ مَیں اِسی طریقے سے اپنے ہر خط پر دست خط کرتا اور اِسی طرح لکھتا ہوں۔
18 ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ سب کے ساتھ رہے۔