5
اسرائیل اور یہوداہ دونوں قصوروار ہیں
1 اے امامو، سنو میری بات! اے اسرائیل کے گھرانے، توجہ دے! اے شاہی خاندان، میرے پیغام پر غور کر!
تم پر فیصلہ ہے، کیونکہ اپنی بُت پرستی سے تم نے مِصفاہ میں پھندا لگا دیا، تبور پہاڑ پر جال بچھا دیا
2 اور شِطّیم میں گڑھا کھدوا لیا ہے۔ خبردار! مَیں تم سب کو سزا دوں گا۔
3 مَیں تو اسرائیل کو خوب جانتا ہوں، وہ مجھ سے چھپا نہیں رہ سکتا۔ اسرائیل اب عصمت فروش بن گیا ہے، وہ ناپاک ہے۔
4 اُن کی بُری حرکتیں اُنہیں اُن کے خدا کے پاس واپس آنے نہیں دیتیں۔ کیونکہ اُن کے اندر زناکاری کی روح ہے، اور وہ رب کو نہیں جانتے۔
5 اسرائیل کا تکبر اُس کے خلاف گواہی دیتا ہے، اور وہ اپنے قصور کے باعث گر جائے گا۔ یہوداہ بھی اُس کے ساتھ گر جائے گا۔
6 تب وہ اپنی بھیڑبکریوں اور گائےبَیلوں کو لے کر رب کو تلاش کریں گے، لیکن بےفائدہ۔ وہ اُسے پا نہیں سکیں گے، کیونکہ وہ اُنہیں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔
7 اُنہوں نے رب سے بےوفا ہو کر ناجائز اولاد پیدا کی ہے۔ اب نیا چاند اُنہیں اُن کی موروثی زمینوں سمیت ہڑپ کر لے گا۔
اپنی قوم پر اللہ کا الزام
8 جِبعہ میں نرسنگا پھونکو، رامہ میں تُرم بجاؤ! بیت آون میں جنگ کے نعرے بلند کرو۔ اے بن یمین، دشمن تیرے پیچھے پڑ گیا ہے!
9 جس دن مَیں سزا دوں گا اُس دن اسرائیل ویران و سنسان ہو جائے گا۔ دھیان دو کہ مَیں نے اسرائیلی قبیلوں کے بارے میں قابلِ اعتماد باتیں بتائی ہیں۔
10 یہوداہ کے راہنما اُن جیسے بن گئے ہیں جو ناجائز طور پر اپنی زمین کی حدود بڑھا دیتے ہیں۔ جواب میں مَیں اپنا غضب موسلادھار بارش کی طرح اُن پر نازل کروں گا۔
11 اسرائیل پر اِس لئے ظلم ہو رہا ہے اور اُس کا حق مارا جا رہا ہے کہ وہ بےمعنی بُتوں کے پیچھے بھاگنے پر تُلا ہوا ہے۔
12 مَیں اسرائیل کے لئے پیپ اور یہوداہ کے لئے سڑاہٹ کا باعث بنوں گا۔
13 اسرائیل نے اپنی بیماری دیکھی اور یہوداہ نے اپنے ناسور پر غور کیا۔ تب اسرائیل نے اسور کی طرف رجوع کیا اور اسور کے عظیم بادشاہ کو پیغام بھیج کر اُس سے مدد مانگی۔ لیکن وہ تمہیں شفا نہیں دے سکتا، وہ تمہارے ناسور کا علاج نہیں کر سکتا۔
14 کیونکہ مَیں شیرببر کی طرح اسرائیل پر ٹوٹ پڑوں گا اور جوان شیرببر کی طرح یہوداہ پر جھپٹ پڑوں گا۔ مَیں اُنہیں پھاڑ کر اپنے ساتھ گھسیٹ لے جاؤں گا، اور کوئی اُنہیں نہیں بچائے گا۔
15 پھر مَیں اپنے گھر واپس جا کر اُس وقت تک اُن سے دُور رہوں گا جب تک وہ اپنا قصور تسلیم کر کے میرے چہرے کو تلاش نہ کریں۔ کیونکہ جب وہ مصیبت میں پھنس جائیں گے تب ہی مجھے تلاش کریں گے۔“