21
بادشاہ کے لئے اللہ کی مدد
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔
اے رب، بادشاہ تیری قوت دیکھ کر شادمان ہے، وہ تیری نجات کی کتنی بڑی خوشی مناتا ہے۔
تُو نے اُس کی دلی خواہش پوری کی اور انکار نہ کیا جب اُس کی آرزو نے ہونٹوں پر الفاظ کا روپ دھارا۔ (سِلاہ)
کیونکہ تُو اچھی اچھی برکتیں اپنے ساتھ لے کر اُس سے ملنے آیا، تُو نے اُسے خالص سونے کا تاج پہنایا۔
اُس نے تجھ سے زندگی پانے کی آرزو کی تو تُو نے اُسے عمر کی درازی بخشی، مزید اِتنے دن کہ اُن کی انتہا نہیں۔
تیری نجات سے اُسے بڑی عزت حاصل ہوئی، تُو نے اُسے شان و شوکت سے آراستہ کیا۔
کیونکہ تُو اُسے ابد تک برکت دیتا، اُسے اپنے چہرے کے حضور لا کر نہایت خوش کر دیتا ہے۔
کیونکہ بادشاہ رب پر اعتماد کرتا ہے، اللہ تعالیٰ کی شفقت اُسے ڈگمگانے سے بچائے گی۔
 
تیرے دشمن تیرے قبضے میں آ جائیں گے، جو تجھ سے نفرت کرتے ہیں اُنہیں تیرا دہنا ہاتھ پکڑ لے گا۔
جب تُو اُن پر ظاہر ہو گا تو وہ بھڑکتی بھٹی کی سی مصیبت میں پھنس جائیں گے۔ رب اپنے غضب میں اُنہیں ہڑپ کر لے گا، اور آگ اُنہیں کھا جائے گی۔
10 تُو اُن کی اولاد کو رُوئے زمین پر سے مٹا ڈالے گا، انسانوں میں اُن کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔
11 گو وہ تیرے خلاف سازشیں کرتے ہیں توبھی اُن کے بُرے منصوبے ناکام رہیں گے۔
12 کیونکہ تُو اُنہیں بھگا کر اُن کے چہروں کو اپنے تیروں کا نشانہ بنا دے گا۔
13 اے رب، اُٹھ اور اپنی قدرت کا اظہار کر تاکہ ہم تیری قدرت کی تمجید میں ساز بجا کر گیت گائیں۔