4
شام کو مدد کے لئے دعا
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ تاردار سازوں کے ساتھ گانا ہے۔
اے میری راستی کے خدا، میری سن جب مَیں تجھے پکارتا ہوں۔ اے تُو جو مصیبت میں میری مخلصی رہا ہے مجھ پر مہربانی کر کے میری التجا سن!
 
اے آدم زادو، میری عزت کب تک خاک میں ملائی جاتی رہے گی؟ تم کب تک باطل چیزوں سے لپٹے رہو گے، کب تک جھوٹ کی تلاش میں رہو گے؟ (سِلاہ)
جان لو کہ رب نے ایمان دار کو اپنے لئے الگ کر رکھا ہے۔ رب میری سنے گا جب مَیں اُسے پکاروں گا۔
غصے میں آتے وقت گناہ مت کرنا۔ اپنے بستر پر لیٹ کر معاملے پر سوچ بچار کرو، لیکن دل میں، خاموشی سے۔ (سِلاہ)
راستی کی قربانیاں پیش کرو، اور رب پر بھروسا رکھو۔
بہتیرے شک کر رہے ہیں، ”کون ہمارے حالات ٹھیک کرے گا؟“ اے رب، اپنے چہرے کا نور ہم پر چمکا!
 
تُو نے میرے دل کو خوشی سے بھر دیا ہے، ایسی خوشی سے جو اُن کے پاس بھی نہیں ہوتی جن کے پاس کثرت کا اناج اور انگور ہے۔
مَیں آرام سے لیٹ کر سو جاتا ہوں، کیونکہ تُو ہی اے رب مجھے حفاظت سے بسنے دیتا ہے۔