8
مخلوقات کا تاج
1 داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ طرز: گتّیت۔
اے رب ہمارے آقا، تیرا نام پوری دنیا میں کتنا شاندار ہے! تُو نے آسمان پر ہی اپنا جلال ظاہر کر دیا ہے۔
2 اپنے مخالفوں کے جواب میں تُو نے چھوٹے بچوں اور شیرخواروں کی زبان کو تیار کیا ہے تاکہ وہ تیری قوت سے دشمن اور کینہ پرور کو ختم کریں۔
3 جب مَیں تیرے آسمان کا ملاحظہ کرتا ہوں جو تیری اُنگلیوں کا کام ہے، چاند اور ستاروں پر غور کرتا ہوں جن کو تُو نے اپنی اپنی جگہ پر قائم کیا
4 تو انسان کون ہے کہ تُو اُسے یاد کرے یا آدم زاد کہ تُو اُس کا خیال رکھے؟
5 تُو نے اُسے فرشتوں سے کچھ ہی کم بنایا، تُو نے اُسے جلال اور عزت کا تاج پہنایا۔
6 تُو نے اُسے اپنے ہاتھوں کے کاموں پر مقرر کیا، سب کچھ اُس کے پاؤں کے نیچے کر دیا،
7 خواہ بھیڑبکریاں ہوں خواہ گائےبَیل، جنگلی جانور،
8 پرندے، مچھلیاں یا سمندری راہوں پر چلنے والے باقی تمام جانور۔
9 اے رب ہمارے آقا، پوری دنیا میں تیرا نام کتنا شاندار ہے!