6
مطمئن لوگوں پر افسوس
1 افسوس تُم پر، جو صِیّونؔ میں عیش و آرام سے زندگی بسر کرتے ہو،
اَور ہائے تُم پرجو کوہِ سامریہؔ پر محفوظ محسُوس کرتے ہو،
اَور تُم سوچتے ہو کہ تُم اعلیٰ قوم کے مشہُور لوگ ہو،
جِن کے پاس بنی اِسرائیل آتے ہیں!
2 تُم کَلنہؔ کو جاؤ اَور اُس پر نظر کرو؛
پھر وہاں سے بڑے حماتؔ شہر کو جاؤ،
اَور پھر نیچے فلسطینیوں کے گاتؔھ کو جاؤ۔
کیا وہ تمہاری دو مملکتوں سے بہتر ہیں؟
کیا اُن کا مُلک تمہارے مُلک سے بڑا ہے؟
3 تُم میرے قہر کے دِن کو مُلتوی کرتے ہو
اَور دہشت کی سلطنت کو نزدیک لے آتے ہو۔
4 تُم ہاتھی دانت سے مُزیّن پلنگ پر لیٹتے ہو
اَور اَپنے بِستر پر آرام طلبی سے پاؤں پھیلاتے ہو۔
اَور اَپنے پسندیدہ برّے
اَور فربہ بچھڑے کھاتے ہو۔
5 تُم داویؔد کی مانند اَپنے بربط پر گاتے ہو
اَور موسیقی کے ساز ایجاد کرتے ہو۔
6 تُم لبریز پیالوں سے مَے نوشی کرتے ہو
اَور بہترین عطر اِستعمال کرتے ہو،
لیکن تُم بنی یُوسیفؔ کی تباہی پر غم نہیں کرتے۔
7 اِس لیٔے تُم لوگ سَب سے پہلے اسیری میں جاؤگے؛
تمہاری دعوت و عشرت کا خاتِمہ ہو جائے گا۔
یَاہوِہ کا اِسرائیل کے غُرور سے نفرت کرنا
8 یَاہوِہ قادر نے اَپنی ہی ذات کی قَسم کھائی ہے، اَور یَاہوِہ قادرمُطلق خُدا یہ اعلان کرتے ہیں،
مَیں یعقوب کے غُرور سے عداوت رکھتا ہُوں
اُس کے شاہی محلوں سے مُجھے نفرت ہے؛
مَیں اِس شہر اَور اِس کے باشِندوں کو
اَور اِس کی سبھی چیزوں کو اُس کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا۔
9 اگر کسی گھر میں دس آدمی بھی باقی ہوں گے تو بھی وہ مَر جایٔیں گے۔
10 اَور جَب کوئی رشتہ دار اُن کی لاشوں کو جَلانے کے لیٔے گھر سے باہر لے جانے کو آئے اَور وہاں چھُپے ہُوئے کسی آدمی سے پُوچھے، ”کیا تمہارے ساتھ کویٔی اَور ہے؟“ اَور وہ جَواب دے، نہیں، تَب وہ کہے، ”چُپ رہ۔ ہمیں یَاہوِہ کا نام نہیں لیناہے۔“
11 کیونکہ یَاہوِہ نے حُکم دیا ہے،
اَور وہ بڑے گھر کو ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا
اَور چُھوٹے گھر کو چکنا چُور کر دے گا۔
12 کیا چٹّانوں پر گھوڑے دَوڑتے ہیں؟
کیا وہاں بَیلوں سے ہل چلایا جاتا ہے؟
لیکن تُم نے اِنصاف کو زہر میں
اَور صداقت کو تلخی میں بدل دیا ہے۔
13 تُم جو لُو دِبارؔ کی فتح پر خُوش ہو۔
اَور کہتے ہو کیا، ”ہم نے اَپنی طاقت سے قرنَیمؔ نہیں لیا؟“
14 کیونکہ یَاہوِہ قادرمُطلق خُدا اعلان کرتے ہیں،
اَے بنی اِسرائیل، مَیں تمہارے خِلاف ایک قوم کو بھڑکاؤں گا،
جو تُمہیں لیبو حماتؔ سے لے کر
عراباہؔ کی وادی تک ستائے گی۔