8
بُتوں کے لیٔے قُربانیاں اَور نذرانے
1 اُن قُربانیوں کے بارے میں جو بُتوں کو پیش کی جاتی ہیں: میرا کہنا یہ ہے کہ ”ہم سَب علم رکھتے ہیں۔“ علم غُرور پیدا کرتا ہے لیکن مَحَبّت ترقّی بخشتی ہے۔
2 اگر کویٔی یہ خیال کرتا ہے کہ وہ کچھ جانتا ہے تو جَیسا جاننا چاہیے وَیسا اَب تک نہیں جانتا۔
3 لیکن جو خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے، خُدا اُسے جانتا ہے۔
4 اَب رہا یہ سوال کہ بُتوں کو پیش کی گئی قُربانیوں کا گوشت کھانا چاہیے یا نہیں: ہم سَب یہ جانتے ہیں کہ ”بُتوں کی حقیقت دُنیا میں کچھ بھی نہیں خُدا ایک ہے اَور اُس کے سِوا کویٔی خُدا نہیں۔“
5 اگرچہ آسمان میں اَور زمین پر اَور بہت سے ”خُدا“ اَور ”خُداوؔند“ مانے جاتے ہیں،
6 لیکن ہمارے نزدیک تو خُدا ایک ہی ہے، جو آسمانی باپ ہے، اَور سَب چیزوں کا خالق ہے اَور ہم اُسی کے لیٔے جیتے ہیں؛ اَور ایک ہی خُداوؔند ہے، یعنی یِسوعؔ المسیح جِن کے وسیلہ سے سَب چیزیں پیدا ہویٔیں اَور ہم بھی اُن ہی سے۔
7 لیکن یہ علم سَب کو نہیں ہے۔ بعض لوگ اَب تک بُتوں کی پرستش کے عادی ہیں اِس لیٔے جَب وہ قُربانی کے گوشت کو اِس خیال سے کھاتے ہیں کہ یہ کسی خُدا کی نذر کی قُربانی ہے، تو اَپنے ضمیر کی کمزوری کی وجہ سے، وہ اَپنے آپ کو ناپاک سمجھنے لگتے ہیں۔
8 لیکن کھانا ہمیں خُدا سے نہیں مِلائے گا؛ اگر ہم اُسے نہ کھایٔیں، تو ہمارا کویٔی نُقصان نہیں اَور اگر کھا لیں تو فائدہ بھی نہیں۔
9 مگر خبردار رہو، اَیسا نہ ہو کہ تمہاری یہ آزادی کمزور ایمان والوں کے لیٔے ٹھوکر کا باعث بَن جائے۔
10 اگر کویٔی کمزور ضمیر والا تُم جَیسے صاحبِ ایمان کو بُت خانہ میں کھانا کھاتے دیکھے، تو کیا اُس کے دِل میں بُتوں کی نذر کی قُربانی کو کھالینے کا حوصلہ پیدا نہ ہو جائے گا؟
11 یُوں تمہارا علم اُس کمزور بھایٔی یا بہن، کی ہلاکت کا باعث ٹھہرے گا، جسے بچانے کے لیٔے المسیح نے اَپنی جان، قُربان کر دی۔
12 اِس طرح تُم اَپنے مسیحی بھایٔی اَور بہن کے کمزور ضمیر کو ٹھیس پہُنچا کر، نہ صِرف اُن کے گُنہگار ہوگے بَلکہ المسیح کے بھی گُنہگار ٹھہروگے۔
13 اِس لیٔے اگر میرا کھانا میرے مسیحی بھایٔی اَور بہن کے لیٔے ٹھوکر کا باعث ہو، تو میں گوشت کبھی نہیں کھاؤں گا تاکہ اَپنے مسیحی بھایٔی اَور بہن کے لیٔے ٹھوکر کا باعث نہ بنُوں۔