9
اُس خدمت کے بارے میں جسے ہم یہُوداہؔ کے مسیحی مُقدّسین کی خاطِر اَنجام دے رہے ہیں، مُجھے زِیادہ لکھنے کی ضروُرت نہیں۔ میں جانتا ہُوں کہ تُمہیں مدد کرنے کا شوق ہے، اِس لیٔے میں مَکِدُنیہؔ کے لوگوں کے سامنے تمہاری تعریف کرتا ہُوں، مَیں نے اُنہیں بتایا کہ تُم صُوبہ اَخیہؔ والے، پچھلے سال سے عَطیّہ دینے کے لئے تیّار ہو؛ تمہاری اِس سرگرمی سے اکثر مسیحی مَکِدُنی بھائیوں میں اَیسا کرنے کا جوش پیدا ہُوا۔ لیکن مَیں اِن بھائیوں کو اِس لیٔے بھیج رہا ہُوں کہ تُم پر ہمارا فخر کرنا بے بُنیاد نہ ٹھہرے، بَلکہ جِس طرح مَیں نے کہا، تُم بالکُل اُسی طرح تیّار رہو۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ مَکِدُنیہؔ کے کچھ لوگ میرے ساتھ آئیں اَور تُمہیں عَطیّہ دینے کے لیٔے تیّار نہ پائیں، تمہارے اُس بھروسا کی وجہ سے جو ہم نے کیا ہے، ہمیں اَور تُمہیں شرمندہ ہونا پڑے! اِس لیٔے مَیں نے بھائیوں سے یہ درخواست کرنا بہت ضروُری سمجھا کہ وہ مُجھ سے پہلے تمہارے پاس پہُنچ جایٔیں اَور وہ عَطیّہ جو تُم نے دینے کا وعدہ کیا۔ وقت سے پہلے تیّار کر رکھیں تاکہ وہ خُوشی سے دیا ہُوا عَطیّہ مَعلُوم ہو، نہ کہ اَیسی رقم جو زبردستی جمع کی گئی ہو۔
سخاوت کی حوصلہ اَفزائی
یاد رکھو: جو تھوڑا بوتا ہے وہ تھوڑا کاٹے گا، اَورجو زِیادہ بوتا ہے وہ زِیادہ کاٹے گا۔ جِس نے دِل میں جِس قدر دینے کا خیال کیا ہُواہے، بغیر کسی ہچکچاہٹ کےاُتنا ہی دے اَور خُوشی سے دے، نہ کہ مجَبُوری یا کسی دباؤسے کیونکہ خُدا خُوشی سے دینے والے کو عزیز رکھتا ہے۔ خُدا تُمہیں کثرت سے فضل دینے کے قابل ہے، تاکہ تمہارے پاس ہر وقت، اَور ہر حالت میں کافی سے زِیادہ مَوجُود رہے، اَور تُم نیک کاموں کے لیٔے خُوشی سے دے سکو۔ چنانچہ لِکھّا ہے:
”اُنہُوں نے بِکھیرا ہے، اُنہُوں نے مسکینوں کو دیا ہے؛
اُن کی راستبازی ہمیشہ تک قائِم رہے گی۔“*
10 لہٰذا وہ خُدا جو بونے والے کو بیج اَور کھانے والے کو روٹی عطا فرماتے ہیں وُہی تُمہیں بھی بیج عطا فرمائے گا، اُسے اُگائے گا اَور تمہاری راستبازی کی فصل کو بڑھائے گا۔ 11 خُدا تُمہیں مالا مال کرےگا تاکہ تُم ہر وقت بڑی کثرت سے دے سکو، اَور لوگ ہمارے وسیلہ سے تمہارا عَطیّہ پا کر خُدا کا شُکر اَدا کریں۔
12 کیونکہ تمہاری اِس خدمت سے نہ صِرف مُقدّسین کی ضروُرتیں پُوری ہوتی ہیں، بَلکہ بہت سے لوگوں کی طرف سے خُدا کا شُکرانہ بھی اَدا کیا جاتا ہے۔ 13 اِس خدمت سے لوگوں پر ثابت ہو جائے گا کہ تُم المسیح کی خُوشخبری کو ماننے کا دعویٰ ہی نہیں کرتے، بَلکہ اُس پر تابِعداری سے عَمل بھی کرتے ہو۔ خُدا کی تعریف کرتے اَور سَب لوگوں کی مدد کرنے میں بڑی سخاوت سے کام لیتے ہو۔ 14 ساتھ ہی وہ تُمہیں خُدا کے اُس بڑے فضل کے سبب سے جو تُم پر ہُواہے، بڑی مَحَبّت سے اَپنی دعاؤں میں یاد کریں گے۔ 15 شُکر خُدا کا اُس کی اُس بخشش کے لیٔے جو بَیان سے باہر ہے!
* 9:9 زبُور 112‏:9‏