4
1 اَے مالِکو! اَپنے غُلاموں کے ساتھ جائز اَور منصفانہ سلُوک کریں، کیونکہ تُم جانتے ہو کہ آسمان پر تمہارا بھی ایک مالک ہے۔
مزید ہدایات
2 محتاط ہوکر، اَور شُکر گُزاری کے ساتھ دعا کرنے میں مشغُول رہو۔
3 اَور ہمارے لیٔے بھی دعا کرو، تاکہ خُدا ہمارے لئے کلام سُنانے کا دروازہ کھول دے اَور ہم المسیح کے پیغام کے اُس راز کو بَیان کر سکیں، جِس کی وجہ سے میں زنجیروں سے جکڑا ہُوں۔
4 دعا کرو کہ میں اُسے صَاف گوئی سے بَیان کر سکوں، جَیسا کہ مُجھے کرنا لازِم ہے۔
5 ہر موقع کو غنیمت سمجھ کر؛ غَیر مسیحیوں کے ساتھ دانشمندانہ سلُوک کرو۔
6 تمہاری گُفتگو اَیسی پُرفضل اَور پُر کشش ہو، تاکہ تُم ہر شخص کو مُناسب جَواب دے سکو۔
سلام و مُبارکبادی
7 عزیز بھایٔی تُخِکسؔ جو وفادار خادِم اَور خُداوؔند میں ہم خدمت رہاہے، میرا سارا حال تُمہیں بَیان کرےگا۔
8 میں اُسے تمہارے پاس اِس غرض سے بھیج رہا ہُوں تاکہ تُمہیں ہمارا سارا حال مَعلُوم ہو جائے اَور وہ تمہارے دِلوں کو تسلّی دے سکے۔
9 وہ اُنیسمُسؔ ہمارے وفادار اَور عزیز بھایٔی کے ساتھ آ رہاہے، جو تمہاری ہی جماعت سے ہے۔ یہ دونوں تُمہیں یہاں کا سارا حال بَیان کر دیں گے۔
10 ارِسترخُسؔ جو میرے ساتھ قَید میں ہے تُمہیں سلام کہتاہے اَور مرقُسؔ، جو بَرنباسؔ کا چچیرا بھایٔی ہے تُمہیں سلام کہتاہے۔ (تُمہیں مرقُسؔ کے بارے میں ہدایات دی جا چُکی ہے؛ اگر وہ تمہارے پاس آئے، تو اُس کا خیرمقدم کرنا)۔
11 اَور یِسوعؔ جو یُوستُسؔ بھی کہلاتا ہے، تُمہیں سلام کہتاہے۔ مختون یہُودی مسیحیوں میں سے صِرف یہی تین شخص ہیں جو خُدا کی بادشاہی کا پیغام پھیلانے میں میرے ہم خدمت، اَور میری تسلّی کا باعث رہے ہیں۔
12 المسیح یِسوعؔ کا خادِم اِپفِراسؔ بھی، جو تمہاری ہی جماعت سے ہے تُمہیں سلام کہتاہے۔ وہ بڑی جانفشانی سے تمہارے لیٔے دعا کرتا ہے کہ تُم کامِل بنو، اَور ایمان کی پُوری پُختگی سے خُدا کی مرضی کے مُطابق چلو۔
13 میں خُود اُس کے حق میں گواہی دیتا ہُوں کہ وہ تمہارے اَور لَودِیکیہؔ اَور ہِیراپُلسؔ شہروں کے لوگوں کے لیٔے کِس قدر محنت کرتا ہے۔
14 ہمارے عزیز طبیب، لُوقا، اَور دیماسؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
15 لَودِیکیہؔ شہر کے مسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو، اَور بہن نُمفاسؔ اَور اُس کے گھر کی جماعت کو میرا سلام کہنا۔
16 جَب تُم یہ خط پڑھ چُکو تو دیکھنا کہ یہ لَودِیکیہؔ کی جماعت میں بھی پڑھا جائے اَور لَودِیکیہؔ سے آئے اُس خط کو تُم بھی پڑھ لینا۔
17 اَرخِپُّسؔ سے کہنا: ”جو خدمت خُداوؔند نے تمہارے سُپرد کی ہے وہ اُسے ہوشیاری سے اَنجام دے۔“
18 میں پَولُسؔ اَپنے ہاتھ سے یہ سلام لِکھتا ہُوں۔ یہ مت بھُولنا کہ میں زنجیروں میں جکڑا یعنی قَیدخانہ میں ہُوں۔ خُدا کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔