27
سوختنی قُربانی کے لیٔے مذبح
”اَور تُم کیکر کی لکڑی کا ایک مذبح بنانا جو تین ہاتھ اُونچا* ہو اَور پانچ ہاتھ لمبا اَور پانچ ہاتھ چوڑا ہو۔ اَور تُم اُس کے چاروں کونوں میں سے ہر ایک پر ایک ایک سینگ بنانا اَور وہ سینگ اَور وہ مذبح ایک ہی ٹکڑے کے ہُوں اَور اُس مذبح کو کانسے سے منڈھنا۔ اَور اُس کے تمام ظروف کانسے کے بنانا یعنی راکھ اُٹھانے کے لیٔے راکھدان، بیلچے، چھڑکاؤ کرنے والے پیالے، گوشت کے لیٔے سیخیں اَور انگیٹھیاں۔ تُم اُس کے لیٔے کانسے کی ایک جالی دار جنگلہ بنانا اَور اُس جالی کے چاروں کونوں پر کانسے کا ایک ایک کڑا بنانا۔ اَور اُسے مذبح کی کگر کے نیچے رکھنا تاکہ یہ مذبح کی آدھی اُونچائی تک پہُنچ سکے۔ اَور تُم مذبح کے لیٔے کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنا کر اُنہیں کانسے سے منڈھنا۔ اَور اُن بَلّیوں کو اُن کڑوں میں ڈالنا۔ تاکہ جَب مذبح کو اُٹھایا جائے تو وہ بَلّیاں اُس کے دونوں طرف ہُوں۔ اَور تُم اُس مذبح کو تختوں سے بنانا اَور وہ کھوکھلی ہو اَور تُم اُسے وَیسی ہی بنانا جَیسی تُمہیں پہاڑ پر دِکھائی گئی تھی۔
مَسکن کا صحن
”اَور تُم مَسکن کے لیٔے ایک صحن بنانا جِس کی جُنوبی سمت ایک سَو ہاتھ لمبی§ ہو۔ اَور اُس کے لیٔے نفیس بٹے ہویٔے کتان کے پردے ہُوں۔ 10 اَور جِن کے لیٔے بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے اَور سُتونوں کے لیٔے چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں ہُوں۔ 11 اَور شمالی سمت بھی ایک سَو ہاتھ لمبی اَور اُس کے لیٔے بھی پردے ہُوں اَور پردوں کے لیٔے بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے ہُوں اَور سُتونوں کے لیٔے چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں ہُوں۔
12 ”وہ صحن مغرب کی طرف سے پچاس ہاتھ چوڑا* ہو اَور اُس کے لیٔے پردے ہُوں اَور دس سُتون اَور دس ہی پایٔے ہُوں۔ 13 اَور مشرقی کنارا طُلوع آفتاب کی طرف بھی صحن پچاس ہاتھ چوڑا ہو۔ 14 اَور پندرہ ہاتھ لمبے پردے دروازہ کے ایک پہلو کے لیٔے ہُوں اَور اُن پردوں کے لیٔے تین سُتون اَور تین ہی پایٔے ہُوں۔ 15 اَور دُوسری طرف کے لیٔے بھی پندرہ ہاتھ لمبے پردے تین سُتون اَور تین پایٔے ہُوں۔
16 ”اَور صحن کے دروازہ کے لیٔے بیس ہاتھ لمبا پردہ بنانا جو نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا ہو جِس پر کشیدہ کاری کی گئی ہو۔ اَور اُس کے لیٔے چار سُتون اَور چار پایٔے ہُوں۔ 17 اَور صحن کے اِردگرد تمام سُتونوں کے لیٔے ڈوریاں اَور کنڈیاں چاندی کی اَور پایٔے کانسے کے ہُوں۔ 18 اَور وہ صحن ایک سَو ہاتھ لمبا اَور پچاس ہاتھ§ چوڑا ہو، اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کے پردے اُوپر سے نیچے تک پانچ ہاتھ لمبے ہُوں* اَور سُتونوں کے پایٔے کانسے کے ہُوں۔ 19 اَور مَسکن میں پرستش کے لیٔے اِستعمال میں لائی جانے والی دیگر تمام اَشیا خواہ وہ کسی کام کے لیٔے ہُوں مَسکن کے خیمہ کی میخیں اَور صحن کے لیٔے میخیں کانسے کی ہُوں۔
چراغدان کے لیٔے زَیتُون کا تیل
20 ”اَور تُم بنی اِسرائیل کو حُکم دینا کہ وہ تمہارے پاس کولہو کے ذریعہ نکالا ہُوا زَیتُون کا خالص تیل رَوشنی کے لیٔے لائیں تاکہ چراغ ہمیشہ جلتے رہیں۔ 21 اَور خیمہ اِجتماع میں اُس پردہ کے باہر جو عہد کے صندُوق کے سامنے ہوگا اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے چراغوں کو یَاہوِہ کے سامنے شام سے صُبح تک جَلائے رکھیں۔ یہ دستُور بنی اِسرائیل میں پُشت در پُشت دائمی فرمان سمجھ کر قائِم رہے۔
* 27:1 تین ہاتھ اُونچا تقریباً ڈیڑھ مِیٹر 27:1 پانچ ہاتھ لمبا تقریباً سَوا دو مِیٹر 27:1 پانچ ہاتھ چوڑا تقریباً سَوا دو مِیٹر § 27:9 ایک سَو ہاتھ لمبی تقریباً 45 مِیٹر * 27:12 پچاس ہاتھ چوڑا تقریباً 23 مِیٹر 27:14 پندرہ ہاتھ لمبے تقریباً 6مِیٹر 80 سینٹی مِیٹر 27:16 بیس ہاتھ لمبا تقریباً 9 مِیٹر § 27:18 ایک سَو ہاتھ لمبا اَور پچاس ہاتھ تقریباً 45 میٹر لمبا اَور 23 میٹر چوڑا * 27:18 پانچ ہاتھ لمبے ہُوں تقریباً 2.3 میٹر