3
ہوشِیعؔ کا اَپنی بیوی سے مِلاپ
یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”جا اَور اَپنی بیوی سے پھر مَحَبّت جتا حالانکہ وہ کسی اَور کی محبُوبہ ہے اَور زانیہ ہے۔ اُس سے مَحَبّت کر جِس طرح یَاہوِہ اِسرائیلیوں سے مَحَبّت کرتے ہیں حالانکہ وہ دُوسرے معبُودوں کی طرف مُڑتے ہیں اَور مُقدّس کشمش کی ٹکیوں کو پسند کرتے ہیں۔“
چنانچہ اُسے مَیں چاندی کے پندرہ ثاقل* اَور ایک حُومر اَور ایک لیتھیک جَو کے عِوض خرید لایا۔ پھر مَیں نے اُس سے کہا، ”تُجھے میرے ساتھ بہت دِنوں تک رہنا ہے بدکاری نہ کر، نہ کسی غَیر مَرد سے ناجائز تعلّقات رکھ اَور مَیں تمہارے ساتھ وَیسا ہی سلُوک کروں گا۔“
کیونکہ بنی اِسرائیل بہت دِنوں تک بغیر بادشاہ یا حاکم، بغیر قُربانی یا مُقدّس پتّھروں اَور افُود یا خانگی معبُودوں کے بغیر رہیں گے۔ اُس کے بعد بنی اِسرائیل لَوٹ آئیں گے اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا اَور اَپنے بادشاہ داویؔد کو تلاش کریں گے اَور آخِری دِنوں میں وہ کانپتے ہُوئے یَاہوِہ کے پاس آئیں گے اَور اُن کی رحمت کے طالب ہوں گے۔
* 3:2 پندرہ ثاقل تقریباً ایک سَو ستّر گرام 3:2 ایک لیتھیک تقریباً ایک سَو پچیانوے کِلوگرام