26
سِتائش کا نغمہ
اُس وقت یہُودیؔہ کے مُلک میں یہ نغمہ گایا جائے گا:
ہمارا ایک محکم شہر ہے؛
خُدا نَجات کو
اُس کی فصیلیں اَور بُرج بنا دیتاہے۔
پھاٹک کھول دو
تاکہ راستباز قوم جو اَپنے ایمان پر قائِم ہے،
وہ داخل ہو جائے۔
جِس دِل کا اِعتماد تُجھ پر ہے
اُسے تُو ہر طرح محفوظ رکھےگا،
کیونکہ اُن کا توکّل تُجھ پر ہے۔
یَاہوِہ پر ہمیشہ بھروسا رکھو،
کیونکہ یَاہوِہ خُدا اَبدی چٹّان ہے۔
وہ اُونچے مقاموں پر رہنے والوں کو پست کر دیتاہے،
اَور اُونچے شہر کو نیچے لے آتا ہے؛
وہ اُسے زمین کے برابر کرکے
خاک میں مِلا دیتاہے۔
وہ پاؤں تلے روندا جاتا ہے
مظلوموں کے پاؤں تلے،
اَور مسکینوں کے قدموں کے نیچے۔
 
راستباز کی راہ ہموار ہے؛
آپ جو خُود حق ہیں، صادق کی راہ ہموار کرتا ہیں۔
ہاں اَے یَاہوِہ، آپ کی آئین کی راہ پر چلتے ہُوئے،
ہم تیرے منتظر رہے ہیں؛
تیرے نام اَور تیری یاد کے لیٔے
ہمارے دِلوں میں اشتیاق ہے۔
رات کے وقت میری جان تیرے لیٔے بیقرار ہو جاتی ہے؛
اَور صُبح کو میری رُوح تیری مُشتاق ہوتی ہے،
کیونکہ جَب آپ کا اِنصاف دُنیا پر ظاہر ہوتاہے،
تَب دُنیا کے باشِندے راستبازی سیکھتے ہیں۔
10 ہر چند بدکاروں پر فضل ہو،
وہ راستبازی نہیں سیکھتے؛
راستی کے مُلک میں بھی وہ بُرائی کرتے رہتے ہیں
اَور یَاہوِہ کی عظمت کا لحاظ نہیں کرتے۔
11 اَے یَاہوِہ، آپ کا ہاتھ بُلند ہے،
پر وہ اُسے نہیں دیکھتے۔
اُنہیں تَوفیق دے تاکہ وہ اُس غیرت کو دیکھیں جو تُجھے اَپنے لوگوں کے لیٔے ہے اَور پشیمان ہُوں؛
اَور اَپنے دُشمنوں کو اُس آگ میں بھسم ہو جانے دے جو اُن کے لیٔے رکھی گئی ہے۔
 
12 اَے یَاہوِہ، آپ ہمارے لیٔے اَمن قائِم کریں؛
ہمارے سَب کام تُو ہی نے ہمارے لیٔے اَنجام دئیے ہیں۔
13 اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا، آپ کے سِوا دُوسرے حاکموں نے بھی ہم پر حُکومت کی ہے،
لیکن ہم صِرف تیرے ہی نام کو عزّت دیتے ہیں۔
14 وہ مَر گیٔے اَور اَب زندہ باقی نہیں؛
مُردہ رُوحیں پھر زندہ نہ ہوں گی۔
آپ نے اُنہیں سزا دی اَور اُنہیں نابود کر دیا؛
یہاں تک کہ آپ نے اُن کی یاد تک مٹا دی۔
15 آپ نے قوم کو بڑھایا، اَے یَاہوِہ؛
آپ نے قوم کو بڑھایا۔
آپ نے اَپنی عظمت و جلال ظاہر کی؛
آپ نے مُلک کی تمام حُدوُد کو وسعت دی ہے۔
 
16 اَے یَاہوِہ، وہ مُصیبت میں آپ کا طالب ہُوئے؛
جَب آپ نے اُنہیں تادیب کی،
وہ بمشکل دعا کر پایٔے۔
17 جِس طرح ایک حاملہ عورت زچگی کے وقت
درد سے کراہتی جھٹپٹاتی اَور چِلّاتی ہے،
ٹھیک اُسی طرح اَے یَاہوِہ، ہم آپ کی حُضُوری میں تھے۔
18 ہم حاملہ تھے اَور درد سے جھٹپٹا رہے تھے،
لیکن ہم نے صِرف ہَوا کو پیدا کیا۔
ہم زمین پر نَجات نہ لا پایٔے؛
نہ ہی دُنیا کے لوگوں کو پیدا کر سکے۔
 
19 اَے یَاہوِہ، لیکن تیرے مُردے جئیں گے؛
اُن کی لاشیں اُٹھ کھڑی ہُوں گی۔
تُم جو خاک میں جا بسے ہو،
جاگو اَور خُوشی کے نعرے لگاؤ۔
تیری اوس صُبح کی اوس کی مانند ہے؛
زمین اَپنے مُردوں کو پھر سے‏ پیدا کرےگی۔
 
20 اَے میرے لوگو، جاؤ، اَپنی خوابگاہوں میں داخل ہوکر
اَپنے پیچھے دروازے بند کر لو؛
تھوڑی دیر کے لیٔے جَب تک کہ قہر ٹل نہ جائے
اَپنے آپ کو چُھپائے رکھو۔
21 کیونکہ دیکھو، یَاہوِہ اَپنی قِیام گاہ سے باہر آ رہے ہے
تاکہ دُنیا کے لوگوں کو اُن کے گُناہوں کی سزا دے۔
زمین اَپنے اُوپر بہایا ہُوا خُون ظاہر کر دے گی،
اَور اَپنے مقتولوں کو اَور زِیادہ نہ چُھپائے گی۔