4
حُضُور یِسوعؔ کے مُجسّم ہونے کا اِنکار کرنے پر اِنتباہ کرنا
1 اَے عزیز دوستوں! تُم ہر ایک رُوح کا یقین مت کرو بَلکہ رُوحوں کو آزماؤ کہ وہ خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ بہت سے جھُوٹے نبی دُنیا میں نکل چُکے ہیں۔
2 تُم خُدا کے پاک رُوح کو اِس طرح پہچان سکتے ہو کہ جو رُوح یہ اقرار کرے کہ یِسوعؔ المسیح مُجسّم ہوکر دُنیا میں تشریف لایٔے تو وہ خُدا کی طرف سے ہے۔
3 لیکن جو رُوح یِسوعؔ کے مُجسّم ہونے کی بات کا اقرار نہ کرے تو وہ خُدا کی طرف سے نہیں ہے۔ یہی مُخالف المسیح کی رُوح ہے جِس کی خبر تُم سُن چُکے ہو کہ وہ آنے والا ہے بَلکہ اِس وقت بھی دُنیا میں مَوجُود ہے۔
4 اَے پیارے چُھوٹے بچّوں! تُم خُدا سے ہو اَور اُن پر غالب آ گئے ہو کیونکہ جو تُم میں ہے وہ اُس سے کہیں زِیادہ بڑا ہے جو دُنیا میں ہے۔
5 وہ دُنیا کے ہیں اِس لیٔے دُنیوی نظریہ سے باتیں کرتے ہیں اَور دُنیا والے اُن کی سُنتے ہیں۔
6 مگر ہم خُدا کے لوگ ہیں اَورجو کویٔی خُدا کو جانتا ہے وہ ہماری سُنتا ہے، لیکن جو خُدا سے نہیں وہ ہماری نہیں سُنتا۔ اِس طرح ہم سچّائی کی رُوح اَور فریب دینے والی رُوح میں اِمتیاز کرتے ہیں۔
ہماری مَحَبّت اَور خُدا کی مَحَبّت
7 اَے عزیز دوستوں! آؤ ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں کیونکہ مَحَبّت کی اِبتدا خُدا سے ہے اَورجو کویٔی مَحَبّت رکھتا ہے وہ خُدا سے پیدا ہُواہے اَور خُدا کو جانتا ہے۔
8 لیکن جو شخص مَحَبّت نہیں رکھتا اُس نے خُدا کو کبھی نہیں جانا کیونکہ خُدا مَحَبّت ہے۔
9 جو مَحَبّت خُدا ہم سے رکھتا ہے اُسے خُدا نے اِس طرح ظاہر کیا کہ اُس نے اَپنے انوکھے بیٹے کو دُنیا میں بھیجا تاکہ ہم اُس کے سبب سے زندگی پائیں۔
10 مَحَبّت یہ نہیں کہ ہم نے خُدا سے مَحَبّت کی بَلکہ یہ ہے کہ خُدا نے ہم سے مَحَبّت کی اَور ہمارے گُناہوں کے کفّارہ کے لیٔے اَپنے بیٹے کو بھیجا۔
11 اَے عزیز دوستوں! جَب خُدا نے ہم سے اَیسی مَحَبّت رکھی تو لازِم ہے کہ ہم بھی ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھیں۔
12 خُدا کو کسی نے کبھی نہیں دیکھا لیکن اگر ہم ایک دُوسرے سے مَحَبّت رکھتے ہیں تو خُدا ہمارے اَندر رہتاہے اَور اُس کی مَحَبّت ہمارے دِلوں میں کامِل ہو جاتی ہے۔
13 چونکہ خُدا نے اَپنا پاک رُوح ہمیں عطا فرمایاہے اِس لیٔے ہم جانتے ہیں کہ وہ ہم میں اَور ہم اُس میں قائِم رہتے ہیں۔
14 اَور ہم نے دیکھ لیا ہے اَور اَب گواہی دیتے ہیں کہ آسمانی باپ نے اَپنے بیٹے کو دُنیا کا مُنجّی بنا کر بھیجا ہے۔
15 جو کویٔی اقرار کرتا ہے کہ یِسوعؔ خُدا کے بیٹے ہیں، تو خُدا اُن کے اَندر اَور وہ خُدا میں پایٔے جاتے ہیں۔
16 اَور اِس لیٔے جو مَحَبّت خُدا کو ہم سے ہے، اُس مَحَبّت کو ہم جان گیٔے ہیں اَور ہمیں اُس کے مَحَبّت کا یقین ہے۔
خُدا مَحَبّت ہے اَورجو مَحَبّت میں قائِم رہتاہے وہ خُدا میں اَور خُدا اُس میں قائِم رہتاہے۔
17 پس اِسی سبب سے مَحَبّت ہمارے درمیان کامِل ہو چُکی ہے، اِس لیٔے ہم اِنصاف کے دِن پُوری دِلیری کے ساتھ کھڑے ہو سکیں گے کیونکہ ہم اِس دُنیا میں یِسوعؔ کی مانند زندگی گزار رہے ہیں۔
18 مَحَبّت میں ذرا سا بھی خوف نہیں ہوتا۔ لیکن کامِل مَحَبّت خوف کو دُور کردیتی ہے کیونکہ خوف کا تعلّق سزا سے ہوتاہے۔ اَورجو کویٔی خوف رکھتا ہے وہ مَحَبّت میں کامِل نہیں ہوتا۔
19 ہم اِس لیٔے مَحَبّت رکھتے ہیں کیونکہ پہلے خُدا نے ہم سے مَحَبّت رکھی۔
20 اگر کویٔی کہے کہ وہ خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے مگر اَپنے بھایٔی یا بہن سے عداوت رکھتا ہے تو وہ جھُوٹا ہے۔ کیونکہ جو اَپنے بھایٔی یا بہن سے جسے اُس نے دیکھاہے، مَحَبّت نہیں کرتا تو وہ خُدا سے کیسے مَحَبّت کر سَکتا ہے جسے اُس نے دیکھا تک نہیں؟
21 ہمیں تو خُدا کی طرف سے یہ حُکم مِلا ہے: جو کویٔی خُدا سے مَحَبّت رکھتا ہے اُسے لازِم ہے کہ اَپنے بھایٔی اَور بہن سے بھی مَحَبّت رکھے۔