قُضاۃ
کی کِتاب
1
بنی اِسرائیل کی باقی ماندہ کنعانیوں سے جنگ
1 یہوشُعؔ کی موت کے بعد بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ سے پُوچھا، ”کنعانیوں سے جنگ کے لیٔے ہماری طرف سے پہلے کون چڑھائی کرے؟“
2 یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”یہُوداہؔ چڑھائی کریں گے کیونکہ مَیں نے وہ مُلک اُن کے ہاتھوں میں دے دیا ہے۔“
3 تَب یہُوداہؔ کے قبیلہ والوں نے اَپنے شمعُونی بھائیوں سے کہا، ”ہمارے ساتھ ہماری مِیراث کے علاقہ کی طرف چلو تاکہ ہم کنعانیوں سے لڑیں اَور اِسی طرح ہم بھی تمہاری مِیراث کے علاقہ میں تمہارے ساتھ چلیں گے۔“ چنانچہ بنی شمعُونؔ اُن کے ساتھ گیٔے۔
4 جَب بنی یہُوداہؔ نے چڑھائی کی تو یَاہوِہ نے کنعانیوں اَور پَرزّیوں کو اُن کے ہاتھوں میں کر دیا اَور اُنہُوں نے بزق کے مقام پر اُن میں سے دس ہزار افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔
5 وہاں اُن کا سامنا ادونی بزق سے ہُوا اَور اُنہُوں نے اُس سے جنگ کی اَور کنعانیوں اَور پَرزّیوں کو پسپا کر دیا۔
6 ادونی بزق بھاگ گیا لیکن اُنہُوں نے اُس کا تعاقب کرکے اُسے گِرفتار کر لیا اَور اُس کے ہاتھ پاؤں کے انگُوٹھے کاٹ ڈالے۔
7 تَب ادونی بزق نے کہا، ”ستّر بادشاہ جِن کے ہاتھ پاؤں کے انگُوٹھے کٹے ہُوئے تھے میری میز کے نیچے ٹکڑے بٹورا کرتے تھے۔ جَیسا سلُوک مَیں نے اُن کے ساتھ کیا تھا وَیسا ہی بدلہ اَب یَاہوِہ نے مُجھے دیا ہے۔“ وہ اُسے یروشلیمؔ لے آئے جہاں اُس نے وفات پائی۔
8 بنی یہُوداہؔ نے یروشلیمؔ پر حملہ کیا اَور اُسے اَپنے قبضہ میں لے کر اہلِ شہر کو تہِ تیغ کر دیا اَور شہر کو آگ لگا دی۔
9 اُس کے بعد بنی یہُوداہؔ اُن کنعانیوں سے لڑنے کو گیٔے جو کوہستانی مُلک، جُنوبی علاقہ اَور مغرب کے نشینی علاقہ میں رہتے تھے۔
10 وہ حِبرونؔ (جو پہلے قِریت اربعؔ کہلاتا تھا) میں رہنے والے بنی یہُوداہؔ نے کنعانیوں پر چڑھ آئے اَور شیشائی، احیمانؔ اَور تلمی کو شِکست دی۔
11 وہاں سے آگے جا کر اُنہُوں نے دبیرؔ کے باشِندوں پر چڑھائی کی (جو پہلے قِریت سِفرؔ کہلاتا تھا)۔
12 اَور کالبؔ نے کہا، ”جو آدمی قِریت سِفرؔ پر حملہ کرکے اُسے قبضہ میں لے گا میں اُس سے اَپنی بیٹی عکسہؔ کی شادی کر دُوں گا۔“
13 کالبؔ کے چُھوٹے بھایٔی عتنی ایل بِن قِنٰز نے اُسے سَر کر لیا اِس لیٔے کالبؔ نے اَپنی بیٹی عکسہؔ کی شادی اُس سے کر دی۔
14 ایک دِن جَب وہ عتنی ایل کے پاس آئی تو اُس نے اُس سے اِصرار کیا کہ وہ اُس کے باپ سے ایک کھیت طلب کرے۔ جَب وہ اَپنے گدھے پر سے اُتری تو کالبؔ نے اُس سے پُوچھا، ”تُم کیا چاہتی ہو؟“
15 اُس نے کہا، ”مُجھ پر ایک خاص عنایت کرو۔ چونکہ آپ نے مُجھے جُنوب کے مُلک میں کچھ زمین دی ہے اِس لیٔے مُجھے پانی کے چشمے بھی دیں۔“ چنانچہ کالبؔ نے اُسے اُوپر کے اَور نیچے کے چشمے بھی عطا فرمائے۔
16 مَوشہ کے سسُر کی نَسل کے قینیؔ لوگ کھجوروں کے شہر سے بنی یہُوداہؔ کے ساتھ یہُوداہؔ کے بیابان کو گیٔے جو جُنوب میں عَرادؔ کے نزدیک ہے اَور وہاں اُن کے ساتھ رہنے لگے۔
17 پھر بنی یہُوداہؔ نے اَپنے بنی شمعُونؔ بھائیوں کے ساتھ جا کر صفتؔ میں رہنے والے کنعانیوں پر حملہ کیا اَور اُس شہر کو بالکُل تباہ کر ڈالا۔ اِس لیٔے اُس شہر کا نام حُرمہؔ پڑا۔
18 یہُوداہؔ نے غزّہؔ، اشقلونؔ اَور عقرونؔ شہروں کو اُن کے گِردونواح کے علاقوں سمیت اَپنے قبضہ میں کر لیا۔
19 یَاہوِہ بنی یہُوداہؔ کے ساتھ تھا۔ اُنہُوں نے کوہستانی مُلک پر تو قبضہ کر لیا لیکن وہ ہموار علاقوں سے لوگوں کو نہ نکال سکے کیونکہ اُن لوگوں کے پاس آہنی رتھ تھے۔
20 مَوشہ کے وعدہ کے مُطابق حِبرونؔ کالبؔ کو دیا گیا کیونکہ اُس نے وہاں سے عناق کے تینوں بیٹوں کو نکال دیا تھا۔
21 البتّہ بنی بِنیامین یروشلیمؔ میں سکونت پذیر یبُوسیوں کو وہاں سے ہٹانے میں ناکام رہے۔ اِس لیٔے آج کے دِن تک یبُوسی وہاں بنی بِنیامین کے ساتھ رہتے ہیں۔
22 اَب یُوسیفؔ کے گھرانے نے بیت ایل پر چڑھائی کی اَور یَاہوِہ اُن کے ساتھ تھا۔
23 جَب یُوسیفؔ کے خاندان نے بیت ایل (جو پہلے لُوزؔ کہلاتا تھا) شہر کا جائزہ لینے کے لیٔے لوگوں کو بھیجا
24 تو جاسُوسوں نے ایک شخص کو شہر سے باہر آتے ہُوئے دیکھا اَور اُس سے کہا، ”ہمیں شہر میں داخل ہونے کی راہ بتا تو ہم تمہارے ساتھ مہربانی سے پیش آئیں گے۔“
25 تَب اُس نے اُنہیں راہ بتا دی اَور اُنہُوں نے شہر والوں کو تہِ تیغ کر ڈالا۔ لیکن اُس شخص اَور اُس کے سارے خاندان کو چھوڑ دیا۔
26 تَب وہ حِتّیوں کے مُلک میں گیا اَور وہاں اُس نے ایک شہر بسایا اَور اُس کا نام لُوزؔ رکھا۔ چنانچہ آج تک اُس کا یہی نام ہے۔
27 لیکن منشّہ نے بیت شانؔ، تعناکؔ، دورؔ، اِبلیعامؔ اَور مگِدّوؔ اَور اُن کے گِردونواح کے قصبوں کے لوگوں کو نہ نکالا کیونکہ کنعانی آ سِی مُلک میں رہنے پر بضِد تھے۔
28 جَب بنی اِسرائیل برسرِاقتدار آئے تو اُنہُوں نے کنعانیوں کو بیگار میں کام کرنے پر مجبُور کیا لیکن اُنہیں پُورے طور پر نہیں نکالا۔
29 نہ ہی اِفرائیمؔ نے گِزرؔ میں رہنے والے کنعانیوں کو نکالا بَلکہ کنعانی اُن کے درمیان وہاں بسے رہے۔
30 نہ ہی زبُولُون نے قِطرونؔ اَور نہلولؔ میں رہنے والے کنعانیوں کو نکالا جو اُن کے درمیان بسے رہے۔ البتّہ اُنہُوں نے اُنہیں بیگار میں کام کرنے پر ضروُر مجبُور کیا۔
31 نہ آشیر نے عکّوؔ، صیدونؔ، احلابؔ، اَکزِیبؔ، حلبہؔ، افیقؔ یا رحوبؔ کے باشِندوں کو نکالا۔
32 اَور اِسی وجہ سے بنی آشیر مُلک کے کنعانی باشِندوں کے ساتھ بس گیٔے کیونکہ اُنہُوں نے اُنہیں نہیں نکالا۔
33 نہ ہی نفتالی نے بیت شِمِشؔ یا بیت عناتؔ کے باشِندوں کو نکالا بَلکہ بنی نفتالی بھی کنعانی باشِندوں کے ساتھ بس گیٔے اَور بیت شمسؔ اَور بیت عناتؔ کے باشِندے اُن کے لیٔے بیگار میں کام کرنے لگے۔
34 امُوریوں نے بنی دانؔ کو کوہستانی مُلک تک ہی محدُود رکھا اَور اُنہیں وادی میں نیچے نہ آنے دیا۔
35 اَور امُوری بھی کوہِ حیریسؔ، ایّالونؔ اَور شعلبِیمؔ میں بسے رہنے پر بضِد رہے لیکن جَب یُوسیفؔ کا خاندان برسرِاقتدار آیا تو وہ بھی بیگار میں کام کرنے پر مجبُور ہو گئے۔
36 امُوریوں کی سرحد درّۂ عقرابیمؔ سے سیلاؔ سے پرے تک تھی۔