18
بقیّہ مُلک کی تقسیم
1 بنی اِسرائیل کی ساری جماعت شیلوہؔ میں جمع ہُوئی اَور وہاں خیمہ اِجتماع کھڑا کیا۔ وہ مُلک اُن کے قبضہ میں آ چُکاتھا۔
2 لیکن اِسرائیلیوں کے سات قبیلے اَیسے تھے جنہوں نے اَب تک اَپنی مِیراث نہ پائی تھی۔
3 اِس لیٔے یہوشُعؔ نے بنی اِسرائیل سے کہا: ”جو مُلک یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے تُمہیں عنایت کیا ہے اُس پر قبضہ جمانے کے لیٔے تُم کب تک اِنتظار کرتے رہوگے؟
4 اَب ہر قبیلہ میں سے تین تین شخص مُنتخب کرو۔ میں اُنہیں بھیجوں گا تاکہ وہ مُلک کا جائزہ لیں اَور ہر ایک کی مِیراث کے مُطابق اُس کا حال لکھیں اَور تَب وہ میرے پاس لَوٹ آئیں۔
5 تُم اُس مُلک کو سات حِصّوں میں تقسیم کر لو۔ یہُوداہؔ جُنوب میں اَپنے علاقہ میں رہیں اَور یُوسیفؔ کا گھرانا شمال میں اَپنے حِصّہ میں رہے۔
6 جَب تُم مُلک کے ساتوں حِصّوں کا حال لِکھ چُکو تو اُسے یہاں میرے پاس لاؤ اَور مَیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے سامنے تمہارے لیٔے قُرعہ ڈالوں گا۔
7 البتّہ لیویوں کا تمہارے درمیان کویٔی حِصّہ نہیں ہوگا کیونکہ یَاہوِہ کی کہانت اُن کی مِیراث ہے۔ اَور گادؔ، رُوبِنؔ اَور منشّہ کا نِصف قبیلے یردنؔ کے اِس پار مشرق میں اَپنی مِیراث پا ہی چُکے ہیں جو یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے اُنہیں دی تھی۔“
8 جوں ہی وہ لوگ اُس مُلک کا نقشہ تیّار کرنے کے لیٔے جانے لگے یہوشُعؔ نے اُن کو یہ ہدایات دیں، ”جاؤ اَور اُس مُلک کا جائزہ لو اَور اُس کا حال قلم بند کرو۔ پھر میرے پاس لَوٹ آؤ اَور مَیں یہاں شیلوہؔ مَیں یَاہوِہ کے سامنے تمہارے لیٔے قُرعہ ڈالوں گا۔“
9 چنانچہ وہ لوگ چلے گیٔے اَور مُلک میں گھُومتے رہے۔ اُنہُوں نے ساتوں حِصّوں کے ہر ایک شہر کا حال ایک طُومار پر لِکھّا اَور شیلوہؔ کی چھاؤنی میں یہوشُعؔ کے پاس لَوٹ آئے۔
10 تَب یہوشُعؔ نے شیلوہؔ میں یَاہوِہ کے سامنے اُن کے لیٔے قُرعہ ڈالا اَور وہیں اُنہُوں نے وہ مُلک اِسرائیلیوں کو اُن کے آبائی قبیلوں کے مُطابق بانٹ دیا۔
بنی بِنیامین کا حِصّہ
11 اَور بنی بِنیامین کے قبیلہ کا قُرعہ اُن کے برادریوں کے مُطابق نِکلا اَور اُن کے حِصّہ کی حَد یہُوداہؔ اَور یُوسیفؔ کے قبیلوں کے درمیان نکل آئی،
12 شمال کی جانِب اُن کی حَد یردنؔ سے شروع ہُوئی اَور یریحوؔ کے شمالی نشیب میں سے گزرتی ہُوئی مغرب کی جانِب کوہستانی مُلک سے ہوکر بیت آوِنؔ کے بیابان تک پہُنچی۔
13 وہاں سے وہ لُوزؔ (یعنی بیت ایل) کے جُنوبی نشیب میں پہُنچی اَور وہاں سے اُس پہاڑ کے برابر ہوتی ہُوئی جو نِچلے بیت حَورُونؔ کے جُنوب میں ہے عطاروتؔ ادّارؔ کو جا نکلی۔
14 اَور وہ مغرب کی طرف سے مُڑ کر جُنوب کی طرف نیچے آئی اَور بیت حَورُونؔ کے سامنے کے پہاڑ سے ہوتی ہُوئی جُنوب کی طرف یہُودیوں کے ایک شہر قِریت بَعل (یعنی قِریت یعریمؔ) میں نکل آئی۔ یہ مغربی حَد ٹھہری۔
15 جُنوبی حَد قِریت یعریمؔ کی بیرونی حَد سے شروع ہوکر مغرب کی طرف آبِ نفتوحؔ کے چشمہ تک چلی گئی۔
16 وہاں سے وہ حَد اُس پہاڑ کے دامن تک چلی گئی جو بین ہِنَّومؔ کی وادی کے سامنے ہے اَور رفائیمؔ کی وادی کے شمال میں ہے۔ وہاں سے وہ ہِنَّومؔ کی وادی سے اُترتی ہُوئی اَور یبُوسیوں کے شہر کی جُنوبی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی عینؔ روگلؔ کو پہُنچی۔
17 پھر وہ شمال کی جانِب مُڑ کر عینؔ شِمِشؔ سے گزرتی ہُوئی گیلِلَوتؔ کو گئی جو ادُمّیمؔ کے درّہ کے مقابل ہے۔ وہاں سے وہ رُوبِنؔ کے بیٹے بوہنؔ کے پتّھر تک اُتر گئی۔
18 وہاں سے وہ بیت عراباہؔ کی شمالی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی عراباہؔ میں جا اُتری۔
19 پھر وہ بیت حوگلہؔ کی شمالی ڈھلان سے ہوتی ہُوئی بحرمُردار کی شمالی خلیج میں جا نکلی جو جُنوب میں یردنؔ کے دہانے پر واقع ہے۔ یہ جُنوبی حَد تھی۔
20 اَور اُس کی مشرقی سمت کی حَد یردنؔ تک تھی۔
بنی بِنیامین کے برادریوں کی مِیراث کی چاروں طرف کی حُدوُد یہی تھیں۔
21 بنی بِنیامین کے قبیلہ کے شہر اُن کی برادریوں کے مُطابق یہ تھے،
یریحوؔ، بیت حوگلہؔ، عمقؔ قصیصؔ،
22 بیت عراباہؔ، صمریمؔ، بیت ایل،
23 عوّیمؔ، پارہؔ، عُفرہؔ،
24 کفرعمّونیؔ، عُفنیؔ، اَور گِبعؔ۔ یہ بَارہ شہر تھے جِن میں اُن کے دیہات بھی شامل تھے۔
25 گِبعونؔ، رامہؔ، بیروت،
26 مِصفاہؔ، کفیرہؔ، موضہؔ،
27 رِقمؔ، یِرفیلؔ، تَرالہؔ،
28 ضِلعؔ، اِلفؔ، یبُوسیوں کا شہر (یعنی یروشلیمؔ)، گِبعہؔ اَور قِریت۔ یہ چودہ شہر تھے اَور اُن کے ساتھ اُن کے دیہات بھی تھے۔
بِنیامین کی برادریوں کے مُطابق یہی اُن کی مِیراث تھی۔