4
جَب ساری قوم یردنؔ کے پار اُتر گئی تو یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”ہر قبیلہ میں سے ایک ایک آدمی لے کر بَارہ آدمی مُنتخب کرو، اَور اُنہیں یہ حُکم دو کہ وہ یردنؔ کے درمیان سے ٹھیک اُس جگہ سے جہاں کاہِنؔ کھڑے تھے بَارہ پتّھر لیں اَور اُنہیں اَپنے ساتھ لے جا کر اُس جگہ رکھیں جہاں آج کی رات تُم قِیام کروگے۔“
تَب یہوشُعؔ نے اُن بَارہ آدمیوں کو جنہیں اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کے ہر قبیلہ میں سے ایک ایک کرکے مُنتخب کیا تھا بُلایا، اَور یہوشُعؔ نے کہا اُن سے کہا، ”تُم خُدا اَپنے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یردنؔ کے درمیان جاؤ اَور تُم میں سے ہر ایک اِسرائیل کے قبیلوں کے شُمار کے مُطابق ایک ایک پتّھر اَپنے کندھے پر اُٹھالے، تاکہ یہ تمہارے درمیان ایک نِشان ہو اَور جَب آئندہ زمانہ میں تمہاری اَولاد یہ پُوچھے، ’اِن پتّھروں کا کیا مطلب ہے؟‘ تو تُم اُنہیں یہ جَواب دینا کہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے سامنے یردنؔ کے پانی کا بہنا رُک گیا تھا، کیونکہ جَب اُسے یردنؔ کے پار لے جایا جا رہاتھا تَب یردنؔ کا پانی دو حِصّے ہو گیا۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لیٔے بنی اِسرائیل کے لیٔے یادگار ٹھہریں گے۔“
چنانچہ بنی اِسرائیل نے یہوشُعؔ کے حُکم کے مُطابق کیا اَور جَیسا یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہاتھا وَیسا ہی اُنہُوں نے بنی اِسرائیل کے قبیلوں کے شُمار کے مُطابق یردنؔ کے درمیان سے بَارہ پتّھر اُٹھائے اَور اُنہیں اَپنے ساتھ اَپنی قِیام گاہ تک لے جا کر وہاں رکھ دیا۔ اَور یہوشُعؔ نے وہ بَارہ پتّھر نصب کئے جو یردنؔ کے درمیان ٹھیک اُس جگہ تھے جہاں عہد کا صندُوق اُٹھانے والے کاہِنؔ کھڑے تھے اَور آج کے دِن تک وہ پتّھر وہیں مَوجُود ہیں۔
10 اَورجو کاہِنؔ صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے وہ اُس وقت تک یردنؔ کے درمیان کھڑے رہے جَب تک کہ جو کچھ بھی یَاہوِہ نے یہوشُعؔ کو حُکم دیا تھا لوگوں نے وہ سَب وَیسا ہی کیا، جَیسا کہ مَوشہ نے یہوشُعؔ کو ہدایت دی تھی۔ لوگ جلدی سے آگے بڑھے۔ 11 اَور جَیسے ہی سَب لوگ پار اُترے یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اَور کاہِنؔ بھی لوگوں کے رُوبرو اُس پار اُترگئے۔ 12 اَور بنی رُوبِنؔ بنی گادؔ اَور منشّہ کے آدھے قبیلہ کے لوگ مَوشہ کے کہنے کے مُطابق ہتھیار اُٹھائے ہُوئے بنی اِسرائیل کے آگے آگے پار ہُوئے۔ 13 تقریباً چالیس ہزار مُسلّح آدمی یَاہوِہ کے حُضُور پار ہوکر یریحوؔ کے میدانوں میں پہُنچے تاکہ جنگ کریں۔
14 اُس دِن یَاہوِہ نے سارے اِسرائیلیوں کے سامنے یہوشُعؔ کو سرفراز کیا اَور جَیسے وہ مَوشہ کا اِحترام کرتے تھے وَیسے ہی زندگی بھر اُن کا اِحترام کرتے رہے۔
15 تَب یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، 16 ”گواہی کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے کاہِنوں کو حُکم دو کہ وہ یردنؔ میں سے نکل آئیں۔“
17 چنانچہ یہوشُعؔ نے کاہِنوں کو حُکم دیا، ”یردنؔ میں سے نکل آؤ۔“
18 اَور کاہِنؔ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے دریا میں سے نکل آئے اَور جوں ہی اُنہُوں نے اَپنے قدم خشک زمین پر رکھے یردنؔ کا پانی اَپنی جگہ واپس آ گیا اَور پہلے کی طرح اَپنے کناروں کے اُوپر سے بہنے لگا۔
19 پہلے مہینے کے دسویں دِن لوگ یردنؔ سے نکل کر یریحوؔ کی مشرقی سرحد پر گِلگالؔ میں خیمہ زن ہُوئے۔ 20 اَور یہوشُعؔ نے اُن بَارہ پتّھروں کو جنہیں وہ یردنؔ سے نکال لایٔے تھے گِلگالؔ میں نصب کیا۔ 21 اَور اُنہُوں نے بنی اِسرائیل سے کہا، ”آئندہ جَب تمہاری اَولاد اَپنے اَپنے آباؤاَجداد سے پُوچھے، ’اِن پتّھروں کا کیا مطلب ہے؟‘ 22 تو اُن سے کہنا، ’اِسرائیل خشک زمین پر سے ہوتے ہُوئے یردنؔ پار کر گیٔے تھے۔‘ 23 کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تمہارے پار ہونے تک یردنؔ کے پانی کو تمہارے سامنے سے ہٹا کر خشک کر دیا تھا۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے یردنؔ کے ساتھ وَیسا ہی کیا جَیسا اُنہُوں نے بحرِقُلزمؔ کے ساتھ کیا تھا جَب اُنہُوں نے اُسے ہمارے پار ہونے تک یردنؔ کے پانی کو سُکھائے رکھا تھا۔ 24 اُنہُوں نے یہ اِس لیٔے کیا تاکہ دُنیا کی ساری قومیں جان لیں کہ یَاہوِہ کا ہاتھ زورآور ہے اَور تُم ہمیشہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف مانتے رہو۔“