6
شُلومونؔ کا بیت المُقدّس کو تعمیر کرنا
شُلومونؔ نے بنی اِسرائیل کے مِصر سے نکل آنے کے چار سَو اسّی ویں سال میں اَور بنی اِسرائیل پر اَپنے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال میں زِیوؔ کے مہینے میں جو کہ سال کا دُوسرا مہینہ ہے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو تعمیر کرنا شروع کیا۔
اَورجو بیت المُقدّس شُلومونؔ بادشاہ نے یَاہوِہ کے لیٔے تعمیر کیا اُس کی لمبائی ساٹھ ہاتھ، چوڑائی بیس ہاتھ اَور اُونچائی تیس ہاتھ تھی۔ اَور اُس بیت المُقدّس کے بڑے کمرہ کے سامنے برامدہ بنوایا جِس سے اُس بیت المُقدّس کی چوڑائی بیس ہاتھ اَور وسیع ہو گئی۔ اَور وہ اُس بیت المُقدّس کے سامنے والے حِصّہ سے دس ہاتھ* آگے نِکلا ہُوا تھا۔ شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کی دیواروں کے اُوپر تنگ جالی دار جھروکے بھی بنوائے۔ اَور مَقدِس کی باہری اَور اَندرونی دیواروں کے چاروں طرف شُلومونؔ نے تمام بڑے بڑے کمرے تعمیر کروائے، جِس میں حُجرے بھی شامل تھے۔ عمارت تین مَنزل اُونچی تھی، سَب سے نِچلی مَنزل پانچ ہاتھ چوڑی تھی، اَور بیچ کی چھ ہاتھ، اَور تیسری مَنزل ساتھ ہاتھ چوڑی تھی۔ شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کی باہری دیوار سُتون پر بنوائی تاکہ بَلّیوں کو بیت المُقدّس کی دیواروں میں سوراخ کرکے اَندر نہ ڈالنا پڑے۔
بیت المُقدّس کو تعمیر کرنے کے لیٔے پتّھروں کے صِرف وُہی ٹکڑے اِستعمال کئے گیٔے جو کھدان سے نکالتے وقت تراشے گیٔے تھے۔ اَور جَب وہ بیت المُقدّس تعمیر کیا جا رہاتھا تو وہاں ہتھوڑے، چھینی یا لوہے کے کسی اوزار کی آواز سُنایٔی نہ دی۔
سَب سے نِچلی مَنزل کا دروازہ بیت المُقدّس کے جُنوب کی طرف تھا؛ اَور ایک زینہ بیچ والی مَنزل تک اَور پھر وہاں سے تیسری مَنزل تک پہُنچتا تھا۔ لہٰذا شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کو تعمیر کرنے کا کام پُورا کیا، اَور بیت المُقدّس کی چھت، دیودار کی شہتیروں اَور پٹریوں سے مُکمّل کی۔ 10 اَور شُلومونؔ نے تمام بیت المُقدّس کے اِردگرد حُجرے تعمیر کروائے جِن میں سے ہر ایک کی اُونچائی سَوا دو میٹر تھی اَور وہ دیودار کی لٹک شہتیروں کے ذریعہ بیت المُقدّس کی چھت کو سنبھالے ہویٔے تھے۔
11 اَور یَاہوِہ کا کلام شُلومونؔ پر نازل ہُوا: 12 ”یہ بیت المُقدّس جو تُم تعمیر کر رہے ہو اُس کے متعلّق میرا قوانین یہ ہے کہ اگر تُم میرے آئین پر عَمل کرو اَور میرے تمام اَحکام پر عَمل کروگے اَور اُن کی تعمیل کرو تو میں اَپنا وعدہ جو مَیں نے تمہارے باپ داویؔد سے کیا تھا، اُسے تمہارے ذریعہ پُورا کروں گا۔ 13 اَور مَیں بنی اِسرائیل کے درمیان سکونت کروں گا اَور اَپنی اُمّت بنی اِسرائیل کو ترک نہ کروں گا۔“
14 چنانچہ شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کو تعمیر کرنے کا کام مُکمّل کیا۔ 15 اَور شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کی اَندرونی دیواروں پر دیودار کے پرت دار لکڑی لگائی اَور بیت المُقدّس کو فرش سے لے کر چھت تک دیودار کی پٹّیوں سے سجا دیا اَور بیت المُقدّس کے فرش کو صنوبر کی پٹریوں سے ڈھانپ دیا۔ 16 اَور شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کے اَندر پاک ترین مقام بنانے کے لیٔے، اِس کے پیچھے کی دیوار سے بیس ہاتھ اَندرونی حِصّہ میں ایک دیوار تعمیر کروائی جو زمین سے لے کر چھت تک دیودار کی بنی ہویٔی تھی۔ اِس سے ایک اَندرونی کمرہ تعمیر کیا گیا جو نہایت ہی پاک ترین مقام تھا۔ 17 پاک ترین مقام کے سامنے ایک بڑا کمرہ تھا جو چالیس ہاتھ لمبا تھا۔ 18 بیت المُقدّس کی دیواروں کا اَندرونی حِصّہ دیودار کی لکڑی سے مُزیّن تھا جِس پر لٹّو اَور کھِلے ہُوئے پھُول کندہ کئےگئے تھے۔ سَب کچھ دیودار سے ڈھکا ہُوا تھا اَور بیت المُقدّس کے اَندرونی دیواروں کا کویٔی بھی پتّھر دِکھائی نہیں دیتا تھا۔
19 اَور شُلومونؔ نے پاک مَقدِس کے اَندر ایک پاک ترین مقام تعمیر کروایا تاکہ اِس کے اَندر یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو وہاں رکھّا جا سکے۔ 20 اِس پاک مَقدِس کی لمبائی بیس ہاتھ، چوڑائی بیس ہاتھ، اَور اُونچائی بیس ہاتھ تھی۔ شُلومونؔ نے اِس کے اَندرونی حِصّہ کو اَور دیودار سے بنے ہویٔے مذبح کو بھی خالص سونے سے منڈھوا دیا تھا۔ 21 شُلومونؔ نے مَقدِس کے اَندرونی حِصّہ کو خالص سونے سے منڈھوا دیا تھا اَور اَندرونی پاک ترین مقام کے سامنے والے حِصّہ کو سونے کی زنجیروں سے تنوا دیا۔ 22 چنانچہ شُلومونؔ نے پُورے بیت المُقدّس کے اَندرونی حِصّہ کو سونے سے منڈھوا دیا۔ اِس کے علاوہ اُنہُوں نے اَندرونی پاک مَقدِس کے پُورے مذبح کو بھی سونے سے منڈھوا دیا۔
23 اَور اُنہُوں نے پاک مَقدِس میں زَیتُون کی لکڑی کے دو کروبیم بنوائے جِن کی اُونچائی دس ہاتھ تھی۔ 24 پہلے کروب کے دونوں پر اَور بازو، پانچ پانچ ہاتھ کے برابر تھے، ایک بازو کے سِرے سے لے کر دُوسرے بازو کے سِرے تک لمبائی دس ہاتھ تھی۔ 25 اِسی طرح دُوسرے کروب کا بازو بھی دس ہاتھ اُونچا تھا، اَور دونوں کروبیم جِسامت اَور بناوٹ میں یکساں تھے۔ 26 اَور ہر ایک کروب کی اُونچائی دس ہاتھ تھی۔ 27 شُلومونؔ نے دونوں کروبیم کو بیت المُقدّس کے بالکُل اَندرونی کمرہ میں رکھّا اَور اُن کے پر پھیلے ہُوئے تھے، ایک کروب کا پر ایک دیوار کو چھُوتا تھا جَب کہ دُوسرے کروب کا پر دُوسری دیوار کو چھُوتا تھا اَور اُن کے پر کمرہ کے وَسط میں ایک دُوسرے سے ملے ہُوئے تھے۔ 28 اَور شُلومونؔ نے کروبیم کو بھی سونے سے منڈھوا دیا تھا۔
29 اَور اِس کے بعد شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کے اَندرونی اَور بیرونی سبھی دیواروں پر کروبیم، کھجور کے درخت اَور کھِلے ہُوئے پھُولوں کی شَبیہ کندہ کیں۔ 30 اَور شُلومونؔ نے بیت المُقدّس کے اَندرونی اَور بیرونی دونوں ہی پاک کمروں کے فرش کو بھی سونے سے منڈھوا دیا۔
31 اَور اَندرونی پاک مَقدِس میں داخل ہونے کے لیٔے اُنہُوں نے زَیتُون کی لکڑی کے دو دروازے بنائے جو نوک دار محراب کی مانند تھے۔ 32 اَور زَیتُون کے دو پَلّے والے دروازوں پر شُلومونؔ نے کروبیم، کھجور کے درخت اَور کھِلے ہُوئے پھُول کندہ کئے، کروبیم اَور کھجور کے درختوں پر سونے کی پرت سے منڈھوا دیا۔ 33 اِس طرح بڑے کمرے میں داخل ہونے کے لیٔے اُنہُوں نے زَیتُون کی لکڑی کی چوکور چوکھٹیں بنوائیں۔ 34 شُلومونؔ نے دو دروازے صنوبر کی لکڑی کے بھی بنوائے جِن میں سے ہر ایک کے دو دو پَلّے تھے جو قبضے دار اَور مُڑنے والے تھے۔ 35 اُنہُوں نے اُن دروازوں پر کروبیم، کھجور کے درخت اَور کھِلے ہُوئے پھُول کندہ کروائے اَور کھجور کے درختوں پر سونے کی پرت سے منڈھوا دیا۔
36 شُلومونؔ نے اَندر کے صحن کے تین ردّے تراشے ہُوئے پتّھر کے اَور ایک ردّا دیودار کے رندہ کئے ہُوئے بَلّیوں سے بنوایا۔
37 چوتھے سال میں زِیوؔ کے مہینے میں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد رکھی گئی تھی۔ 38 اَور گیارھویں سال کے بُولؔ کے مہینے میں جو اصل میں آٹھواں مہینہ ہے، یَاہوِہ کا بیت المُقدّس اَپنے تمام سَب حِصّوں کے ساتھ اَپنے نقشہ کے عَین مُطابق بَن کر تیّار ہو گیا تھا۔ چنانچہ شُلومونؔ کو اِسے تعمیر کرنے میں سات سال لگے۔
* 6:3 دس ہاتھ چار میٹر پانچ سینٹی میٹر 6:17 چالیس ہاتھ اٹھّارہ میٹر