اَحبار
کی کِتاب
1
سوختنی قُربانی کے طور طریقے
یَاہوِہ نے خیمہ اِجتماع سے مَوشہ کو بُلایا۔ اَور اُن سے فرمایا، ”اِسرائیلیوں سے مُخاطِب ہو اَور اُن کو حُکم دو: ’جَب تُم میں سے کوئی اِنسان یَاہوِہ کے لیٔے کویٔی نذر لایٔے، تو وہ اَپنے گلّے میں سے گائے بَیل یا بھیڑ بکری کی قُربانی دے۔
” ’اگر وہ نذر گلّہ کا جانور ہو تو وہ بے عیب نر ہو اَور لازِم ہے کہ نذر لانے والا اُسے خیمہ اِجتماع کے مدخل پر سوختنی نذر کے طور پر نذر کرے تاکہ وہ یَاہوِہ کے حُضُور مقبُول ٹھہرے۔ اَور وہ سوختنی نذر کے جانور کے سَر پر اَپنا ہاتھ رکھے اَور وہ اُس کی جانِب سے اُس کے لیٔے بطور کفّارہ قبُول ہوگا۔ اَور وہ اُس بچھڑے کو یَاہوِہ کے حُضُور ذبح کرے اَور پھر اَہرونؔ کے بیٹے جو کاہِنؔ ہیں اُس کا خُون لائیں اَور اُسے خیمہ اِجتماع کے مدخل پر مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیں۔ پھر وہ سوختنی نذر کے اُس جانور کی کھال اُتاریں اَور اُسے ٹُکڑوں میں کاٹیں۔ اَور اَہرونؔ کے بیٹے جو کاہِنؔ ہیں مذبح پر آگ رکھیں اَور اُس آگ پر ترتیب سے لکڑیاں سجا کر رکھیں۔ پھر اَہرونؔ کے بیٹے جو کاہِنؔ ہیں اُن ٹُکڑوں کو سَر اَور چربی سمیت جلتی لکڑیوں پرجو مذبح پر ہیں ترتیب سے رکھ دیں۔ اَور لیکن تُم اُس جانور کی آنتوں اَور پیروں کو پانی سے دھونا اَور پھر کاہِنؔ اِن سبھی کو مذبح پر جَلائے تاکہ یہ سوختنی نذر یہ یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی نذر ہو۔
10 ” ’اَور اگر اُس کی نذر گلّے کی ہو یعنی بھیڑ یا بکریوں میں سے سوختنی نذر ہو، تو وہ بے عیب نر کی قُربانی دے۔ 11 وہ اُسے یَاہوِہ کے حُضُور میں مذبح کی شمالی سمت ذبح کرے اَور اَہرونؔ کے بیٹے جو کاہِنؔ ہیں، اُس کا خُون مذبح کے چاروں طرف چھڑک دیں۔ 12 پھر وہ اُسے کاٹ کر اُس کے ٹکڑے کریں اَور کاہِنؔ اُن ٹُکڑوں کو سَر اَور چربی سمیت مذبح پر جلتی لکڑیوں پر ترتیب سے رکھ دیں۔ 13 لیکن وہ آنتوں اَور پیروں کو پانی سے دھولیں۔ تَب کاہِنؔ سَب کو لے کر مذبح پر جَلا دے تاکہ یہ سوختنی نذر یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہوگی۔
14 ” ’اگر اُس کی نذر یَاہوِہ کے لیٔے پرندوں کی سوختنی نذر ہے تو وہ قُمریوں یا کبُوتر کا بچّہ نذر کرے۔ 15 اَور کاہِنؔ اُسے مذبح پر لاکر اُس کا سَر مروڑ ڈالے، اَور اُسے مذبح پر جَلا دے لیکن اُس کے خُون کو مذبح کے پہلو پر ٹپک جانے دے۔ 16 اَور اُس کے گلے کی تھیلی بال اَور پَر سمیت نکال لے اَور اُسے لے جا کر مذبح کی مشرقی جانِب کی طرف راکھ ڈالنے کی جگہ میں پھینک دے۔ 17 پھر وہ اُس کے دونوں بازوؤں کو پکڑکر اُسے چیرے لیکن الگ الگ نہ کرے اَور کاہِنؔ اِن سبھی کو سوختنی نذر کے واسطے مذبح کی آگ پر جَلا دے۔ یہ سوختنی نذر، یَاہوِہ کے حُضُور غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہوگی۔