23
مُقرّرہ عیدیں
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو، ’یہ یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدیں ہیں، جنہیں تُم مُقدّس اِجتماعات کے طور پر اعلان کرنا؛ میری مُقرّرہ عیدیں یہ ہیں:
سَبت آرام کا دِن
” ’چھ دِن ہیں جِن میں تُم کام کاج کر سکتے ہو لیکن ساتواں دِن مُکمّل آرام کا سَبت اَور مُقدّس اِجتماع کا دِن ہے۔ لہٰذا جہاں کہیں بھی تمہاری رہائش ہو تُم اُس دِن کویٔی بھی کام نہ کرنا کیونکہ یہ یَاہوِہ کے لیٔے ایک سَبت ہوگا۔
عیدِفسح اَور بے خمیری روٹی کی عید
” ’یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدیں جِن کا اعلان تُمہیں مُقدّس اِجتماعات کے لیٔے مُقرّرہ وقت پر کرنا ہوگا، یہ ہیں۔ یَاہوِہ کا عیدِفسح پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو شام کے وقت شروع ہوتاہے۔ اَور اُسی مہینے کے پندرھویں دِن کو یَاہوِہ کی بے خمیری روٹی کی عید شروع ہوتی ہے؛ سات دِن تک تُم بے خمیری روٹی کھانا۔ پہلے دِن مُقدّس اِجتماع ہوگا اَور اِس دِن تُم عام دِنوں کی طرح کویٔی کام بالکُل نہ کرنا۔ اَور ساتویں دِن تک تُم یَاہوِہ کو آتِشی قُربانیاں پیش کرنا۔ اَور پھر ساتویں دِن پھر تمہارا مُقدّس اِجتماع ہو اَور حسبِ معمول کویٔی کام نہ کرنا۔‘ “
فصل کے پہلے پھل
اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 10 ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو، ’جَب تُم اُس مُلک میں داخل ہو جاؤ، جسے میں تُمہیں دینے والا ہُوں اَور وہاں تُم اَپنی پہلی فصل کاٹو، تو تُم اَپنی پہلی فصل کے پُولوں کو کاہِنؔ کے پاس لانا۔ 11 اَور کاہِنؔ اِن پُولوں کو یَاہوِہ کے حُضُور بطور لہرانے کی قُربانی گزرانے، تَب وہ تمہاری طرف سے یَاہوِہ کی نظر میں مقبُول ٹھہرے گی؛ اَور کاہِنؔ اُسے سَبت کے بعد اگلے دِن لہرائے۔ 12 اَور جِس دِن تُم اُن پُولوں کو لہرانے کی قُربانی کے طور پر پیش کرو، اُسی دِن تُم ایک یک سالہ بے عیب برّہ بطور سوختنی نذر ضروُر یَاہوِہ کے لئے پیش کرنا۔ 13 اَور اُس کے ساتھ گلّے کی قُربانی میں تیل اَور ایک ایفہ مَیدہ* مِلا کر یَاہوِہ کے حُضُور فرحت بخش خُوشبو کے طور پر آتِشی قُربانی پیش کی جایٔے۔ اَور اِس کے علاوہ اُس کے ساتھ انگوری شِیرے کی نذر کے لیٔے ایک پاؤ ہین انگوری شِیرہ بھی نذر کرنا۔ 14 اَور جَب تک تُم اَپنے خُدا کے لیٔے یہ قُربانی نہ لے آؤ، اُس دِن تک تُم نئی فصل کی روٹی، بھُنا ہُوا دانہ یا ہری بالیں ہرگز نہ کھانا۔ یہ تمہاری سَب سکونت گاہوں میں تمہارے سارے خاندان میں تمہاری ساری پُشتوں کے لیٔے ایک دائمی فرمان ہے۔
ہفتہ کی عید
15 ” ’اَور تُم سَبت کے اگلے دِن سے، جَب ہلانے کی نذر کی قُربانی کے واسطے پُولے لاؤگے، تَب سے گننا شروع کرنا جَب تک پُورے سات ہفتے پُورے نہ ہو جایٔیں۔ 16 اَور ساتویں سَبت کے اگلے دِن سے پچاس دِنوں کی گِنتی کرنا؛ پھر تُم یَاہوِہ کے حُضُور نئے اناج کی نذر کی قُربانی پیش کرنا۔ 17 اَور جہاں کہیں تمہاری رہائش ہو وہاں سے تُم ہلانے کی نذر کی قُربانی کے واسطے دو دہائی ایفہ مَیدہ کی خمیری روٹیاں لانا؛ جو یَاہوِہ کو پہلے پھلوں کی ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر پیش کی جائے۔ 18 اَور روٹیوں کے ساتھ سات یک سالہ بے عیب نر برّہ، اَور ایک بچھڑا اَور دو مینڈھے بھی لانا تاکہ یہ سَب اناج کی نذریں اَور تپاون کی نذروں کے ساتھ یَاہوِہ کے حُضُور سوختنی نذر جو غِذا کی فرحت بخش خُوشبو والی آتِشی قُربانی ہو۔ 19 اَور پھر ایک بکرا گُناہ کی قُربانی کے لیٔے اَور دو یک سالہ برّے سلامتی کی نذر کے لیٔے ذبح کرنا۔ 20 اَور کاہِنؔ دونوں برّے اَور پہلے پھل کے دونوں روٹیاں لے اَور اُنہیں ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور ہلائے۔ یہ یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس قُربانیاں اَور کاہِنؔ کا مُقرّر حِصّہ ہیں۔ 21 اُسی دِن تُم مُقدّس اِجتماع کا اعلان کرنا اَور اُس دِن روزمرّہ کا کویٔی کام نہ کرنا۔ یہ تمہاری ساری پُشتوں میں تمہارے لیٔے ایک دائمی فرمان ہے۔
22 ” ’اَور جَب تُم اَپنی زمین کی فصل کاٹو، تو اَپنے کھیت کو کونے کونے تک پُورا نہ کاٹنا اَور نہ ہی اَپنے کھیت کی گری پڑی بالیں جمع کرنا بَلکہ اُنہیں غریبوں اَور تمہارے درمیان رہنے والے پردیسیوں کے لیٔے چھوڑ دینا۔ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔‘ “
نرسنگوں کی عید
23 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 24 ”بنی اِسرائیل کو حُکم دو، ’ساتویں مہینے کی پہلی تاریخ کو تمہارا یَومِ آرام ہوگا۔ اِس مُقدّس موقع پر اِجتماع کیا جائے اَور یادگاری کے لیٔے زور زور سے نرسنگے پھُونکے جایٔیں۔ 25 اُس دِن روزمرّہ کا کویٔی کام نہ کرنا، بَلکہ یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانی پیش کرنا۔‘ “
یَومِ کفّارہ
26 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 27 ”اُسی ساتویں مہینے کے دسویں دِن کو یَومِ کفّارہ ہے۔ اُس روز تمہارا مُقدّس اِجتماع ہو۔ تُم روزہ رکھنا اَور یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانی پیش کرنا۔ 28 اُس دِن کویٔی کام نہ کرنا کیونکہ یہ یَومِ کفّارہ ہے، جِس دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور کفّارہ دیا جائے۔ 29 جو کویٔی شخص اُس دِن روزہ نہیں رکھتا ہے، تو اُس شخص کو اُس کو اَپنے لوگوں میں سے خارج کر دیاجایٔے۔ 30 اَورجو کویٔی اُس دِن کویٔی کام کرےگا اُسے، میں اُس کے لوگوں میں سے فنا کر دُوں گا۔ 31 لہٰذا تُم اُس دِن کویٔی کام مت کرنا۔ یہ تمہاری ساری پُشتوں کے لیٔے ایک دائمی فرمان ہے جہاں بھی تُم رہوگے۔ 32 یہ تمہارے لیٔے مُکمّل آرام کا سَبت ہے، اَور اِس دِن تُم ضروُر روزہ رکھنا؛ یہ سَبت مہینے کی نویں تاریخ کو شام سے لے کر اگلے دِن کی شام تک مانا جائے۔“
خیموں کی عید
33 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 34 ”بنی اِسرائیل کو یہ حُکم دو، ’ساتویں مہینے کے پندرھویں دِن سے لے کر اگلے سات دِن تک یَاہوِہ کے خیموں کی عید شروع ہوتی ہے۔ 35 پہلا دِن مُقدّس اِجتماع کا دِن ہے۔ تُم اُس دِن روزمرّہ کا کویٔی کام نہ کرنا۔ 36 اَور سات دِن تک یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانیاں پیش کرنا اَور آٹھویں دِن مُقدّس اِجتماع کرنا اَور یَاہوِہ کے حُضُور آتِشی قُربانی پیش کرنا۔ وہ اِس عید کا آخِری اِجتماع ہوگا۔ لہٰذا اُس دِن روزمرّہ کا کویٔی کام نہ کرنا۔
37 ” ’یہ یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدیں ہیں جنہیں منانے کے لیٔے مُقدّس اِجتماعات منعقّد کئے جایٔیں تاکہ تُم یَاہوِہ کے حُضُور مُقرّرہ دِنوں پر سوختنی نذریں اَور اناج کی نذریں، قُربانیاں اَور تپاون کی نذر پیش کرنا۔ 38 یہ قُربانیاں اُن قُربانیوں کے علاوہ ہیں جنہیں تُم یَاہوِہ کے سَبتوں کے لیٔے ہدیوں، مَنّتوں اَور رضا کی قُربانیوں کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور میں پیش کرتے ہو۔
39 ” ’لہٰذا زمین کی فصلوں کو جمع کرنے کے بعد ساتویں مہینے کی پندرھویں تاریخ سے شروع کرکے تُم اِس عید کو یَاہوِہ کے لیٔے سات دِن تک منانا۔ پہلا دِن اَور آٹھواں دِن دونوں مُکمّل سَبت کا آرام کا دِن ہوگا۔ 40 اَور پہلے دِن تُم درختوں کے چنندہ پھل کھجور کی ڈالیاں، گھنے درختوں کی شاخیں اَور دریاؤں کے کنارے کے بید مجنوں لینا اَور تُم سات دِن تک یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور خُوشی منانا۔ 41 اَور تُم ہر سال یہ عید یَاہوِہ کے لیٔے سات دِن تک منایا کرنا۔ تُم یہ عید ساتویں مہینے میں منانا۔ اَور یہ تمہاری آنے والی ساری پُشتوں کے لیٔے ایک دائمی فرمان ہے۔ 42 اَور سات دِن تک تُم جھونپڑیوں میں رہنا۔ تمام مقامی باشِندہ کے طور پر پیدا ہونے والے اِسرائیلی جھوپڑوں میں رہیں گے 43 تاکہ تمہاری آنے والی نَسلوں کو مَعلُوم ہو کہ جَب مَیں بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال کر لایا، تو مَیں نے اُنہیں سائبانوں میں رکھّا تھا۔ میں ہی یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں۔‘ “
44 پس مَوشہ نے بنی اِسرائیل میں یَاہوِہ کی مُقرّرہ عیدوں کا بَیان کیا۔
* 23:13 ایک ایفہ مَیدہ تقریباً تین کِلو 23:13 ایک پاؤ ہین تقریباً ایک لیٹر 23:17 دو دہائی ایفہ تقریباً دو کِلو