36
ضلافحادؔ کی بیٹیوں کی مِیراث
منشّہ کے پوتے اَور مکیرؔ کے بیٹے گِلعادؔ کی برادری کے خاندان کے سربراہوں نے جو یُوسیفؔ کی نَسل کی برادریوں سے تعلّق رکھتے تھے مَوشہ اَور اُن سرداروں کے پاس آکر جو اِسرائیلی خاندانوں کے سربراہ تھے بات چیت کی۔ اُنہُوں نے کہا، ”جَب یَاہوِہ نے ہمارے آقا کو یہ مُلک بنی اِسرائیل کو قُرعہ اَندازی کے ذریعہ بطور مِیراث دینے کا حُکم دیا تو اُنہُوں نے تُمہیں حُکم دیا تھا کہ ہمارے بھایٔی ضلافحادؔ کی مِیراث اُس کی بیٹیوں کو دی جائے۔ بالفرض وہ بنی اِسرائیل کے دُوسرے قبیلوں کے مَردوں سے بیاہ کر لیتی ہیں تو اُن کی مِیراث ہماری آبائی مِیراث سے نکل کر اُس قبیلہ کی مِیراث میں شامل کی جائے گی جِس سے وہ بیاہی جایٔیں گی اَور اِس طرح ہمیں دی ہُوئی مِیراث کا کچھ حِصّہ لے لیا جائے گا۔ اَور جَب بنی اِسرائیل کا یوویلؔ کا سال* آئے گا تَب اُن کی مِیراث اُس قبیلہ کی مِیراث میں شامل کی جائے گی جِس میں وہ بیاہی جایٔیں گی اَور اُن کی جائداد ہمارے آباؤاَجداد کی قبائلی مِیراث سے نکل جائے گی۔“
تَب یَاہوِہ کے حُکم سے مَوشہ نے بنی اِسرائیل کو یہ ہدایت دی: ”یُوسیفؔ کی نَسل کے قبیلہ کے لوگ ٹھیک کہتے ہیں۔ ضلافحادؔ کی بیٹیوں کے حق میں یَاہوِہ کا حُکم یہ ہے، ’وہ جِس کسی کو چاہیں اُس سے بیاہ کر لیں لیکن وہ اَپنے آباؤاَجداد کے قبیلہ کی برادریوں میں ہی بیاہی جایٔیں۔‘ بنی اِسرائیل میں مِیراث ایک قبیلہ سے دُوسرے قبیلہ میں جانے نہ پایٔے اَور ہر اِسرائیلی اَپنا مُلک جسے اُس نے اَپنے آباؤاَجداد سے مِیراث میں پایا ہے اَپنے ہی قبضہ میں رکھے۔ ہر بیٹی جو بنی اِسرائیل کے کسی قبیلہ میں مِیراث پاتی ہے وہ اَپنے آبائی قبیلہ کے برادریوں میں ہی بیاہی جائے تاکہ ہر اِسرائیلی اَپنے آباؤاَجداد کی مِیراث پر قابض رہے۔ کویٔی مِیراث ایک قبیلہ سے دُوسرے قبیلہ میں جانے نہ پایٔے بَلکہ ہر اِسرائیلی قبیلہ اَپنی اَپنی مِیراث اَپنے قبضہ میں رکھے۔“
10 چنانچہ ضلافحادؔ کی بیٹیوں نے وَیسا ہی کیا، جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 11 لہٰذا ضلافحادؔ کی بیٹیاں محلاہؔ، تِرضاؔہ، حُگلاہؔ، مِلکاہؔ، اَور نوحؔا اَپنے چچیرے بھائیوں کے ساتھ بیاہی گئیں۔ 12 یعنی وہ یُوسیفؔ کے بیٹے منشّہ کی نَسل کی برادریوں میں بیاہی گئیں اَور اُن کی مِیراث اُن کے آبائی برادری اَور قبیلہ میں ہی قائِم رہی۔
 
13 جو اَحکام اَور ضوابط یَاہوِہ نے مُوآب کے میدانوں میں یریحوؔ کے پاس یردنؔ کے کنارے پر مَوشہ کی مَعرفت بنی اِسرائیل کو دئیے یہی ہیں۔
* 36:4 یوویلؔ کا سال پچاسواں سال