5
چھاؤنی کی پاکیزگی
یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل کو حُکم دو کہ وہ ہر اُس شخص کو جسے جِلد کی کویٔی متعدّی بیماری ہو یا جریان کا مرض ہو یا جو کسی مُردہ کو چھُونے کے باعث ناپاک ہو چُکاہو، چھاؤنی سے خارج کر دیں۔ خواہ وہ مَرد ہو یا عورت، اُنہیں چھاؤنی سے خارج کر دو تاکہ وہ اَپنی چھاؤنی کو ناپاک نہ کر دیں جہاں میں خُود اُن کے درمیان رہتا ہُوں۔“ بنی اِسرائیل نے اَیسا ہی کیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں چھاؤنی سے خارج کر دیا۔ اُنہُوں نے ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
خطا کا کفّارہ
یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”بنی اِسرائیل سے کہو: ’اگر کویٔی مَرد یا عورت کسی شخص کے ساتھ کسی قِسم کی بدکاری کرے اَور اِس طرح سے یَاہوِہ سے دغا کرے تو وہ شخص مُجرم ٹھہرے گا، اَور اُس نے جو گُناہ کیا ہو وہ اُس کا اقرار کرے اَور کفّارہ کے طور پر اَپنی خطا کے پُورے مُعاوضہ میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر اُس شخص کو دے جِس کا اُس نے قُصُور کیا ہے۔ لیکن اگر اُس شخص کا کویٔی قریبی رشتہ دار نہ ہو جسے اُس خطا کا مُعاوضہ دیا جائے تو وہ مُعاوضہ یَاہوِہ کا ہوگا، لہٰذا اُسے اَور کفّارہ کے مینڈھے کو کاہِنؔ کے سُپرد کیا جائے۔ بنی اِسرائیل جِتنی بھی مُقدّس نذریں کاہِنؔ کے پاس لائیں وہ سَب کاہِنؔ کی ہُوں گی۔ 10 ہر شخص کے مُقدّس نذرانے اُس کے اَپنے ہوں گے لیکن جو چیز وہ کاہِنؔ کو دے گا وہ کاہِنؔ کی ہوگی۔‘ “
بےوفا بیوی کی آزمائش
11 پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 12 ”بنی اِسرائیل سے مُخاطِب ہو اَور اُن سے کہو: ’اگر کسی آدمی کی بیوی گُمراہ ہوکر اُس سے دغا کرے اَور 13 کسی غَیر مَرد کے ساتھ ہم بِستر ہو، اَور یہ بات اُس کے خَاوند سے پوشیدہ رہے اَور اُس کی ناپاکی ظاہر بھی نہ ہونے پایٔے (کیونکہ اُس کے خِلاف کویٔی گواہ نہیں اَور نہ ہی وہ عَین فعل کے وقت پکڑی گئی ہے)، 14 اَور اُس کے خَاوند کے دِل میں بدگُمانی پیدا ہو جائے کہ اُس کی بیوی ناپاک ہو چُکی ہے یا وہ بدظن ہوکر اَپنی بیوی کی پاک دامنی پر شک کرنے لگے حالانکہ وہ ناپاک نہ ہُوئی ہو 15 تو وہ اَپنی بیوی کو کاہِنؔ کے سامنے حاضِر کرے، اَور اَپنے ساتھ ایفہ کا دسواں حِصّہ* جَو کا آٹا اُس کی طرف سے نذرانے کے طور پر لے جائے۔ لیکن اُس پر تیل نہ ڈالے، نہ ہی لوبان رکھے کیونکہ یہ اناج کی قُربانی غیرت کی ہے یعنی یادگاری نذر کی قُربانی ہے جو بدی کو یاد دِلانے کے لیٔے ہے۔
16 ” ’تَب کاہِنؔ اُسے نزدیک لایٔے اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور کھڑا کرے۔ 17 اَور کاہِنؔ مٹّی کے برتن میں مُقدّس پانی لے اَور مَسکن کے فرش پر کی کچھ گَرد لے کر اُس پانی میں ڈال دے۔ 18 جَب کاہِنؔ اُس عورت کو یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑا کر چُکے تو وہ اُس کے بال کھول دے، اَور اُس کے ہاتھوں میں یادگار کی قُربانی تھما دے جو غیرت کی اناج کی قُربانی ہے اَور خُود اَپنے ہاتھ میں اُس لعنت لانے والے کڑوے پانی کے برتن کو تھامے رہے۔ 19 تَب کاہِنؔ عورت کو قَسم کھِلا کر اُس سے کہے، ”اگر کویٔی اَور آدمی تمہارے ساتھ ہم بِستر نہیں ہُواہے اَور تُو اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہوکر ناپاک نہیں ہُوئی تو یہ کڑوا پانی جو لعنت لاتا ہے تُمہیں ضرر نہ پہُنچائے 20 لیکن اگر تُو اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہو چُکی ہے اَور اگر تُونے اَپنے خَاوند کے علاوہ کسی اَور شخص کے ساتھ ہم بِستر ہوکر اَپنے آپ کو ناپاک کر دیا ہے۔“ 21 یہاں کاہِنؔ اُس عورت کو اُس لعنت کی قَسم دِلائے تو، ”یَاہوِہ تمہاری ران کو سُکھا کر اَور تمہارے پیٹ کو پھُلا کر تمہاری قوم کے لوگوں سے تُجھ پر لعنت اَور ملامت کرائے۔ 22 یہ پانی جو لعنت لاتا ہے تمہارے جِسم میں داخل ہو تاکہ تمہارا پیٹ پھُولے اَور تمہاری ران سڑائے۔“
” ’تَب وہ عورت کہے، ”آمین! آمین۔“
23 ” ’تَب کاہِنؔ اُن لعنتوں کو ایک طُومار میں لِکھ کر اُنہیں اُس کڑوے پانی میں دھو ڈالے 24 اَور وہ کڑوا پانی جو لعنت لاتا ہے اُس عورت کو پلائے اَور یہ پانی اُس میں داخل ہوگا اَور شدید کڑواہٹ پیدا کرےگا۔ 25 پھر کاہِنؔ اُس کے ہاتھ میں سے غیرت کی اناج کی قُربانی کو لے کر اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ہلائے اَور اُسے مذبح کے پاس لایٔے۔ 26 پھر کاہِنؔ اناج کی قُربانی میں سے یادگار کی قُربانی کے طور پر مُٹّھی بھر حِصّہ لے کر اُسے مذبح پر جَلائے۔ پھر وہ اُس عورت کو وہ پانی پلائے۔ 27 اگر وہ ناپاک ہو چُکی ہو اَور اَپنے خَاوند سے دغا کر چُکی ہو تو جَب اُسے وہ پانی جو لعنت لاتا ہے پِلایا جائے گا وہ اُس کے پیٹ میں جا کر نہایت شدید کڑواہٹ پیدا کرےگا۔ اُس کا پیٹ پھُول جائے گا اَور اُس کی ران سڑ جائے گی اَور وہ اَپنی قوم میں لعنتی ٹھہرے گی۔ 28 البتّہ اگر اُس عورت نے اَپنے آپ کو ناپاک نہ کیا ہو بَلکہ پاک رہی ہو تو وہ بےگُناہ ٹھہرے گی اَور اُس سے اَولاد ہو سکے گی۔
29 ” ’غیرت کے بارے میں، یہی آئین ہے خواہ کویٔی عورت اَپنے خَاوند کی ہوتے ہویٔے گُمراہ ہوکر اَپنے آپ کو ناپاک کر لے، 30 یا کسی آدمی کو اَپنی بیوی پر شک کرنے کی وجہ سے غیرت آئے تو کاہِنؔ اُسے یَاہوِہ کے حُضُور کھڑا کرے اَور اُس آئین پر پُوری طرح عَمل کیا جائے۔ 31 خَاوند تو کسی بھی بدی سے بَری ٹھہرے گا البتّہ اُس عورت کو اَپنے گُناہ کا نتیجہ بھگتنا ہوگا۔‘ “
* 5:15 دسواں حِصّہ تقریباً ایک کِلو چھ سَو گرام