زبُور 110
داویؔد کا زبُور۔
1 یَاہوِہ نے میرے خُداوؔند سے فرمایا:
”میری داہنی طرف بیٹھو
جَب تک کہ مَیں تمہارے دُشمنوں کو
تمہارے پاؤں کے نیچے نہ کر دُوں۔“
2 یَاہوِہ آپ کی طاقت کا عصا صِیّونؔ سے آگے بڑھائیں گے،
”آپ اَپنے دُشمنوں میں حُکمرانی کریں گے!“
3 آپ کی لشکر کشی کے دِن
آپ کے لوگ اَپنی مرضی سے خدمات پیش کریں گے،
مُقدّس شوکت سے آراستہ ہوکر
اَور صُبح صادق کے بطن سے پیدا ہونے والی
جَوانی کی شبنم کی مانند۔
4 یَاہوِہ نے قَسم کھائی ہے،
اَور وہ اَپنا اِرادہ بدلیں گے نہیں:
”آپ ملکِ صِدقؔ کے طور پر
اَبد تک کاہِنؔ ہیں۔“
5 خُداوؔند آپ کے داہنے ہاتھ پر؛
اَپنے غضب کے دِن بادشاہوں کو کُچل ڈالیں گے۔
6 وہ قوموں کا اِنصاف کریں گے اَور لاشوں کے ڈھیر لگا دیں گے،
اَور تمام رُوئے زمین کے حُکمرانوں کو کُچل ڈالیں گے۔
7 وہ راہ کے کنارے کی ندی سے پانی پیئیں گے،
اِس لیٔے وہ اَپنے سَر کو اُونچا کریں گے۔