زبُور 116
1 میں یَاہوِہ سے مَحَبّت رکھتا ہُوں کیونکہ اُنہُوں نے میری صدا سُنی؛
اُنہُوں نے میری مِنّت سُنی۔
2 چونکہ اُنہُوں نے میری طرف کان لگایا،
اِس لیٔے میں عمر بھر اُن سے دعا کرتا رہُوں گا۔
3 موت کی رسّیوں نے مُجھے جکڑ لیا،
اَور پاتال کی اَذیّت مُجھ پر آ پڑی؛
میں دُکھ اَور غم میں مُبتلا ہو گیا۔
4 تَب مَیں نے یَاہوِہ سے دعا کی:
”اَے یَاہوِہ، مُجھے بچا لیں!“
5 یَاہوِہ کریم اَور صادق ہیں؛
ہمارے خُدا رحیم ہیں۔
6 یَاہوِہ سادہ دِل لوگوں کی حِفاظت کرتے ہیں؛
اشد ضروُرت کے وقت اُنہُوں نے مُجھے بچا لیا۔
7 اَے میری جان، پھر سے مطمئن ہو جا،
کیونکہ یَاہوِہ نے تمہارے ساتھ بھلائی کی ہے۔
8 کیونکہ اَے یَاہوِہ آپ نے، میری جان کو موت سے،
اَور میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے،
اَور میرے پاؤں کو ٹھوکر کھانے سے بچایا ہے،
9 تاکہ میں زندوں کی دُنیا میں
یَاہوِہ کے حُضُور میں چلتا رہُوں۔
10 اِسی لیٔے جَب مَیں نے کہا،
”میں بڑی مُصیبت میں ہُوں“؛ تَب بھی میں اَپنے یَاہوِہ پر ایمان میں قائِم رہا۔
11 اَور مَیں نے مایوسی کے عالَم میں کہہ دیا:
”سَب لوگ جھُوٹے ہیں۔“
12 یَاہوِہ نے مُجھ پرجو جو مہربانیاں کی ہیں،
اُن کا مُعاوضہ میں کیسے اَدا کر سَکتا ہُوں؟
13 میں نَجات کا پیالہ اُٹھاکر
یَاہوِہ سے دعا کروں گا۔
14 میں یَاہوِہ کے لیٔے اَپنی مَنّتیں
اُس کی ساری اُمّت کے سامنے پُوری کروں گا۔
15 یَاہوِہ کی نگاہ میں
اُن کے مُقدّسین کی موت بیش قیمتی ہے،
16 اَے یَاہوِہ، واقعی مَیں آپ کا خادِم ہُوں؛
مَیں آپ کا خادِم اَور آپ کی خادِمہ کا فرزند ہُوں؛
آپ نے مُجھے میری زنجیروں سے آزاد کر دیا۔
17 مَیں آپ کے لیٔے شُکر گُزاری کی قُربانی چڑھاؤں گا،
اَور یَاہوِہ سے دعا کروں گا۔
18 میں یَاہوِہ کے لیٔے اَپنی مَنّتیں
اُن کی ساری اُمّت کے سامنے پُوری کروں گا،
19 یَاہوِہ کے گھر کے صحنوں میں،
اَے یروشلیمؔ، تمہارے درمیان۔
یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔