زبُور 132
نغمۂ صعُود۔ عبادت کے لئے مُسافری نغمہ۔
1 اَے یَاہوِہ، داویؔد کو
اَور اُن تمام مُصیبتوں کو جو اُنہُوں نے اُٹھائی ہیں، یاد فرمائیں۔
2 اُنہُوں نے یَاہوِہ سے قَسم کھائی
اَور یعقوب کے قادر سے مَنّت مانی ہے:
3 ”میں اَپنے گھر میں داخل نہ ہوں گا
اَور نہ اَپنے پلنگ پر جاؤں گا۔
4 نہ میں اَپنی آنکھوں میں نیند آنے دُوں گا،
اَور نہ اَپنی پلکوں کو جھپکنے دُوں گا،
5 جَب تک کہ میں یَاہوِہ کے لیٔے کویٔی مقام،
اَور یعقوب کے قادر خُدا کے لیٔے کویٔی مَسکن نہ ڈھونڈ لُوں۔“
6 ہم نے اِفراتہؔ میں اُس کی خبر سُنی،
اَور یعؔار کے کھیتوں میں اُسے پا لیا:
7 ”چلو ہم اُن کی قِیام گاہ میں چلیں؛
اَور ہم اُن کے پاؤں کی چوکی کے آگے سَجدہ کریں۔
8 ’اَے یَاہوِہ خُدا، اُٹھیں، آپ اَپنی قُدرت کے صندُوق سمیت،
اَپنی آرامگاہ میں داخل ہوں۔
9 آپ کے کاہِنؔ راستی سے مُلبّس ہوں؛
اَور آپ کے مُقدّسین خُوشی کے نعرے ماریں۔‘ “
10 اَپنے خادِم داویؔد کی خاطِر،
اَپنے ممسوح کو ردّ نہ کریں۔
11 یَاہوِہ نے داویؔد سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے،
ایک سچّا وعدہ جسے وہ ہرگز نہ توڑیں گے:
”اُن کی نَسل میں سے
ایک شخص اُن کے تخت پر بیٹھے گا۔
12 اگر تمہارے فرزند میرے عہد
اَور میری شہادتوں پرجو میں اُنہیں سِکھاؤں گا عَمل کریں،
تو اُن کے فرزند بھی
ہمیشہ آپ کے تخت پر بیٹھیں گے۔“
13 کیونکہ یَاہوِہ نے صِیّونؔ کو چُن لیا ہے،
یَاہوِہ نے اُسے اَپنے مَسکن کے لیٔے پسند فرمایاہے:
14 ”یہ ہمیشہ کے لیٔے میری آرامگاہ ہے؛
اَور یہاں میں تخت نشین رہُوں گا کیونکہ یہی میری خواہش ہے۔
15 میں اُس کے رزق میں بڑی برکت دُوں گا؛
اَور اُس کے مسکینوں کو روٹی سے سیر کروں گا۔
16 میں اُس کے کاہِنوں کو نَجات سے مُلبّس کروں گا،
اَور اُس کے مُقدّس ہمیشہ خُوشی سے گاتے رہیں گے۔
17 ”یہاں میں داویؔد کے لیٔے ایک سینگ پیدا کروں گا
اَور اَپنے ممسوح کے لیٔے ایک چراغ رَوشن کروں گا۔
18 میں اُس کے دُشمنوں کو شرم کا لباس پہناؤں گا،
لیکن اُس کے سَر کا تاج جگمگاتا رہے گا۔“