زبُور 44
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیفمشکیل۔
1 اَے خُدا، ہم نے اَپنے کانوں سے سُنا،
اَور ہمارے آباؤاَجداد نے ہم سے کہا،
کہ آپ نے اُن کے دِنوں میں،
قدیم زمانہ میں
آپ نے کیا کیا کام کیٔے۔
2 آپ نے اَپنے ہاتھ سے قوموں کو بے دخل کر دیا
اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آباد کیا؛
آپ نے مُختلف اُمّتوں کو تباہ کر دیا
اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آسُودہ کر دیا۔
3 کیونکہ آپ کے لوگ نہ تو اَپنی تلوار کے بَل پر اُس مُلک پر قابض ہُوئے،
اَور نہ اُن کے بازو کی طاقت ہی نے اُنہیں فتح بخشی؛
بَلکہ وہ آپ کے داہنے ہاتھ، آپ کے بازو کی طاقت،
اَور آپ کے چہرہ کے نُور سے فتحیاب ہُوئے،
کیونکہ آپ کو اُن سے مَحَبّت تھی۔
4 کیونکہ آپ میرے بادشاہ اَور میرے خُدا ہیں،
جو یعقوب کے حق میں نَجات کا حُکم صادر فرماتے ہیں۔
5 آپ کی بدولت ہم اَپنے دُشمنوں کو پیچھے دھکیلتے ہیں؛
اَور آپ کے نام کی بدولت ہم اَپنے مُخالفوں کو پامال کرتے ہیں۔
6 مُجھے اَپنی کمان پر اِعتماد نہیں،
اَور میری تلوار مُجھے فتح نہیں دیتی؛
7 لیکن آپ ہمیں اَپنے دُشمنوں پر فتحیاب کرتے ہیں،
اَور ہمارے مُخالفوں کو شرمندہ کرتے ہیں۔
8 ہم دِن بھر خُدا پر فخر کرتے ہیں،
اَور ہم ہمیشہ آپ کے نام کی سِتائش کریں گے۔
9 لیکن اَب آپ نے ہمیں ترک کر دیا اَور ہمیں رُسوا کیا؛
اَور اَب آپ ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتے۔
10 آپ نے ہمیں دُشمن کے سامنے سے پسپا کر دیا،
اَور ہمارے مُخالفوں نے ہمیں لُوٹ لیا۔
11 آپ نے ہمیں بھیڑوں کی مانند ذبح ہونے کے لیٔے دے دیا
اَور ہمیں مُختلف قوموں میں تِتّر بِتّر کر دیا۔
12 آپ نے اَپنی اُمّت کو بُلا قیمت بیچ ڈالا،
اَور اُس سودے میں کچھ بھی منافع نہ کمایا۔
13 آپ نے ہمیں اَپنے ہمسایوں کی ملامت کا نِشانہ،
اَور ہمارے اِردگرد کے لوگوں کی تضحیک و تحقیر اَور تمسخر کا باعث بنا دیا۔
14 آپ نے ہمیں قوموں کے درمیان ضرب المثل بنا دیا؛
مُختلف اُمّتوں کے لوگ ہمیں دیکھ کر سَر ہلاتے ہیں۔
15 میری رُسوائی دِن بھر میرے سامنے رہتی ہے،
اَور میرے چہرہ پر شرم کا پردہ پڑا رہتاہے
16 جو ملامت کرنے والوں اَور بُرا بھلا کہنے والوں کی طَعنہ زنی کے سبب سے ہے،
اَور دُشمن کی وجہ سے ہے جو اِنتقام لینے پر آمادہ ہے۔
17 یہ سَب کچھ ہم پر واقع ہُوا،
حالانکہ ہم نے آپ کو فراموش نہیں کیا تھا
اَور نہ ہی آپ کے عہد کو جُھٹلایا تھا۔
18 ہمارے دِل برگشتہ نہ ہُوئے؛
اَور نہ ہمارے قدم آپ کی راہ سے بہکے۔
19 لیکن آپ نے ہمیں کُچل کر گیدڑوں کا ٹھکانا بنا دیا
اَور ہمیں گہری تاریکی سے ڈھانک دیا۔
20 اگر ہم اَپنے خُدا کا نام فراموش کر چُکے ہوتے
یا اَپنے ہاتھ کسی غَیر معبُود کے آگے دعا کے لئے پھیلائے ہوتے،
21 تو کیا خُدا نے اُسے دریافت نہ کر لیا ہوتا،
جَب کہ وہ دِل کے بھید جانتے ہیں؟
22 ہم تو آپ کی خاطِر سارا دِن موت کا سامنا کرتے رہتے ہیں؛
ہم ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانند سمجھے جاتے ہیں۔
23 جاگو، اَے خُداوؔند، آپ کیوں سوتے ہیں؟
اُٹھیں، ہمیں ہمیشہ کے لیٔے ترک نہ کریں۔
24 آپ اَپنا مُنہ کیوں چھپاتے ہیں
اَور ہماری مُصیبت اَور مظلومی کو بھُول جاتے ہیں؟
25 ہم خاک میں مِلا دیئے گیٔے ہیں؛
اَور ہمارے جِسم زمین سے جا لگے ہیں۔
26 اُٹھیں اَور ہماری مدد کریں؛
اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث ہمارا فدیہ دیں۔