زبُور 54
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ تاردار سازوں کے ساتھ۔ داویؔد کا مشکیل۔‏* جَب زِیفیوں نے جا کر شاؤل سے کہا کہ کیا، ”داویؔد ہمارے درمیان پناہ لئے ہُوئے نہیں؟“
اَے خُدا، اَپنے نام کے وسیلہ سے مُجھے بچائیں؛
اَپنی قُدرت سے میرا اِنصاف کریں۔
اَے خُدا، میری دعا سُن لیں؛
میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگائیں۔
 
میرے بیگانے میرے خِلاف اُٹھے ہیں؛
سنگدل لوگ میری جان کے خواہاں ہیں،
اَیسے لوگ جو خُدا کا کویٔی لحاظ نہیں کرتے۔
 
یقیناً خُدا ہی میرے مددگار ہیں؛
خُداوؔند ہی ہیں جو میری جان کو سنبھالتے ہیں۔
 
جو مُجھ پر تہمت لگاتے ہیں اُن کی بُرائی اُن ہی پر لَوٹا دیں؛
خُدا اَپنی صداقت کے مُطابق اُنہیں تباہ کر دیں۔
 
مَیں آپ کی خاطِر رضا کی قُربانی چڑھاؤں گا؛
اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کے نام کی سِتائش کروں گا، کیونکہ وہ خُوب ہے۔
کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے میری تمام مُصیبتوں سے چھُڑایا ہے،
اَور میری آنکھوں نے میرے دُشمنوں کی شِکست دیکھ لی ہے۔
* زبُور 54: عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔