زبُور 65
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔ ایک نغمہ۔
1 اَے خُدا، صِیّونؔ میں تعریف آپ کی منتظر ہے؛
اَور آپ کے لیٔے ہماری مَنّتیں پُوری کی جایٔیں گی۔
2 اَے دعا کے سُننے والے،
سَب لوگ آپ کے پاس آئیں گے۔
3 جَب ہمارے گُناہ ہم پر غالب آ گئے،
تَب آپ نے ہماری خطائیں بخش دیں۔
4 مُبارک ہیں وہ لوگ جنہیں آپ چُن کر اَپنے قریب لاتے ہیں،
تاکہ وہ آپ کی بارگاہوں میں رہیں!
ہم آپ کے گھر کی
یعنی آپ کے مُقدّس ہیکل کی نِعمتوں سے سَیر ہو گئے۔
5 آپ ہمیں صداقت کے مُہیب کرشموں سے جَواب دیتے ہیں،
اَے ہمارے مُنجّی خُدا،
زمین کے سَب کناروں
اَور دُور دراز کے سمُندروں پر رہنے والے مُقدّسین کی اُمّید ہیں۔
6 جِس نے اَپنے آپ کو قُوّت سے مُسلّح کرکے،
اَپنی قُدرت سے پہاڑ بنائے،
7 جِس نے سمُندر کے شور کو،
اَور اُس کی موجوں کے شور کو،
اَور قوموں کے ہنگامہ کو موقُوف کر دیا۔
8 دُور دراز علاقوں میں رہنے والے آپ کے حیرت اَنگیز کام دیکھ کر ڈرتے ہیں؛
آپ سُورج کے طُلوع اَور غروب ہونے والے علاقوں کے لوگوں سے
شادمانی کے نغمے گانے کی ترغیب دیتے ہیں۔
9 آپ زمین کا خیال رکھتے ہیں اَور اُسے سیراب کرتے ہیں؛
آپ اُسے خُوب زرخیز بنا دیتے ہیں۔
خُدا کے دریا پانی سے بھرے ہُوئے ہیں
تاکہ لوگوں کو اناج مہیا ہو،
کیونکہ آپ نے اَیسا ہی حُکم جاری کیا ہے۔
10 آپ اُس کی ریگھاریوں کو سیراب کرتے ہیں
اَور اُس کی اُونچی نیچی سطحوں کو ہموار کر دیتے ہیں؛
آپ اُسے بارش سے نرم کرتے ہیں اَور اُس کی فصلوں کو برکت دیتے ہیں۔
11 آپ سال کو اَپنی نِعمتوں کا تاج پہناتے ہیں،
اَور تمہاری گاڑیاں فصل کی کثرت سے لدی رہتی ہیں۔
12 بیابان کی چراگاہیں ہری بھری گھاس سے بھر جاتی ہیں؛
اَور پہاڑیاں خُوشی کے لباس سے آراستہ ہیں۔
13 سبزہ زاروں میں بھیڑ بکریوں کے غول پھیلے ہوتے ہیں؛
اَور وادیاں اناج سے ڈھکی ہوتی ہیں؛
وہ خُوشی کے مارے للکارتی اَور نغمہ گاتی ہیں۔