زبُور 67
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ تاردار سازوں کے ساتھ۔ ایک زبُور۔ ایک نغمہ۔
خُدا ہم پر مہربانی کریں اَور ہمیں برکت دیں
اَور اَپنا چہرہ ہم پر جلوہ گِر فرمائیں،
تاکہ آپ کی راہیں زمین پر،
اَور آپ کی نَجات تمام قوموں پر ظاہر ہو جائے۔
 
اَے خُدا، اُمّتیں آپ کی سِتائش کریں؛
سَب لوگ آپ کی سِتائش کریں۔
اُمّتیں شادمان ہوں اَور خُوشی سے للکاریں،
کیونکہ آپ راستی سے لوگوں پر حُکومت کرتے ہیں
اَور زمین پر قوموں کی ہدایت کریں گے۔
اَے خُدا، اُمّتیں آپ کی سِتائش کریں؛
سَب لوگ آپ کی سِتائش کریں۔
 
تَب زمین اَپنی پیداوار دے گی،
اَور خُدا، ہمارے خُدا، ہم پر اَپنی نظرِکرم بنائے رکھیں۔
خُدا ہمیں برکت بخشیں گے،
اَور زمین کی اِنتہا تک سَب لوگ اُن کا خوف مانیں گے۔