زبُور 71
اَے یَاہوِہ، مَیں نے آپ میں پناہ لی ہے؛
مُجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دیں۔
اَے خُدا اَپنی راستبازی کی خاطِر مُجھے رِہائی بخشیں؛
اَپنا کان میری طرف لگائیں اَور مُجھے بچائیں۔
میری پناہ کی چٹّان بنیں،
جہاں میں ہمیشہ محفوظ رہ سکوں؛
میری نَجات کا حُکم جاری کریں،
کیونکہ آپ میری چٹّان اَور میرا قلعہ ہیں۔
اَے میرے خُدا! مُجھے بدکار لوگ کے ہاتھ سے،
اَور بدکار اَور ستمگر لوگوں کی گرفت سے رِہائی بخشیں۔
 
کیونکہ اَے یَاہوِہ قادر! آپ ہی میری اُمّید ہیں،
اَور لڑکپن سے آپ میرے راز داں رہے ہیں۔
پیدائش ہی سے مَیں آپ پر اِعتماد کرتا آیا ہُوں؛
آپ نے مُجھے میری ماں کے رحم سے بحِفاظت پیدا کیا۔
میں ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتا رہُوں گا۔
میں بہُتوں کے لیٔے باعثِ حیرت ہُوں،
لیکن آپ میری محکم پناہ گاہ ہیں۔
میرا مُنہ آپ کی سِتائش سے معموُر ہے،
اَور وہ دِن بھر آپ کی شوکت بَیان کرتا ہے۔
 
جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں تو مُجھے اَپنی نظر سے دُور نہ کردینا؛
اَور جَب مَیں اَپنی قُوّت کھو بیٹھوں تو مُجھے ترک نہ کرنا۔
10 کیونکہ میرے دُشمن میرے خِلاف باتیں کرتے ہیں؛
اَورجو میری جان کی گھات میں ہیں وہ مِل کر سازش کرتے ہیں۔
11 وہ ایک دُوسرے سے کہتے ہیں، ”خُدا نے اُسے ترک کر دیا ہے؛
تعاقب کرکے اُسے پکڑ لو،
کیونکہ اُسے کویٔی نہیں چھُڑائے گا۔“
12 اَے خُدا، مُجھ سے دُور نہ رہیں؛
اَے میرے خُدا! میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔
13 مُجھ پر اِلزام لگانے والے شرمندہ ہوکر فنا ہو جایٔیں؛
جو مُجھے نُقصان پہُنچانا چاہتے ہیں؛
ذِلّت اَور رُسوائی کے شِکار ہوں۔
 
14 لیکن مَیں ہمیشہ اُمّید رکھوں گا؛
اَور آپ کی سِتائش زِیادہ سے زِیادہ کروں گا۔
 
15 میرا مُنہ آپ کی راستی،
اَور نَجات کا تذکرہ دِن بھر کرتا رہے گا،
لیکن کس حَد تک اُس کا مُجھے اَندازہ نہیں ہے۔
16 اَے یَاہوِہ قادر، مَیں آپ کے عظیم کارناموں کا ذِکر کروں گا؛
مَیں آپ کی اَور صِرف آپ کی ہی راستبازی کا اعلان کروں گا۔
17 اَے خُدا، لڑکپن ہی سے آپ مُجھے سِکھاتے آئے ہیں،
اَور آج کے دِن تک مَیں آپ کے عجِیب کارناموں کا ذِکر کرتا آیا ہُوں۔
18 اِس لیٔے اَے خُدا، جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں اَور میرے بال سفید ہو جایٔیں،
مُجھے ترک نہ کردینا،
جَب تک کہ مَیں آپ کی قُدرت آئندہ پُشت پر،
اَور آپ کی عظمت ہر آنے والے پر ظاہر نہ کر دُوں۔
 
19 اَے خُدا، آپ کی راستبازی آسمان تک پہُنچتی ہے،
آپ نے عظیم کارنامے کئے ہیں۔
اَے خُدا، آپ کی مانند کون ہے؟
20 حالانکہ آپ نے مُجھے بہت سِی
مُصیبتیں دیکھنے پر مجبُور کیا ہے،
تو بھی آپ میری زندگی کو بحال کریں گے؛
اَور زمین کی گہرائیوں میں سے
مُجھے پھر اُوپر لے آئیں گے۔
21 آپ میری عزّت بڑھائیں گے
اَور مُجھے پھر سے تسلّی دیں گے۔
 
22 اَے میرے خُدا! آپ کی سچّائی کی خاطِر
میں سِتار بجا کر آپ کی مدح سرائی کروں گا؛
اَے اِسرائیل کے مُقدّس خُدا!
میں بربط کے ساتھ آپ کی حَمد کروں گا۔
23 جَب مَیں، جِس کا آپ نے فدیہ دیا
آپ کی مدح سرائی کروں۔
تو میرے لب خُوشی سے للکاریں گے۔
24 میری زبان دِن بھر
آپ کی راستی کے کاموں کا ذِکر کرتی رہے گی۔
کیونکہ میرے بد خواہ
شرمندہ اَور رُسوا ہو چُکے ہیں۔