زبُور 93
یَاہوِہ بادشاہی کرتے ہیں،
وہ عظمت و جلال سے مُلبّس ہیں؛
یَاہوِہ عظمت و جلال سے کمربستہ ہیں
اَور طاقت سے مُسلّح ہیں۔
دُنیا اَپنی جگہ پر مضبُوطی سے قائِم ہے؛
اُسے اُس کے مقام سے ہٹایا نہیں جا سَکتا۔
آپ کا تخت قدیم سے قائِم ہے؛
آپ اَزل سے ہیں۔
 
اَے یَاہوِہ، سمُندر موجزن ہو گئے ہیں،
سمُندروں نے غُلغُلہ مچا رکھا ہے؛
اَور سمُندروں کی لہریں تلاطم خیز ہیں۔
زبردست سمُندروں کی گرج سے زِیادہ
اَور سمُندر کی طُوفانی موجوں سے بھی بڑھ کر قوی تر ہیں،
آسمانوں کے، اعلیٰ قادر یَاہوِہ۔
 
آپ کے قوانین پائدار ہیں،
اَے یَاہوِہ، ابدُالآباد تک؛
تقدُّس آپ کے گھر کی زینت ہے۔