12
زندہ قُربانیاں
پس، اَے بھائیو اَور بہنوں! مَیں خُدا کی رحمتوں کا واسطہ دے کر تُم سے مِنّت کرتا ہُوں کہ اَپنے بَدن اَیسی قُربانی کی خدمت ہونے کے لیٔے پیش کرو جو زندہ ہے، پاک ہے اَور خُدا کو پسند ہے۔ یہی تمہاری مَعقُول عبادت ہے۔ اِس جہان کے ہم شکل نہ بنو بَلکہ خُدا کو موقع دو کہ وہ تمہاری عقل کو نیا بنا کر تُمہیں سراسر بدل ڈالے تاکہ تُم اَپنے تجربہ سے خُدا کی نیک، پسندِیدہ اَور کامِل مرضی کو مَعلُوم کر سکو۔
بَدن المسیح میں عاجزانہ خدمت
میں اُس فضل کی بِنا پرجو مُجھ پر ہُواہے تُم میں سے ہر ایک سے کہتا ہُوں کہ جَیسا سمجھنا مُناسب ہے کویٔی اَپنے آپ کو اُس سے زِیادہ نہ سمجھے بَلکہ جَیسا خُدا نے ہر ایک کو اَندازہ سے ایمان تقسیم کیا ہے اِعتِدال کے ساتھ اَپنے آپ کو وَیسا ہی سمجھے۔ جِس طرح ہمارے ایک بَدن میں بہت سے اَعضا ہیں اَور اُن تمام اَعضا کا کام یکساں نہیں۔ اُسی طرح ہم بھی جو بہت سے ہیں المسیح میں شامل ہوکر ایک بَدن ہیں اَور آپَس میں ایک دُوسرے کے اَعضا۔ اَور خُدا کا جو فضل ہم پر ہُواہے اُس کی وجہ سے ہمیں طرح طرح کی نِعمتیں مِلی ہیں۔ اِس لیٔے جسے نبُوّت مِلی ہو وہ ایمان کے اَندازہ کے مُطابق نبُوّت کرے۔ اگر خدمت مِلی ہو تو خدمت میں لگا رہے۔ اگر تعلیم دینے کی نِعمت مِلی ہے تو تعلیم دیتا رہے۔ اگر نصیحت کرنے کی نِعمت مِلی ہے، تو نصیحت کرتا رہے؛ اگر کسی کو حاجتمندوں کی ضروُرتیں پُوری کرنے کی نِعمت مِلی ہے، تو وہ فیّاضی سے کام لے، خُوش دِلی سے پیشوائی کرتا رہے؛ رحم کرنے والا، خُوشی سے رحم کرے۔
عَمل میں مَحَبّت
تمہاری مَحَبّت بے رِیا ہو، بدی سے نفرت رکھو، نیکی سے لپٹے رہو۔ 10 باہمی مَحَبّت کے لیٔے خُود کو وقف کرو۔ عزّت کی رُو سے دُوسرے کو اَپنے سے بہتر سمجھو۔ 11 کوشش میں سُستی نہ کرو۔ رُوحانی جوش سے بھرے رہو اَور خُداوؔند کی خدمت کرتے رہو۔ 12 اُمّید میں خُوش، مُصیبت میں صَابر، دعا میں مشغُول رہو۔ 13 مُقدّسین کی ضروُرتیں پُوری کرو، مُسافر پروَری میں لگے رہو۔
14 جو تُمہیں ستاتے ہیں اُن کے لیٔے برکت چاہو، لعنت نہ بھیجو۔ 15 خُوشی کرنے والوں کے ساتھ خُوشی مناؤ۔ آنسُو بہانے والوں کے ساتھ آنسُو بہاؤ۔ 16 آپَس میں یکدل رہو، مغروُر نہ بنو بَلکہ ادنیٰ لوگوں کے ساتھ میل جول بڑھانے پر راضی رہو۔ اَپنے آپ کو دُوسروں سے عقلمند نہ سمجھو۔
17 بُرائی کا جَواب بُرائی سے مت دو، وُہی کرنے کی سوچا کرو جو سَب کی نظر میں اَچھّا ہے۔ 18 جہاں تک ممکن ہو ہر اِنسان کے ساتھ صُلح سے رہو۔ 19 عزیزو! دُوسروں سے اِنتقام مت لو بَلکہ خُداوؔند کو موقع دو کہ وہ سزا دے کیونکہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”اِنتقام لینا میرا کام ہے؛ بدلہ میں ہی دُوں گا،“* خُداوؔند کا بھی یہ قول ہے۔ 20 اِس کے برعکس:
”اگر تمہارا دُشمن بھُوکا ہو، تو اُسے کھانا کھِلاؤ؛
اگر پیاسا ہو، تو اُسے پانی پِلاؤ۔
کیونکہ اَیسا کرنے سے تُم اُس کے سَر پر دہکتے اَنگاروں کا ڈھیر لگاؤگے۔“
21 بدی سے مغلُوب نہ ہو، بَلکہ نیکی سے اُس پر فتح پاؤ۔
* 12:19 اِست 32‏:35‏ 12:20 امثا 25‏:21‏،22‏