2
اِفِسُسؔ کی جماعت کو پیغام
1 ”اِفِسُسؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو اَپنے داہنے ہاتھ میں سات سِتارے لیٔے ہویٔے ہے اَورجو سونے کے سات چراغدانوں کے درمیان چلتا پھرتاہے، وہ یہ فرماتا ہے۔
2 مَیں تمہارے کاموں، تمہارے سخت محنت اَور تمہارے ثابت قدمی سے واقف ہُوں۔ اَور مَیں یہ بھی جانتا ہُوں کہ تُو بدکاروں کو برداشت نہیں کر سَکتا اَور تُم نے اُن کے دعووں کو جو خُود کو رسول کہتے ہیں مگر ہیں نہیں، اُنہیں تُم نے آزما کر جھُوٹا پایا۔
3 اَور تو صبر کرتے ہویٔے میرے نام کی خاطِر مُصیبت پر مُصیبت اُٹھانے کے باوُجُود نہیں تھکا بَلکہ ثابت قدم رہا۔
4 لیکن مُجھے تُجھ سے یہ شکایت ہے کہ تُو مُجھے اُس طرح مَحَبّت نہیں کرتا جِس طرح پہلے کرتا تھا۔
5 پس خیال کر کہ تُو کہاں سے گرا ہے اَور تَوبہ کرکے پہلے کی طرح کام کر۔ اَور اگر تُو تَوبہ نہ کرےگا تو مَیں تمہارے پاس آکر تمہارے چراغدان کو اُس کی جگہ سے ہٹا دُوں گا۔
6 البتّہ یہ بات تمہارے حق میں ہے کہ تُو نِیکُلیّوں کے کاموں سے نفرت کرتا ہے جِن سے میں بھی نفرت رکھتا ہُوں۔
7 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا میں اُسے اُس شجرِ حیات کا پھل کھانے کو دُوں گا جو خُدا کے فِردَوس میں ہے۔
سُمرنؔہ کی جماعت کو پیغام
8 ”سُمرنؔہ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جو اوّل اَور آخِر ہے اَورجو مَر گیا تھا اَور پھر زندہ ہو گیا، وہ یہ فرماتا ہے۔
9 میں تیری مُصیبت اَور مفلسی سے واقف ہُوں لیکن تُو دولتمند ہے اَور اُن لوگوں کے لَعن طَعن سے بھی واقف ہے جو اَپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں مگر ہیں نہیں بَلکہ شیطان کی جماعت ہیں۔
10 جو دُکھ تُجھے سَہنے ہیں اُن سے خوفزدہ نہ ہو۔ میں تُمہیں آگاہ کرتا ہُوں کہ شیطان تُم میں سے بعض کو قَید میں ڈالنے والا ہے تاکہ تمہاری آزمائش ہو اَور تُم دس دِن تک مُصیبت اُٹھاؤگے۔ جان دینے تک وفادار رہ تو مَیں تُجھے زندگی کا تاج دُوں گا۔
11 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا اُسے دُوسری موت سے کویٔی نُقصان نہ پہُنچے گا۔
پِرگمُنؔ کی جماعت کو پیغام
12 ”پِرگمُنؔ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
جِس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے وہ یہ فرماتا ہے۔
13 میں جانتا ہُوں کہ جہاں تُم رہتے ہو وہ شیطان کی تخت گاہ ہے لیکن پھر بھی تُم میرے نام کے وفادار رہے۔ اَور تُم نے اُن دِنوں میں بھی مُجھ پر ایمان رکھنے سے اِنکار نہ کیا جِن دِنوں میں میرا وفادار گواہ انِتپاسؔ تمہارے شہر میں اُس جگہ قتل کیا گیا تھا جہاں شیطان کی حُکومت ہے۔
14 لیکن مُجھے تُجھ سے چند باتوں کی شکایت ہے، اِس لیٔے کہ تیرے یہاں بعض لوگ بِلعاؔم کی تعلیم پر قائِم ہیں جِس نے بادشاہ بلقؔ کو بنی اِسرائیلؔ کو گمراہ کرنے کے لیٔے بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے اَور جنسی بدفعلی کرنا سِکھایا۔
15 چنانچہ تمہارے یہاں بھی اَیسے لوگ ہیں جو نِیکُلیّوں کی تعلیم پر عَمل کرتے ہیں۔
16 لہٰذا تَوبہ کرو، ورنہ! میں جلد ہی تمہارے پاس آؤں گا اَور اَپنے مُنہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑوں گا۔
17 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالب آئے گا، میں اُسے پوشیدہ مَنّ میں سے کچھ دُوں گا۔ میں اُسے ایک سفید پتّھر بھی دُوں گا جِس پر ایک نیا نام لِکھّا ہوگا، جِس کا علم اُس کے پانے والے کے سِوا اَور کسی کو نہ ہوگا۔
تھُواتِیؔرہ کی جماعت کو پیغام
18 ”تھُواتِیؔرہ کی جماعت کے فرشتہ کو لِکھ:
خُدا کا بیٹا جِس کی آنکھیں بھڑکتی ہُوئی آگ کے شُعلوں اَور جِس کے پاؤں تپائے ہویٔے خالص پیتل کی مانند ہیں، وہ یہ فرماتا ہے۔
19 مَیں تمہارے کاموں، مَحَبّت، ایمان، خدمت اَور ثابت قدمی سے واقف ہُوں، اَور یہ بھی جانتا ہُوں کہ تُو جو کچھ اَب کر رہاہے وہ تمہارے پچھلے کاموں سے زِیادہ ہیں۔
20 لیکن مُجھے تُجھ سے یہ شکایت ہے کہ تُونے اُس عورت اِیزبِلؔ کو اَپنے درمیان رہنے دیا، جو اَپنے آپ کو نبیّہ کہتی ہے۔ اَور میرے خادِموں کو جنسی بدفعلی کرنے اَور بُتوں کو نذر کی گئی قُربانیوں کاگُوشت کھانے کی تعلیم دے کر گُمراہ کرتی ہے۔
21 مَیں نے اُسے تَوبہ کرنے کی مہلت دی مگر وہ اَپنی بدچلنی سے تَوبہ کرنا نہیں چاہتی۔
22 لہٰذا میں اُسے بیماری کے بِستر پر ڈالتا ہُوں اَورجو اُس کے ساتھ زنا کرتے ہیں، اگر وہ اَپنی زناکاری سے تَوبہ نہیں کرتے ہیں تو، میں اُنہیں بھی سخت عذاب میں ڈالوں گا۔
23 میں اُس کے فرزندوں کو ہلاک کر دُوں گا۔ تَب تمام جماعتوں کو مَعلُوم ہو جائے گا کہ دِلوں اَور ذہنوں کو جانچنے والا مَیں ہی ہوں، اَور مَیں تُم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُوافق بدلہ دُوں گا۔
24 مگر تھُواتِیؔرہ کے باقی لوگوں سے جو اِیزبِلؔ کی تعلیم کو نہیں مانتے اَورجو اُن باتوں سے ناواقِف ہیں جنہیں یہ لوگ شیطان کا گہرا راز کہتے ہیں، ’میں یہ فرماتا ہُوں کہ میں تُم پر اَور زِیادہ بوجھ نہیں ڈالوں گا،
25 البتّہ جو تمہارے پاس ہے اُسے میرے آنے تک تھامے رہو۔‘
26 جو غالب آئے اَور میری مرضی کے مُوافق آخِر تک عَمل کرے، میں اُسے تمام قوموں پر اِختیار دُوں گا۔
27-28 وہ لوہے کے شاہی عصا سے اُن پر حُکومت کرےگا؛ اَور وہ کُمہار کے برتنوں کی مانند چَکنا چُور ہو جایٔیں گے۔ چنانچہ مَیں نے بھی اَیسا ہی اِختیار اَپنے باپ سے پایا ہے۔ اَور مَیں اُسے صُبح کا ستارہ بھی دُوں گا۔
29 جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ پاک رُوح جماعتوں سے کیا فرماتا ہے۔