8
بنی اِسرائیل نے ایک بادشاہ کی درخواست کی۔
1 جَب شموایلؔ ضعیف ہو گئے تو اُنہُوں نے اَپنے بیٹوں کو بنی اِسرائیل کے لیٔے قاضی مُقرّر کیا۔
2 اُس کے پہلوٹھے کا نام یُوایلؔ تھا اَور اُس کے دُوسرے بیٹے کا نام ابیّاہؔ تھا اَور وہ بیرشبعؔ میں قاضی تھے۔
3 لیکن شموایلؔ کے بیٹے اُس کے نقش قدم پر نہ چلے۔ وہ ناجائز نفع کمانے پرتُلے ہُوئے تھے رشوت لیتے اَور اِنصاف کا خُون کرتے تھے۔
4 لہٰذا بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ جمع ہوکر رامہؔ میں شموایلؔ کے پاس آئے
5 اَور کہنے لگے، ”تُم بُوڑھے ہو گئے ہو، اَور تمہارے بیٹے تمہاری راہوں پر نہیں چلتے، اِس لیٔے تُم دیگر قوموں کی طرح ہم پر کسی کو بادشاہ مُقرّر کر دو۔“
6 لیکن جَب اُنہُوں نے کہا، ”ہماری عدالت کرنے کے لیٔے ہمیں کویٔی بادشاہ دیں،“ تو یہ بات شموایلؔ کو بڑی بُری لگی۔ لہٰذا اُس نے یَاہوِہ سے دعا کی۔
7 اَور یَاہوِہ نے شموایلؔ سے کہا: ”جو کچھ یہ لوگ کہہ رہے ہیں اُسے سُن۔ یہ تُم نہیں جسے اُنہُوں نے ردّ کیا ہے بَلکہ اُنہُوں نے مُجھے اَپنے بادشاہ کے طور پر ردّ کیا ہے۔
8 جَب مَیں اُنہیں مِصر سے نکال کر لایا اُس دِن سے آج تک جِس طرح وہ غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے کے لیٔے مُجھے چھوڑ چُکے ہیں وَیسے ہی وہ تمہارے ساتھ کر رہے ہیں۔
9 تُم اُن کی بات مان لو لیکن سنجِیدگی سے اُنہیں خبردار کر دو اَور بتا دو کہ وہ بادشاہ جو اُن پر حُکمرانی کرےگا اُس کے ضوابط کیا ہوں گے۔“
10 تَب شموایلؔ نے، اُن لوگوں کو جو اُس سے ایک بادشاہ مُقرّر کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے یَاہوِہ کی سَب باتیں کہہ سُنائیں۔
11 اَور یہ بھی کہا، ”تُم پر حُکومت کرنے والا بادشاہ جو کچھ کرےگا وہ یہ ہے: وہ تمہارے بیٹوں کو لے کر اَپنے رتھوں اَور گھوڑوں کے لیٔے خدمت گار رکھےگا اَور وہ اُس کے رتھوں کے آگے آگے دَوڑیں گے۔
12 بعض کو وہ ہزار ہزار پر اَور بعض کو پچاس پچاس پر سردار مُقرّر کرےگا اَور بعض کو اَپنی زمین میں ہل چلانے اَور اَپنی فصل کاٹنے کے کام پر لگائے گا اَور بعض کو دُوسروں کو جنگ کے ہتھیار بنانے اَور اَپنے رتھوں کے لیٔے سازوسامان تیّار کرنے کے لیٔے رکھےگا۔
13 اَور تمہاری بیٹیوں کو لے کر اُن سے عطر سازی کروائے گا، سالن تیّار کروائے گا اَور روٹیاں پکوائے گا۔
14 وہ تمہارے بہترین کھیتوں اَور تاکستانوں اَور زَیتُون کے باغوں کو لے کر اَپنے خدمت گاروں کو عطا کرےگا۔
15 اَور تمہارے اناج اَور تمہاری انگور کی فصل کا دسواں حِصّہ لے کر اَپنے خادِموں اَور اہلکاروں کو دے گا۔
16 تمہارے خادِموں اَور لونڈیوں اَور تمہارے بہترین مویشیوں اَور گدھوں کو اَپنے اِستعمال کے لیٔے لے لے گا۔
17 وہ تمہاری بھیڑ بکریوں کا دسواں حِصّہ لے لے گا اَور تُم خُود بھی اُس کے غُلام بَن کر رہ جاؤگے۔
18 اَور جَب وہ دِن آئے گا تو تُم اُس بادشاہ سے جسے تُم نے چُنا ہوگا نَجات پانے کے لیٔے فریاد کروگے لیکن اُس دِن یَاہوِہ تمہاری نہ سُنیں گے۔“
19 لیکن لوگوں نے شموایلؔ کی بات سُننے سے اِنکار کر دیا اَور کہا، ”نہیں! ہم اَپنے اُوپر ایک بادشاہ چاہتے ہیں۔
20 تَب ہم بھی اَور سَب قوموں کی مانند ہوں گے اَور ہم پر حُکومت کرنے، ہمارے آگے جانے اَور ہماری لڑائیاں لڑنے کے لیٔے ہمارا بھی ایک بادشاہ ہوگا۔“
21 شموایلؔ نے لوگوں کی سَب باتیں سُنیں اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور دہرایا۔
22 تَب یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”اُن کی بات مان لے اَور اُن کے لیٔے ایک بادشاہ مُقرّر کر دے۔“
تَب شموایلؔ نے بنی اِسرائیل کے ”لوگوں کو اَپنے اَپنے قصبے کو چلے جانے کا حُکم دیا۔“