تِیمُتھِیُس
کے نام پَولُسؔ کا پہلا خط
1
1 پَولُسؔ کی جانِب سے، ہمارے مُنجّی خُدا اَور ہماری اُمّید المسیح یِسوعؔ کے حُکم کے مُوافق المسیح یِسوعؔ کے رسول ہیں،
2 تِیمُتھِیُس کے نام خط جو ایمان کے لِحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے۔
خُدا باپ اَور ہمارے المسیح یِسوعؔ کی طرف سے تُمہیں فضل، رحم اَور سلامتی حاصل ہوتی رہے۔
تِیمُتھِیُس کو جھُوٹے اُستادوں کی مُخالفت کرنے کا فرمان
3 مَیں نے صُوبہ مَکِدُنیہؔ جاتے وقت تُجھے نصیحت کی تھی کہ تُو اِفِسُسؔ شہر میں رہ کر جھُوٹی تعلیم دینے والے بعض شَخصُوں کو تاکید کر کہ وہ آئندہ اَیسا نہ کریں۔
4 اَور اُن فرضی داستانوں اَور بے اِنتہا نَسب ناموں کا لِحاظ نہ کریں اِن سے ایمان پر مَبنی نَجات بخش الٰہی کام آگے نہیں بڑھتا لیکن محض جھگڑے پیدا ہوتے ہیں۔
5 میرے اِس حُکم کا مقصد یہ ہے کہ سبھی مسیحی مُومِنین کے اَندر ایک دُوسرے کے لیٔے مَحَبّت پیدا ہو جو خُلوص دِل، نیک نیّت اَور حقیقی ایمان سے پیدا ہوتی ہے۔
6 کچھ لوگ اِن سے کنارہ کرکے فُضول باتوں کی طرف مُتوجّہ ہو گیٔے ہیں۔
7 وہ شَریعت کے مُعلّم بننا چاہتے ہیں، حالانکہ وہ جو باتیں کہتے ہیں اَور جِن کا یقینی طور سے دعویٰ کرتے ہیں اُنہیں سمجھتے بھی نہیں ہیں۔
8 ہم جانتے ہیں کہ شَریعت اَچھّی ہے بشرطیکہ اُسے صحیح طور پر اِستعمال کیا جائے۔
9 ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ شَریعت راستبازوں کے لیٔے نہیں بَلکہ بےشَرع لوگوں، سَرکشوں، بےدینوں، گُنہگاروں، ناپاک لوگوں، ناراستوں اَور ماں باپ کے قاتلوں اَور خُونیوں،
10 اَور زناکاروں، لَونڈے بازوں، غُلام فروشوں، جھُوٹ بولنے والے، جھُوٹی قَسمیں کھانے والے اَور اَیسے تمام کام ہیں جو اُس صحیح تعلیم کے خِلاف میں ہیں،
11 اَور یہ پُرجلال خُوشخبری میں پائی جاتی ہے، جسے خُدائے مُبارک نے میرے سُپرد کیا ہے۔
پَولُسؔ کے لئے خُداوؔند کا فضل
12 میں اَپنے خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کا شُکر اَدا کرتا ہُوں جِس نے مُجھے قُوّت عطا کی اَور وفادار سمجھ کر اَپنی خدمت کے لیٔے مُقرّر کیا۔
13 حالانکہ میں پہلے کُفر بکنے والا، لوگوں کو اِیذا دینے والا اَور ایک ظالِم آدمی تھا، لیکن مُجھ پر رحم ہُوا کیونکہ مَیں نے نادانی اَور بےاِعتقادی کی حالت میں یہ سَب کچھ کیا تھا۔
14 اَور ہمارے خُداوؔند کا فضل اُس ایمان اَور مَحَبّت کے ساتھ جو المسیح یِسوعؔ میں ہے، مُجھ پر بہت کثرت سے ہُوا۔
15 یہ بات سچ اَور پُوری طرح قبُول کرنے کے لائق ہے کہ المسیح یِسوعؔ گُنہگاروں کو نَجات دینے دُنیا میں آئے، جِن میں سَب سے بڑا گُنہگار میں ہُوں۔
16 لیکن مُجھ پر اِس لیٔے مہربانی ہویٔی کہ المسیح یِسوعؔ مُجھ جَیسے بڑے گُنہگار کے ساتھ تحمُّل سے پیش آئیں تاکہ میں اُن کے لیٔے نمونہ بَن سکوں جو المسیح پر ایمان لاکر اَبدی زندگی پائیں گے۔
17 اَب اَزلی بادشاہ یعنی اُس غَیر فانی، نادیدہ، واحد خُدا کی عزّت اَور خُدا کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین!
تِیمُتھِیُس کی ذمّہ داری
18 میرے بیٹے تِیمُتھِیُس! مَیں تُجھے یہ ہدایت اُن پیشن گوئیوں کے مُطابق دے رہا ہوں جو تیرے بارے میں پہلے سے کی گئی تھیں، تاکہ تُم اُن پیشن گوئیوں کو یاد رکھو اَور اَچھّی لڑائی لڑتے رہو۔
19 اَور ایمان اَور نیک نیّتی پر قائِم رہو۔ جِس کو دُور کرنے کے سبب سے بعض لوگوں نے اَیسا ہی کیا اَور اُن کے ایمان کا جہاز غرق ہو گیا۔
20 اُن ہی میں سے ہِمنِیُسؔ اَور سِکندرؔ بھی ہیں جنہیں مَیں نے شیطان کے حوالہ کر دیا تاکہ وہ کُفر بکنے سے باز رہنا سیکھیں۔