4
1 پاک رُوح صَاف طور پر فرماتا ہے کہ آنے والے دِنوں میں بعض لوگ مسیحی ایمان سے مُنہ موڑکر گُمراہ کرنے والی رُوحوں اَور شَیاطِین کی تعلیمات کی طرف مُتوجّہ ہونے لگیں گے۔
2 یہ باتیں اُن جھُوٹے آدمیوں کی ریاکاری کے باعث ہوں گی جِن کا ضمیر گویا گَرم لوہے سے داغاگیا ہو۔
3 یہ لوگ بیاہ کرنے سے منع کرتے ہیں اَور اُن بعض کھانوں سے پرہیز کرنے کا حُکم دیتے ہیں جنہیں خُدا نے اِس لیٔے پیدا کیا ہے کہ مُومِنین اَور حق کو جاننے والے اُنہیں شُکر گُزاری کے ساتھ کھایٔیں۔
4 کیونکہ ہر چیز جو خُدا نے بنائی ہے، اَچھّی ہے، اَور کویٔی چیز اِنکار کے لائق نہیں؛ بشرطیکہ شُکر گُزاری کے ساتھ کھائی جائے۔
5 کیونکہ اُسے خُدا کے کلام اَور دعا سے مُقدّس کیا گیا ہے۔
6 اگر تُو بھائیوں اَور بہنوں کو، یہ باتیں یاد دِلائے گا تو المسیح یِسوعؔ کا عُمدہ خادِم ٹھہرے گا اَور ساتھ ہی اُس ایمان اَور اَچھّی تعلیم سے پرورِش پایٔےگا جِس پر تُو عَمل کرتا آیا ہے۔
7 لیکن اُن فُضول قِصّوں اَور کہانیوں سے کنارہ کرجو بُوڑھی عورتوں کی زبان پر رہتی ہیں اِن کی بجائے خُدا پرستی کی زندگی گُزارنے کے لیٔے خُود کی تربّیت کر۔
8 کیونکہ جِسمانی مشقّت سے تھوڑا فائدہ تو ہوتاہے لیکن خُدا پرستی سَب چیزوں کے لیٔے فائدہ مند ہوتی ہے کیونکہ اِس میں نہ صِرف مَوجُودہ زندگی کا بَلکہ مُستقبِل زندگی کا وعدہ بھی مَوجُود ہے۔
9 یہ بات سچ ہے اَور ہر طرح سے قبُول کرنے کے لائق ہے۔
10 اِس لیٔے ہم سخت محنت اَور کوشش کرتے ہیں کیونکہ ہم نے اَپنی اُمّید اُس زندہ خُدا پر لگا رکھی ہے جو سَب اِنسانوں کا مُنجّی، خاص کر اُن کا جو مُومِنین ہیں۔
11 یہ باتیں سِکھا اَور اُن پر عَمل کرنے کا حُکم دے۔
12 کویٔی بھی تیری جَوانی کی حقارت نہ کرنے پایٔے بَلکہ تُو ایمان والوں کے لیٔے گُفتگو، چال چلن، مَحَبّت، ایمان اَور پاکیزگی میں نمونہ بَن۔
13 جَب تک میں نہیں آ جاتا، وہاں میرے آنے تک تُو جماعت میں پاک کلامِ کی تِلاوت کرنے، نصیحت کرنے اَور تعلیم دینے میں مشغُول رہ۔
14 اَپنی اُس نِعمت سے غافل نہ رہنا جو تُجھے نبُوّت کے ذریعہ اُس وقت مِلی تھی جَب بُزرگوں کی جماعت نے تُجھ پر ہاتھ رکھے تھے۔
15 اِن باتوں پر خاص طور سے غور کر۔ اَور اِن پر پُوری طرح عَمل کر؛ تاکہ سَب لوگ تُجھے ترقّی کرتا دیکھ سکیں۔
16 اَپنے کِردار اَور اَپنی تعلیم پر نظر رکھ۔ اِن باتوں پر عَمل کیٔے جا کیونکہ اَیسا کرنے سے تو اَپنی اَور اَپنے سُننے والوں کی نَجات کا باعث ہوگا۔