طِطُس
کے نام پَولُسؔ کا خط
1
1 پَولُسؔ کی جانِب سے جو خُدا کا خادِم اَور یِسوعؔ المسیح کا رسول ہے۔ خُدا نے مُجھے اَپنے برگُزیدہ لوگوں کے ایمان اَور حق کے عِرفان میں ترقّی کی خاطِر مُنتخب کیا تاکہ وہ دینداری کی طرف رُجُوع کریں۔
2 جو اَبدی زندگی کی اُمّید پر قائِم ہے جِس کا وعدہ خُود خُدا نے شروع زمانہ سے پیشتر ہی کر دیا تھا، جو کبھی جھُوٹ نہیں بولتا۔
3 اَور جسے اَب خُدا نے اَپنے مُقرّر وقت پر اَپنے کلام کو میرے اُس مُنادی کے ذریعہ ظاہر کیا جو ہمارے مُنجّی خُدا کے حُکم سے میرے سُپرد کیا گیا۔
4 طِطُسؔ کے نام خط جو ایمان کی شرکت کے لِحاظ سے میرا حقیقی بیٹا ہے:
خُدا باپ اَور ہمارے مُنجّی خُداوؔند المسیح یِسوعؔ کی طرف سے تُمہیں فضل اَور اِطمینان حاصل ہوتا رہے۔
کریتےؔ کی جماعت میں بُزرگوں کو مُقرّر کرنا
5 مَیں نے تُجھے جَزِیرہ کریتےؔ میں اِس لیٔے چھوڑا تھا کہ جو کام وہاں ادھورا رہ گیا تھا، تُو اُسے پُورا کر سکے اَور میرے حُکم کے مُطابق ہر شہر کی جماعت میں بُزرگوں کو مُقرّر کرے۔
6 ہر پاسبان بے اِلزام اَور ایک ہی بیوی کا شوہر ہو، اُس کے بچّے ایمان والے ہوں اَور بدچلنی اَور نافرمانی کے اِلزام سے پاک ہو۔
7 کیونکہ نگہبان کو خُدا کے گھر کا مُختار ہونے کی وجہ سے ضروُر بے اِلزام ہونا چاہئے۔ نہ تو وہ سخت دِل، گَرم مِزاج، شرابی جھگڑالو، یا ناجائز نفع کا لالچی ہو۔
8 بَلکہ وہ مہمان نواز، خیر دوست، اَپنے نَفس پر قابُو رکھنے والا، راستباز، پاک اَور نظم و ضَبط والا ہو۔
9 اَور ایمان کے کلام پرجو اِس تعلیم کے مُوافق ہے، قائِم رہنے والا ہو تاکہ وہ صحیح تعلیم سے دُوسروں کو نصیحت دے سکے اَور مُخالفوں کو بھی قائل کر سکے۔
نیکی نہ کرنے والوں کو ملامت
10 کیونکہ بہت سے لوگ خاص طور پر وہ جو ختنہ کرانے پر زور دیتے ہیں، بڑے سَرکش، فُضول باتیں کہنے والے اَور دغاباز ہیں۔
11 اَیسے لوگوں کا مُنہ بند کرنا ضروُری ہے کیونکہ یہ لوگ ناجائز نفع کی خاطِر غلط باتیں سِکھا کرجو اُنہیں نہیں سِکھانا چاہئے، گھر کے گھر تباہ کر دیتے ہیں۔
12 اُن کے نبیوں میں سے ایک خُود کریتےؔ کے نبی نے تو یہاں تک کہہ دیا: ”کریتی لوگ ہمیشہ جھُوٹے، مُوذی درندے، کاہل اَور پیٹو ہوتے ہیں۔“
13 یہ گواہی سچّی ہے۔ لہٰذا تُو اُنہیں سختی سے ملامت کیا کر تاکہ اُن کا ایمان دُرست ہو جائے۔
14 اَور وہ یہُودیوں کے قِصّوں اَور اَیسے آدمیوں کے اَحکام پر توجّہ نہ کریں جو حق سے گمراہ ہو گیٔے ہیں۔
15 جو خُود پاک ہیں اُن کے لیٔے سَب چیزیں پاک ہیں لیکن گُناہ آلُودہ اَور بےایمان لوگوں کے لیٔے کویٔی بھی چیز پاک نہیں کیونکہ اُن کی عقل اَور ضمیر دونوں ناپاک ہو گیٔے ہیں۔
16 وہ خُدا کی پہچان کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن اَپنے کاموں سے اُس کا اِنکار کرتے ہیں۔ وہ قابل نفرت، نافرمان اَور کویٔی بھی نیک کام کرنے کے لائق نہیں ہیں۔