3
اَچھّے کام کرنے کے واسطے نَجات
1 لوگوں کو یاد دِلا کہ وہ حاکموں اَور صاحبِ اِختیاروں کے تابع رہیں، اُن کا حُکم مانیں اَور ہر نیک کام کو اَنجام دینے کے لیٔے تیّار رہیں۔
2 کسی کی بدگوئی نہ کریں، اَمن پسند اَور نرم مِزاج ہوں اَور سَب لوگوں کے ساتھ بڑی حلیمی سے پیش آئیں۔
3 کیونکہ ہم بھی ایمان لانے سے پہلے ناسمجھ، نافرمان، فریب کھانے والے اَور ہر طرح کی خواہشوں اَور عیّاشیوں کی غُلامی میں تھے۔ بدنیّتی اَور حَسد میں زندگی گزارتے تھے۔ لوگ ہم سے نفرت کرتے تھے اَور ہم اُن سے۔
4 لیکن جَب ہمارے مُنجّی خُدا کی رحمت اَور مَحَبّت ظاہر ہویٔی،
5 تو خُدا نے ہمیں نَجات بخشی، مگر یہ ہمارے راستبازی کے کاموں کے سبب سے نہیں تھا بَلکہ اُس کی رحمت کے مُطابق۔ ہمیں پاک رُوح کے ذریعہ نئی زندگی بخشی اَور رُوحانی پیدائش کے غُسل سے ہمارے دِلوں کو پاک صَاف کر دیا۔
6 خُدا نے ہمارے مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی مَعرفت سے پاک رُوح کو ہم پر بڑی کثرت سے نازل کیا،
7 تاکہ ہم خُدا کے فضل سے راستباز ٹھہریں، اَور اَبدی زندگی کی اُمّید کے مُطابق وارِث بنیں۔
8 یہ بات قابل یقین ہے اَور مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم اِن باتوں کو بڑے یقینی طور سے تعلیم دو تاکہ خُدا پر ایمان لانے والے نیک کاموں میں مشغُول رہنے پر غور کریں۔ یہ باتیں اَچھّی اَور اِنسانوں کے لیٔے مفید ہیں۔
9 لیکن احمقانہ حُجّتوں، نَسب ناموں، بحثوں اَور شَرعی تنازعوں سے پرہیز کریں، کیونکہ اَیسا کرنا بے فائدہ اَور فُضول ہے۔
10 جو آدمی بِدعتی یا جھُوٹی تعلیم دینے والا ہو اُسے دو بار نصیحت کرنے کے بعد بھی اگر نہ مانے تو اُسے جماعت کی رِفاقت سے خارج کر دو۔
11 یہ جان کر کہ اَیسا آدمی گُمراہ ہے اَور اَپنے حرکتوں سے خُود ہی مُجرم ٹھہراتا ہے اَور گُناہ میں مشغُول رہتاہے۔
آخِری ہدایت
12 جَب مَیں اَرتِماسؔ اَور تُخِکسؔ کو تیرے پاس بھیجوں تو نِیکُپُلِسؔ شہر میں میرے پاس آنے کی پُوری کوشش کرنا کیونکہ مَیں نے فیصلہ کیا ہے کہ سردی کا موسم وہیں گزاروں۔
13 زیناسؔ کو جو وکیل ہے اَور اپُلّوسؔ کو روانہ کرنے کی کوشش کرنا اَور یہ بھی دیکھنا کہ اُنہیں کسی چیز کی ضروُرت نہ رہے۔
14 اَور ہمارے لوگ بھی اَچھّے کاموں میں مشغُول ہونا سیکھیں تاکہ دُوسروں کی فَوری ضرورتوں کو پُورا کر سکیں اَور بے پھل زندگی نہ گُزاریں۔
15 میرے سَب ساتھی تُجھے سلام کہتے ہیں۔
جو ایمان کے رُو سے ہم سے مَحَبّت رکھتے ہیں، اُنہیں ہمارا سلام کہنا۔
تُم سَب پر خُدا کا فضل ہوتا رہے۔