29
رب کے جلال کی تمجید
1 داؤد کا زبور۔
اے اللہ کے فرزندو، رب کی تمجید کرو! رب کے جلال اور قدرت کی ستائش کرو!
2 رب کے نام کو جلال دو۔ مُقدّس لباس سے آراستہ ہو کر رب کو سجدہ کرو۔
3 رب کی آواز سمندر کے اوپر گونجتی ہے۔ جلال کا خدا گرجتا ہے، رب گہرے پانی کے اوپر گرجتا ہے۔
4 رب کی آواز زوردار ہے، رب کی آواز پُرجلال ہے۔
5 رب کی آواز دیودار کے درختوں کو توڑ ڈالتی ہے، رب لبنان کے دیودار کے درختوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیتا ہے۔
6 وہ لبنان کو بچھڑے اور کوہِ سِریون*کوہِ سِریون: سِریون حرمون کا دوسرا نام ہے۔ کو جنگلی بَیل کے بچے کی طرح کودنے پھاندنے دیتا ہے۔
7 رب کی آواز آگ کے شعلے بھڑکا دیتی ہے۔
8 رب کی آواز ریگستان کو ہلا دیتی ہے، رب دشتِ قادس کو کانپنے دیتا ہے۔
9 رب کی آواز سن کر ہرنی دردِ زہ میں مبتلا ہو جاتی اور جنگلوں کے پتے جھڑ جاتے ہیں۔ لیکن اُس کی سکونت گاہ میں سب پکارتے ہیں، ”جلال!“
10 رب سیلاب کے اوپر تخت نشین ہے، رب بادشاہ کی حیثیت سے ابد تک تخت نشین ہے۔
11 رب اپنی قوم کو تقویت دے گا، رب اپنے لوگوں کو سلامتی کی برکت دے گا۔