زبُور 4
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ تاردار سازوں کے ساتھ۔ داویؔد کا زبُور۔ 
  1 جَب مَیں آپ کو پُکاروں، تو مُجھے جَواب دیں!  
اَے میرے عادل خُدا،  
مُجھے میری تکلیف سے بَری کریں؛  
مُجھ پر مہربانی کریں اَور میری دعا سُنئے۔   
 2 اَے لوگو! تُم کب تک میری عظمت کو ندامت میں بدلتے رہوگے؟  
تُم کب تک بطالت سے مَحَبّت رکھوگے،  
اَور جھُوٹے معبُودوں کو ڈھونڈتے رہوگے؟   
 3 جان رکھو کہ یَاہوِہ نے صادقوں کو اَپنے لیٔے الگ کر رکھا ہے؛  
جَب مَیں یَاہوِہ کو پُکاروں گا تو وہ سُن لیں گے۔   
 4 تھرتھراؤ اَور تُم گُناہ سے باز رہو؛  
خاموش رہو،  
اَور جَب تُم اَپنے بِستر پر لیٹتے ہو،  
اَور تُم اَپنے دِلوں کو ٹٹولو۔   
 5 صداقت کی قُربانیاں راستی سے گزرانو  
اَور یَاہوِہ پر توکّل کرو۔   
 6 کیٔی لوگ پُوچھتے ہیں، ”کون ہمیں کچھ بھلائی دِکھائے گا؟“  
اَے یَاہوِہ، اَپنے چہرہ کا نُور ہم پر چمکائیں،   
 7 آپ نے میرے دِل میں اِس سے کہیں زِیادہ خُوشی بخشی ہے،  
جو اُنہیں اناج، اَور نئے انگوری شِیرے کی فراوانی سے حاصل ہوتی ہے۔   
 8 میں لیٹ کر اِطمینان سے سو جاؤں گا،  
کیونکہ اَے یَاہوِہ، صِرف آپ ہی ہیں  
جو مُجھے بحِفاظت آرام کرنے دیتے ہیں۔