زبُور 6
موسیقی ہدایت کار کے لئے، تاردار سازوں کے ساتھ، شمینِت*عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے کے سُرپر مَبنی داویؔد کا زبُور۔ 
  1 اَے یَاہوِہ، آپ اَپنے قہر میں مُجھے نہ جھڑکیں،  
اَور نہ اَپنے غضب میں مُجھے تنبیہ کریں۔   
 2 اَے یَاہوِہ، مُجھ پر رحم کریں کیونکہ مَیں پژمردہ ہو چُکا ہُوں؛  
اَے یَاہوِہ، مُجھے شفا بخشیں، میری ہڈّیاں شدید تکلیف میں مُبتلا ہیں۔   
 3 میری جان بھی نہایت پریشان ہے،  
اَے یَاہوِہ، آخِر کب تک آپ کی مدد کا منتظر رہُوں؟   
 4 اَے یَاہوِہ، توجّہ فرمائیں اَور مُجھے رِہائی بخشیں؛  
اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث مُجھے رِہائی بخشیں۔   
 5 کیونکہ مرنے کے بعد آپ کو کویٔی یاد نہیں کرتا۔  
قبر میں سے کون آپ کی تمجید کر سَکتا ہے؟   
 6 میں کراہتے کراہتے تھک گیا؛  
رات بھر رو رو کر میں اَپنا بِستر بھگوتا ہُوں  
اَور اَپنا پلنگ آنسُوؤں سے تربتر کرتا ہُوں۔   
 7 میری آنکھیں غم کے مارے پژمردہ ہو رہی ہیں؛  
اَور میرے سَب حریفوں کی وجہ سے وہ دھُندلانے لگی ہیں۔   
 8 اَے بدکردارو، تُم سَب میرے پاس سے دُورہو جاؤ،  
کیونکہ یَاہوِہ نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔   
 9 یَاہوِہ نے میری فریاد سُن لی؛  
یَاہوِہ میری دعا قبُول فرماتے ہیں۔   
 10 میرے سارے دُشمن شرمندہ اَور دہشت زدہ ہوں گے؛  
وہ ناگہاں رُسوا ہوکر لَوٹ جایٔیں گے۔