زبُور 47
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ بنی قورحؔ کی تصنیف ایک زبُور۔ 
  1 اَے سَب قوموں تالیاں بجاؤ؛  
خُوش آوازی سے خُدا کے لیٔے نعرے مارو۔   
 2 یَاہوِہ خُداتعالیٰ کس قدر مُہیب ہے،  
جو تمام رُوئے زمین کے عظیم بادشاہ ہے!   
 3 اُنہُوں نے قوموں کو ہمارے قدموں میں کر دیا،  
اَور مُختلف اُمّتوں کو ہمارے قدموں کے نیچے ڈال دیا۔   
 4 اُنہُوں نے ہمارے لیٔے ہماری مِیراث چُن لی،  
جو اُس کے عزیز یعقوب کے لیٔے فخر کا باعث ہے۔   
 5 خُدا نے خُوشی کے نعروں کے ہمراہ،  
اَور یَاہوِہ نے نرسنگوں کی آواز کے درمیان صعُود فرمایا۔   
 6 خُدا کی مدح سرائی کرو، مدح سرائی کرو؛  
ہمارے بادشاہ کی مدح سرائی کرو، مدح سرائی کرو۔   
 7 کیونکہ خُدا ساری زمین کا بادشاہ ہے؛  
اُس کی تعریف میں نغمہ سِرا ہو جاؤ۔   
 8 خُدا قوموں پر حُکمرانی کرتا ہے؛  
خُدا اَپنے مُقدّس تخت پر بیٹھا ہے۔   
 9 قوموں کے سردار  
اَبراہامؔ کے خُدا کی اُمّت میں شامل ہونے کے لیٔے اِکٹھّے ہو جاتے ہیں،  
کیونکہ زمین کے ڈھالیں خُدا کی ہیں؛  
وہ نہایت ہی بُلند ہے۔