زبُور 54
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ تاردار سازوں کے ساتھ۔ داویؔد کا مشکیل۔*عُنوان: مُمکنہ طور پر ایک اَدبی یا موسیقی کی اِصطلاح ہو سَکتا ہے۔ جَب زِیفیوں نے جا کر شاؤل سے کہا کہ کیا، ”داویؔد ہمارے درمیان پناہ لئے ہُوئے نہیں؟“
1 اَے خُدا، اَپنے نام کے وسیلہ سے مُجھے بچائیں؛
اَپنی قُدرت سے میرا اِنصاف کریں۔
2 اَے خُدا، میری دعا سُن لیں؛
میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگائیں۔
3 میرے بیگانے میرے خِلاف اُٹھے ہیں؛
سنگدل لوگ میری جان کے خواہاں ہیں،
اَیسے لوگ جو خُدا کا کویٔی لحاظ نہیں کرتے۔
4 یقیناً خُدا ہی میرے مددگار ہیں؛
خُداوؔند ہی ہیں جو میری جان کو سنبھالتے ہیں۔
5 جو مُجھ پر تہمت لگاتے ہیں اُن کی بُرائی اُن ہی پر لَوٹا دیں؛
خُدا اَپنی صداقت کے مُطابق اُنہیں تباہ کر دیں۔
6 مَیں آپ کی خاطِر رضا کی قُربانی چڑھاؤں گا؛
اَے یَاہوِہ، مَیں آپ کے نام کی سِتائش کروں گا، کیونکہ وہ خُوب ہے۔
7 کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے میری تمام مُصیبتوں سے چھُڑایا ہے،
اَور میری آنکھوں نے میرے دُشمنوں کی شِکست دیکھ لی ہے۔