زبُور 99
 1 یَاہوِہ سلطنت کرتے ہیں،  
قومیں کانپنے لگیں؛  
وہ کروبیم کے درمیان تخت نشین ہیں،  
زمین لرز جائے۔*مُکا 11:18؛ 19:6   
 2 یَاہوِہ صِیّونؔ میں عظیم ہیں؛  
اَور وہ سَب قوموں پر بُلند و بالا ہیں۔   
 3 تمام لوگ آپ کے عظیم و مُہیب نام کی سِتائش کریں۔  
وہ قُدُّوس ہیں۔   
 4 بادشاہ†بادشاہ یہاں بادشاہ سے مُراد یَاہوِہ ہیں۔ جبّار ہے، اُسے عدل عزیز ہے،  
آپ نے اِنصاف قائِم کیا ہے؛  
آپ نے یعقوب میں وُہی کیا  
جو اِنصاف اَور راستی ہے۔   
 5 تُم یَاہوِہ، ہمارے خُدا کی تمجید کرو،  
اَور خُدا کے پاؤں کی چوکی پر سَجدہ کرو؛  
وہ قُدُّوس ہیں۔   
 6 مَوشہ اَور اَہرونؔ خُدا کے کاہِنوں میں سے تھے،  
اَور شموایلؔ اُن کا نام لینے والوں میں سے تھے؛  
اُنہُوں نے یَاہوِہ کو پُکارا  
اَور یَاہوِہ نے اُنہیں جَواب دیا۔   
 7 خُدا نے بادل کے سُتون میں سے اُن سے کلام کیا؛  
اُنہُوں نے خُدا کے قوانین کو اَور اُن آئین کو مانا جو خُدا نے اُن کو دئیے تھے۔   
 8 اَے یَاہوِہ، ہمارے خُدا،  
خُدا نے اُنہیں جَواب دیا؛  
آپ اِسرائیل کے لیٔے غفور خُدا رہے،  
حالانکہ آپ اُن کی بداعمالیوں کی سزا بھی دیا کرتے تھے۔   
 9 یَاہوِہ ہمارے خُدا کی تمجید کرو،  
اَور اُن کے مُقدّس پہاڑ پر خُدا کی عبادت کرو،  
کیونکہ یَاہوِہ ہمارے خُدا قُدُّوس ہیں۔