زبُور 114
 1 جَب اِسرائیل، مُلک مِصر میں سے نکل آئے،  
یعنی یعقوب کا گھرانا اجنبی زبان بولنے والوں میں سے نکلے،   
 2 تَب یہُوداہؔ خُدا کا پاک مَقدِس ٹھہرا،  
اَور اِسرائیل اُن کی مملکت۔   
 3 سمُندر یہ دیکھ کر بھاگ نِکلا،  
اَور دریائے یردنؔ پیچھے ہٹ گیا؛   
 4 پہاڑ مینڈھوں کی مانند اُچھلے،  
اَور پہاڑیاں برّوں کی مانند کُودنے لگیں۔   
 5 اَے سمُندر، تُمہیں کیا ہُوا جو تُم بھاگے،  
اَور اَے یردنؔ تُم کیوں پیچھے ہٹے؟   
 6 اَے پہاڑو! تُم کیوں مینڈھوں کی مانند اُچھلے  
اَور اَے پہاڑیو! تُمہیں کیا ہُوا کہ تُم برّوں کی مانند کوُدنے لگیں؟   
 7 اَے زمین یَاہوِہ کے سامنے،  
یعقوب کے خُدا کے سامنے تھرتھرا،   
 8 جِس نے چٹّان کو جھیل،  
اَور چقماق کو پانی کا چشمہ بنا دیا۔