زبُور 130
نغمۂ صعُود۔ عبادت کے لئے مُسافری نغمہ۔ 
  1 اَے یَاہوِہ، میں گہرائیوں میں سے آپ کو پُکارتا ہُوں؛   
 2 اَے خُداوؔند، میری آواز سُن لیں۔  
میری اِلتجائے رحم پر  
آپ کے کان متوجّہ ہوں۔   
 3 اگر آپ اَے یَاہوِہ، گُناہوں کو حِساب میں لائیں،  
تو اَے خُداوؔند، کون کھڑا رہ سکےگا؟   
 4 لیکن مغفرت آپ کے ہاتھ میں ہے؛  
تاکہ آپ کا خوف مانا جائے۔   
 5 میں یَاہوِہ کی راہ دیکھتا ہُوں، میری جان منتظر ہے،  
اَور مَیں اُن کے کلام پر بھروسا رکھتا ہُوں۔   
 6 پہرےدار صُبح کا جِتنا اِنتظار کرتے ہیں  
اُن کے صُبح کے اِنتظار سے کہیں زِیادہ،  
میری جان خُداوؔند کی منتظر ہے۔   
 7 اَے اِسرائیل! یَاہوِہ پر اُمّید لگائے رکھو،  
کیونکہ اُن کے ہاتھ میں لافانی مَحَبّت ہے  
اَور اُن ہی کے پاس پُورا فدیہ ہے۔   
 8 یَاہوِہ خُود اِسرائیل کا فدیہ دے کر،  
اُنہیں اُن کی تمام بدکاری سے چھُڑائیں گے۔