5
خداوند کی آمد کے لئے تیار رہنا
1 بھائیو، اِس کی ضرورت نہیں کہ ہم آپ کو لکھیں کہ یہ سب کچھ کب اور کس موقع پر ہو گا۔
2 کیونکہ آپ خود خوب جانتے ہیں کہ خداوند کا دن یوں آئے گا جس طرح چور رات کے وقت گھر میں گھس آتا ہے۔
3 جب لوگ کہیں گے، ”اب امن و امان ہے،“ تو ہلاکت اچانک ہی اُن پر آن پڑے گی۔ وہ اِس طرح مصیبت میں پڑ جائیں گے جس طرح وہ عورت جس کا بچہ پیدا ہو رہا ہے۔ وہ ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔
4 لیکن آپ بھائیو تاریکی کی گرفت میں نہیں ہیں، اِس لئے یہ دن چور کی طرح آپ پر غالب نہیں آنا چاہئے۔
5 کیونکہ آپ سب روشنی اور دن کے فرزند ہیں۔ ہمارا رات یا تاریکی سے کوئی واسطہ نہیں۔
6 غرض آئیں، ہم دوسروں کی مانند نہ ہوں جو سوئے ہوئے ہیں بلکہ جاگتے رہیں، ہوش مند رہیں۔
7 کیونکہ رات کے وقت ہی لوگ سو جاتے ہیں، رات کے وقت ہی لوگ نشے میں دُھت ہو جاتے ہیں۔
8 لیکن چونکہ ہم دن کے ہیں اِس لئے آئیں ہم ہوش میں رہیں۔ لازم ہے کہ ہم ایمان اور محبت کو زرہ بکتر کے طور پر اور نجات کی اُمید کو خود کے طور پر پہن لیں۔
9 کیونکہ اللہ نے ہمیں اِس لئے نہیں چنا کہ ہم پر اپنا غضب نازل کرے بلکہ اِس لئے کہ ہم اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے نجات پائیں۔
10 اُس نے ہماری خاطر اپنی جان دے دی تاکہ ہم اُس کے ساتھ جئیں، خواہ ہم اُس کی آمد کے دن مُردہ ہوں یا زندہ۔
11 اِس لئے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور تعمیر کرتے رہیں، جیسا کہ آپ کر بھی رہے ہیں۔
آخری ہدایات اور سلام
12 بھائیو، ہماری درخواست ہے کہ آپ اُن کی قدر کریں جو آپ کے درمیان سخت محنت کر کے خداوند میں آپ کی راہنمائی اور ہدایت کرتے ہیں۔
13 اُن کی خدمت کو سامنے رکھ کر پیار سے اُن کی بڑی عزت کریں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ میل ملاپ سے زندگی گزاریں۔
14 بھائیو، ہم اِس پر زور دینا چاہتے ہیں کہ اُنہیں سمجھائیں جو بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں، اُنہیں تسلی دیں جو جلدی سے مایوس ہو جاتے ہیں، کمزوروں کا خیال رکھیں اور سب کو صبر سے برداشت کریں۔
15 اِس پر دھیان دیں کہ کوئی کسی سے بُرائی کے بدلے بُرائی نہ کرے بلکہ آپ ہر وقت ایک دوسرے اور تمام لوگوں کے ساتھ نیک کام کرنے میں لگے رہیں۔
16 ہر وقت خوش رہیں،
17 بلاناغہ دعا کریں،
18 اور ہر حالت میں خدا کا شکر کریں۔ کیونکہ جب آپ مسیح میں ہیں تو اللہ یہی کچھ آپ سے چاہتا ہے۔
19 روح القدس کو مت بجھائیں۔
20 نبوّتوں کی تحقیر نہ کریں۔
21 سب کچھ پرکھ کر وہ تھامے رکھیں جو اچھا ہے،
22 اور ہر قسم کی بُرائی سے باز رہیں۔
23 اللہ خود جو سلامتی کا خدا ہے آپ کو پورے طور پر مخصوص و مُقدّس کرے۔ وہ کرے کہ آپ پورے طور پر روح، جان اور بدن سمیت اُس وقت تک محفوظ اور بےالزام رہیں جب تک ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح واپس نہیں آ جاتا۔
24 جو آپ کو بُلاتا ہے وہ وفادار ہے اور وہ ایسا کرے گا بھی۔
25 بھائیو، ہمارے لئے دعا کریں۔
26 تمام بھائیوں کو ہماری طرف سے بوسہ دینا۔
27 خداوندکے حضور مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ یہ خط تمام بھائیوں کے سامنے پڑھا جائے۔
28 ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کے ساتھ ہوتا رہے۔