۲-تِھسّلُنیکیوں
1
یہ خط پولس، سلوانس اور تیمُتھیُس کی طرف سے ہے۔
ہم تِھسّلُنیکیوں کی جماعت کو لکھ رہے ہیں، اُنہیں جو اللہ ہمارے باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح پر ایمان لائے ہیں۔
خدا ہمارا باپ اور خداوند عیسیٰ مسیح آپ کو فضل اور سلامتی بخشیں۔
مسیح کی آمد پر عدالت
بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں۔ ہاں، یہ موزوں ہے، کیونکہ آپ کا ایمان حیرت انگیز ترقی کر رہا ہے اور آپ سب کی ایک دوسرے سے محبت بڑھ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اللہ کی دیگر جماعتوں میں آپ پر فخر کرتے ہیں۔ ہاں، ہم فخر کرتے ہیں کہ آپ اِن دنوں میں کتنی ثابت قدمی اور ایمان دکھا رہے ہیں حالانکہ آپ بہت ایذا رسانیاں اور مصیبتیں برداشت کر رہے ہیں۔
یہ سب کچھ ثابت کرتا ہے کہ اللہ کی عدالت راست ہے، اور نتیجے میں آپ اُس کی بادشاہی کے لائق ٹھہریں گے، جس کے لئے آپ اب دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔ اللہ وہی کچھ کرے گا جو راست ہے۔ وہ اُنہیں مصیبتوں میں ڈال دے گا جو آپ کو مصیبت میں ڈال رہے ہیں، اور آپ کو جو مصیبت میں ہیں ہمارے سمیت آرام دے گا۔ وہ یہ اُس وقت کرے گا جب خداوند عیسیٰ اپنے قوی فرشتوں کے ساتھ آسمان پر سے آ کر ظاہر ہو گا اور بھڑکتی ہوئی آگ میں اُنہیں سزا دے گا جو نہ اللہ کو جانتے ہیں، نہ ہمارے خداوند عیسیٰ کی خوش خبری کے تابع ہیں۔ ایسے لوگ ابدی ہلاکت کی سزا پائیں گے، وہ ہمیشہ تک خداوند کی حضوری اور اُس کی جلالی قدرت سے دُور ہو جائیں گے۔ 10 لیکن اُس دن خداوند اِس لئے بھی آئے گا کہ اپنے مُقدّسین میں جلال پائے اور تمام ایمان داروں میں حیرت کا باعث ہو۔ آپ بھی اُن میں شامل ہوں گے، کیونکہ آپ اُس پر ایمان لائے جس کی گواہی ہم نے آپ کو دی۔
11 یہ پیشِ نظر رکھ کر ہم لگاتار آپ کے لئے دعا کرتے ہیں۔ ہمارا خدا آپ کو اُس بُلاوے کے لائق ٹھہرائے جس کے لئے آپ کو بُلایا گیا ہے۔ اور وہ اپنی قدرت سے آپ کی نیکی کرنے کی ہر خواہش اور آپ کے ایمان کا ہر کام تکمیل تک پہنچائے۔ 12 کیونکہ اِس طرح ہی ہمارے خداوند عیسیٰ کا نام آپ میں جلال پائے گا اور آپ بھی اُس میں جلال پائیں گے، اُس فضل کے مطابق جو ہمارے خدا اور خداوند عیسیٰ مسیح نے آپ کو دیا ہے۔