6
مُقدّمہ بازی
اگر تُم میں ایک کا دُوسرے کے ساتھ جھگڑا چل رہا ہو تو کیا وہ اَپنے فیصلہ کے لیٔے مسیحی مُقدّسین کی بجائے بےدینوں کی عدالت میں جانے کی جُرأت کرےگا؟ کیا تُم نہیں جانتے کہ مُقدّس لوگ دُنیا کا اِنصاف کریں گے؟ اَور جَب تُمہیں دُنیا کا اِنصاف کرناہے تو کیا تُم اِس قابل بھی نہیں کہ چُھوٹی چُھوٹی باتوں کا فیصلہ کر سکو؟ کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم فرشتوں کا اِنصاف کریں گے؟ اِس دُنیا کے مُعاملات کا تو ذِکر ہی کیا؟ اگر تُم میں اَیسے دُنیوی مُقدّمے ہوں تو کیا تُم اُن کا فیصلہ اَیسے لوگوں سے کراؤگے جِن کی جماعت میں کویٔی حیثیت نہیں؟ میں تُمہیں شرمندہ کرنے کے لیٔے یہ کہتا ہُوں۔ کیا سچ مُچ تُم میں ایک بھی عقلمند نہیں جو مسیحی بھائیو کے مُعاملات کا بِلاجِھجک فیصلہ کر سکے؟ بَلکہ ایک مسیحی بھایٔی دُوسرے مسیحی بھایٔی پر مُقدّمہ دائر کرتا ہے اَور وہ بھی بےاِعتقادوں کی عدالت میں۔
دراصل تُم میں بڑا نُقص یہ ہے کہ تُم آپَس کی مُقدّمہ بازی میں مشغُول ہو۔ تُم ظُلم اُٹھانا کیوں نہیں بہتر جانتے؟ اَپنا نُقصان کیوں نہیں قبُول کرتے؟ اِس کے برعکس تُم ظُلم کرتے ہو، نُقصان پہُنچاتے ہو اَور وہ بھی اَپنے ہی مسیحی بھائیوں اَور بہنوں کو۔ کیا تُم نہیں جانتے کہ بدکار خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے؟ دھوکے میں نہ رہو! نہ حرام کار نہ بُت پرست، نہ زناکار، نہ لَونڈے باز 10 نہ چور، نہ لالچی، نہ شرابی، نہ گالی بکنے والے، نہ ظالِم خُدا کی بادشاہی کے وارِث ہوں گے۔ 11 تُم میں بعض اَیسے ہی تھے مگر تُم خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے نام اَور ہمارے خُدا کے پاک رُوح سے دھل گیٔے، پاک ہو گئے اَور راستباز ٹھہرائے گیٔے۔
جنسی بدفعلی
12 ساری چیزیں میرے لیٔے جائز ہیں مگر ساری چیزیں مفید نہیں۔ ساری چیزیں میرے لیٔے روا ہیں لیکن مَیں کسی چیز کا غُلام نہ بنُوں گا۔ 13 کھانا پیٹ کے لیٔے، ”اَور پیٹ کھانے کے لیٔے لیکن خُدا اِن دونوں کو نِیست و نابُود کر دے گا۔ مگر بَدن بدفعلی کے لیٔے نہیں بَلکہ خُداوؔند کے لیٔے ہے اَور وُہی اُس کا مالک ہے۔“ 14 خُدا نے اَپنی قُدرت سے خُداوؔند یِسوعؔ کو زندہ کیا اَور وہ ہمیں بھی اَپنی قُدرت سے زندہ کرےگا۔ 15 کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارے بَدن المسیح کے اَعضا ہیں؟ کیا میں المسیح کے اَعضا لے کر اُنہیں کسی فاحِشہ کے ساتھ جوڑ دُوں؟ ہرگز نہیں! 16 کیا تُم نہیں جانتے کہ جو کسی فاحِشہ سے صُحبت کرتا ہے، اُس کے ساتھ ایک جِسم ہو جاتا ہے؟ کیونکہ صحیفہ میں لِکھّا ہے، ”وہ دونوں مِل کر ایک جِسم ہوں گے۔“* 17 مگر جو خُود کو خُداوؔند سے جوڑ دیتاہے وہ رُوحانی طور پر اُس کے ساتھ ایک ہو جاتا ہے۔
18 جنسی بدفعلی سے دُور رہو۔ اِنسان کے دُوسرے سارے گُناہ بَدن سے تعلّق نہیں رکھتے لیکن حرام کار اَپنے بَدن کا بھی گُنہگار ہے۔ 19 کیا تُم نہیں جانتے کہ تمہارا بَدن اُس پاک رُوح کا مَقدِس ہے جو تُم میں بسا ہُواہے اَور جسے تُم نے خُدا کی طرف سے پایا ہے؟ تُم اَپنے نہیں ہو۔ 20 کیونکہ تُم قیمت سے خریدے گیٔے ہو۔ پس اَپنے بَدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔
* 6:16 پیدا 2‏:24‏ 6:20 ”المسیح نے اُسے خریدا ہے اَور آپ کے لیٔے ادائیگی کی ہے۔“‏