4
المسیح کے جِسم میں اِتّحاد اَور پُختگی
1 پس میں جو خُداوؔند کی خاطِر قَید میں ہُوں، تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اُس مِعیار کے مُطابق زندگی گُزارو جِس کے لیٔے تُم بُلائے گیٔے تھے۔
2 ہمیشہ فروتن اَور نرم دِل ہوکر خُدا کے تابع رہو اَور صبر کے ساتھ ایک دُوسرے کی مَحَبّت میں برداشت کرو۔
3 پاک رُوح نے تُمہیں ایک کر دیا ہے اِس لیٔے کوشش کرو کہ ایک دُوسرے کے ساتھ صُلح کے بند سے بندھے رہو۔
4 بَدن ایک ہی ہے اَور پاک رُوح بھی ایک ہی ہے، جَب تُم خُدا کی طرف سے بُلائے گیٔے تو ایک ہی اُمّید رکھنے کے لیٔے بُلائے گیٔے تھے؛
5 ہمارا ایک ہی خُداوؔند، ایک ہی ایمان اَور ایک ہی پاک غُسل ہے؛
6 سَب کا خُدا ایک ہے، وُہی سَب کا باپ ہے، وُہی سَب کے اُوپر ہے، سَب کے درمیان اَور سَب کے اَندر ہے۔
7 لیکن ہم میں سے ہر ایک پر المسیح کی بخشش کے اَندازہ کے مُطابق فضل کیا گیا ہے۔
8 اِسی وجہ سے کِتاب مُقدّس کا فرمان ہے:
”جَب آپ آسمان پر چڑھے،
تو قَیدیوں کو اَپنے ساتھ لے گیٔے
اَور آپ نے لوگوں کو انعامات سے نوازا۔“
9 (اُس کے ”آسمان پر چڑھنے سے“ کیا مُراد ہے؟ یہی کہ وہ زمین کے نیچے کے علاقہ میں بھی اُترگئے تھے؟
10 اَور یہ جو نیچے اُترا وُہی ہے جو سَب آسمانوں سے بھی بُلند مقام پر چڑھا، تاکہ ساری کائِنات کو معموُر کرے۔)
11 چنانچہ المسیح نے خُود ہی بعض کو رسول، بعض کو نبی، بعض کو مُبشَّر اَور بعض کو جماعت کا پاسبان اَور بعض کو اُستاد مُقرّر کیا،
12 تاکہ خُدا کے مُقدّس لوگ خدمت کرنے کے لیٔے مُکمّل طور پر تربّیت پائیں، اَور المسیح کے بَدن کی ترقّی کا باعث ہوں
13 یہاں تک کہ ہم سَب کے سَب خُدا کے بیٹے کو پُورے طور پر جاننے اَور اُس پر ایمان رکھنے میں ایک ہو جایٔیں، اَور کامِل اِنسان بَن کر المسیح کے قد کے اَندازہ تک پہُنچ جایٔیں۔
14 تَب ہم آئندہ کو اَیسے بچّے نہ رہیں گے کہ ہمیں ہر غلط تعلیم کی تیز ہَوا، پانی کی لہروں کی طرح اِدھر اُدھر اُچھالتی رہے اَور ہم چال باز اَور مکّار لوگوں کے گُمراہ کر دینے والے منصُوبوں کا شِکار نہ بنتے رہیں۔
15 بَلکہ ہمیں مَحَبّت کے ساتھ حق پر قائِم رہنا ہے، اَور المسیح کے ساتھ پیوستہ ہوکر بڑھتے جاناہے کیونکہ وُہی سَر ہے یعنی المسیح۔
16 المسیح کی وجہ سے بَدن کے تمام اَعضا باہم پیوستہ ہیں، اَور بَدن اَپنے ہر جوڑ کی مدد سے قائِم رہتاہے، چنانچہ جَب ہر عُضو اَپنا اَپنا کام صحیح طور پر کرتا ہے تو سارا بَدن ترقّی کرتا، اَور مَحَبّت میں بڑھتا جاتا ہے۔
نئی اِنسانیّت
17 اِس لیٔے مَیں خُداوؔند کے نام کا واسطہ دے کر تُم سے کہتا ہُوں کہ آئندہ کو غَیریہُودیوں کی مانِند جو اَپنے بےہوُدہ گواہی کے خیالات کے مُطابق چلتے ہیں، زندگی نہ گزارنا۔
18 اُن کی عقل تاریک ہو گئی ہے اَور وہ اَپنی سخت دِلی کے باعث جہالت میں گِرفتار ہیں، اَور خُدا کی دی ہُوئی زندگی میں اُن کا کویٔی حِصّہ نہیں۔
19 تمام حساسیت کو کھونے کے بعد، اُنہُوں نے اَپنے آپ کو شہوت پرستی کے حوالہ کر دیا ہے، اَور وہ ہر طرح کے ناپاک کام بڑے شوق سے کرتے ہیں۔
20 لیکن، تُم نے المسیح کی اَیسی تعلیم نہیں پائی
21 تُم نے تو المسیح کے بارے میں سُنا ہے اَور ایمان لاکر حق کی تعلیم پائی ہے، جو خُداوؔند یِسوعؔ میں ہے،
22 کہ اَپنی پُرانی فطرت کو اُس کی بُری عادتوں سمیت اُتار ڈالو جو بُری خواہشوں کے فریب میں آکر بگڑتی چلی جا رہی ہے؛
23 اِس لئے تمہارے دِل و دماغ رُوحانی ہو جانے سے تُم نئے اِنسان بنتے چلے جاؤ؛
24 تُم نئی اِنسانیّت کو پہن لو، جو خُدا کے مُطابق خُدا کی سچّائی کے اثر سے راستبازی اَور پاکیزگی کی حالت میں پیدا کی گئی ہے۔
25 پس جھُوٹ بولنا چھوڑکر ہر شخص اَپنے پڑوسی سے سچ بولے، کیونکہ ہم سَب ایک ہی بَدن کے اَعضا ہیں۔
26 ”غُصّہ تو کرو مگر تُم گُناہ سے باز رہو،“ اَور تمہارا غُصّہ سُورج کے ڈُوبنے تک باقی نہیں رہنا چاہیے،
27 اِبلیس کو فائدہ اُٹھانے کا موقع مت دو۔
28 چوری کرنے والا آئندہ چوری نہ کرے، بَلکہ کویٔی اَچھّا پیشہ اِختیار کرکے اَپنے ہاتھوں سے محنت کرے، تاکہ مُحتاجوں کی مدد کرنے کے لیٔے اُس کے پاس کچھ ہو۔
29 تمہارے مُنہ سے کویٔی بُری بات نہ نکلے، بَلکہ اَچھّی بات ہی نکلے جو ضروُرت کے مُوافق ترقّی کا باعث ہو، تاکہ سُننے والوں پر فضل ہو۔
30 خُدا کے پاک رُوح کو رنجیدہ مت کرو، کیونکہ خُدا نے تُم پر مُہر لگائی ہے کہ تُم اِنصاف کے دِن مخلصی پا سکو۔
31 ہر قِسم کا کینہ، قہر، غُصّہ، تکرار اَور کُفر، ساری دُشمنی سمیت اَپنے سے دُور کر دو۔
32 اَور ہر ایک کے ساتھ مہربانی اَور نرم دِلی سے پیش آؤ، جِس طرح خُدا نے المسیح میں تمہارے قُصُور مُعاف کیٔے ہیں، تُم بھی ایک دُوسرے کے قُصُور مُعاف کر دیا کرو۔